• Thu, 13 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرپشن پرسیپشن انڈیکس ۲۰۲۴ء: ۱۸۰ ممالک میں ہندوستان ۹۶ ویں مقام پر، ۳ پائیدان نیچے کھسک گیا

Updated: February 12, 2025, 9:33 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ بدعنوانی ماحولیاتی کارروائی کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے اور کاربن اخراج کو کم کرنے اور عالمی حرارت کے ناگزیر اثرات کے خلاف پیش رفت میں بڑی رکاوٹ ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

منگل کو جاری کردہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان نے ۲۰۲۴ء کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی) میں ۱۸۰ ممالک کے درمیان ۹۶ واں مقام حاصل کیا۔ ہندوستان کا مجموعی اسکور ۳۸ پوائنٹس رہا۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس میں ایک پوائنٹ کی کمی آئی ہے۔ کرپشن پرسیپشن انڈیکس، ماہرین اور کاروباری افراد کے مطابق عوامی سیکٹر کی بدعنوانی کی سطح کے لحاظ سے ۱۸۰ ممالک اور خطوں کی درجہ بندی کرتا ہے۔ اس میں صفر سے ۱۰۰ کے پیمانے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ صفر نہایت بدعنوانی جبکہ ۱۰۰ بدعنوانی کی عدم موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اورنگ آباد میں ۴؍ ہزار سرکاری ملازمین کے راشن کارڈ منسوخ

پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، ۲۰۲۴ء کے انڈیکس میں ہندوستان کا مجموعی اسکور ۳۸ تھا۔ جبکہ ۲۰۲۳ء میں ہندوستان نے ۳۹ پوائنٹس اور ۲۰۲۲ء میں ۴۰ پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ ۲۰۲۳ء میں ہندوستان ۹۳ ویں مقام پر تھا۔ ہندوستان کے پڑوسی ممالک کی درجہِ بندی پر نظر دوڑائی جائے تو انڈیکس میں پاکستان کو ۱۳۵ ویں مقام پر رکھا گیا ہے جبکہ سری لنکا نے ۱۲۱ واں مقام حاصل کیا۔ بنگلہ دیش اس درجہ بندی میں مزید نیچے جا کر ۱۴۹ ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ چین اس فہرست میں ۷۶ ویں مقام پر ہے۔ سب سے کم بدعنوان ممالک کی فہرست میں ڈنمارک سر فہرست ہے۔ اس کے بعد فن لینڈ اور سنگاپور ہیں۔

انڈیکس کے مطابق، ۲۰۱۲ء کے بعد ۳۲ ممالک اپنی بدعنوانی کی سطح میں نمایاں کمی لانے میں کامیاب رہے ہیں۔ لیکن اس سمت مزید کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس عرصہ میں ۱۴۸ ممالک جمود کا شکار رہے یا وہاں کے حالات بدتر ہوگئے۔ انڈیکس میں ۴۳ پوائنٹس کی عالمی اوسط کئی برسوں سے برقرار ہے۔ دو تہائی سے زیادہ ممالک نے ۵۰ سے کم پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ دنیا میں اربوں افراد ایسے ممالک میں رہتے ہیں جہاں بدعنوانی زندگیوں کو تباہ کر ڈالتی ہے اور انسانی حقوق کو نقصان پہنچاتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ اور سوڈان میں بھکمری جبکہ ۴۸۹؍ملین ڈالر کی امریکی امدادی خوراک سڑنے کے قریب

سی پی آئی ۲۰۲۴ء بتاتی ہے کہ دنیا کے ہر حصے میں بدعنوانی ایک خطرناک مسئلہ ہےںلیکن کئی ممالک میں بہتری کی سمت تبدیلی رونما ہو رہی ہے۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بدعنوانی ماحولیاتی کارروائی کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے اور کاربن اخراج کو کم کرنے اور عالمی حرارت کے ناگزیر اثرات کے خلاف پیش رفت میں بڑی رکاوٹ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK