• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کانگریس آج سے ریاست گیر ’جوتے مارو‘ مہم چلائیگی

Updated: September 02, 2024, 12:21 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمہ معاملے کی مذمت میں کانگریس کے ریاستی صدر کا اعلان، مہا یوتی کے لیڈر پنڈت نہرو کے خلاف ’ فیک نیریٹیو‘ پھیلا رہے ہیں: نانا پٹولے،جو مغل نہ کر سکے وہ بی جے پی کے بے ایمان لیڈروںنے کر دیا: پون کھیڑا۔

Pawan Khera, Nana Patole, Shahu Maharaj, Arif Naseem Khan and others can be seen at the press conference. Photo: INN
پریس کانفرنس میں پون کھیڑا، نانا پٹولے، شاہو مہاراج، عارف نسیم خان اور دیگر دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

چھتر پتی شیواجی مہاراج کے مجسمہ معاملے کی مذمت میں اتوار کو ممبئی میں مہا وکاس اگھاڑی کی جانب سے مہا یوتی سرکار کے خلاف جوتے چپل مارو احتجاج کیاگیا۔ اس مذمتی سلسلے کو دراز کرتے ہوئےکانگریس نے پیر سے مہاراشٹر بھرمیں جوتے مارو مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے اتوار کو گاندھی بھون (قلابہ)میں منعقدہ پریس میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور بی جے پی کے لیڈروں کو پنڈت نہرو کے نام پر جھوٹ بات(فیک نیریٹیو )نہیں پھیلانا چاہئے۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس کے رکن پارلیمان چھترپتی شاہو مہاراج، آل انڈیا کانگریس کمیٹی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا، سی ڈبلیو سی کے رکن اور ریاستی کارگزارصدر محمد عارف نسیم خان، ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈے، دیانند چورگے، ترجمان گوپال تیواری اور دیگر موجود تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے:مغربی بنگال میں ڈاکٹروں کی ہڑتال اورعلاج نہ ہونے سے سات اموات ہوئیں: حکام

’’جھوٹ پھیلانا تو بی جے پی کے ڈی این اے میں ہے...‘‘
 نانا پٹولے نے کہا کہ’’ چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کرکے بی جے پی حکومت نے مہاراشٹر کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچایا ہے، اس لئے اسکے خلاف جوتے مارو آندولن اتوار کو کیا گیا۔ شیواجی مخالف حکومت نے ہمیں احتجاج کی اجازت دینے سے انکارکر دیا تھا۔ اب دیویندر فرنویس اور بی جے پی یہ ’فیک نیریٹیو‘ پھیلا رہے ہیں کہ کانگریس نے مہاراج کی توہین کی تھی۔ جھوٹ پھیلانا تو بی جے پی کے ڈی این اے میں شامل ہے۔ ‘‘ نانا پٹولے نے مزید کہا کہ `چھترپتی شیواجی مہاراج نہ صرف مہاراشٹر کا بلکہ پورے ملک کا وقار ہیں۔ اب دیویندر فرنویس پنڈت نہرو کا نام لے کر غلط باتیں پھیلا رہے ہیں۔ ایسا نہیں لگتا کہ فرنویس نے نہرو کی کتاب پوری طرح پڑھی ہے، وہ جزوی معلومات کی بنیاد پر بول رہے ہیں۔ بی جے پی کی حکمت عملی ہے کہ جھوٹ بولو اور بار بار بولو۔ انہوں نے سوالات قائم کئے کہ مجسمہ کا کام کرنیوالے آپٹے کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ وہ کہاں   ہے؟ فرنویس نے ابھی تک معافی کیوں نہیں مانگی؟ 

یہ بھی پڑھئے:حریت لیڈر سید سلیم گیلانی پی ڈی پی میں شامل

وزیراعظم کی دھمکی آمیز معافی عوام کو قبول نہیں :پون کھیڑا
 آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا بھی مہا یوتی حکومت کے خلاف احتجاج کیلئےممبئی آئے ۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے گرنے سے نہ صرف مہاراشٹر بلکہ پورے ملک کے عوام کے دلوں میں شدید غصہ ہے۔ نہ صرف مجسمہ گرا ہے بلکہ لوگوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے۔ جو مغل نہ کر سکے وہ کام بی جے پی کے بے ایمان لیڈروں نے کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دھمکی آمیز لہجے میں معافی مانگی ہے جس ریاست اور ملک کے عوام کو قبول نہیں۔ بی جے پی شیواجی مہاراج کی غدار ہے اور انہوں نے مہاراشٹرکی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ شیواجی مہاراج کی عظمت کے ساتھ کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پون کھیڑا نے یہ بھی کہا کہاکہ لگتا ہے کہ دیویندر فرنویس نے پنڈت نہرو کی کتاب ’ڈسکوری آف انڈیا ‘کو پوری طرح نہیں پڑھا ہے۔ 
 ’’صحیح مورخین کی لکھی ہوئی تاریخ کو پڑھنا چاہیے۔ ‘‘
 اس موقع پر ایم پی چھترپتی شاہو مہاراج نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کا گرانا سیاست سے اوپر ہے، اس واقعہ سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ شاہو مہاراج نے کہا کہ ’’سب جانتے ہیں کہ۱۹؍ویں صدی میں تاریخ کون لکھ رہا تھا۔ ‘‘ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ’’ صحیح مورخین کی لکھی ہوئی تاریخ کو پڑھنا چاہیے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK