• Thu, 27 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غیر یقینی اقتصادی صورتحال کے درمیان ہندوستان کے چھوٹے شہروں میں کرپٹو ٹریڈنگ میں تیزی

Updated: February 25, 2025, 10:02 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

نومبر میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی کامیابی کے بعد کرپٹو اثاثوں کی مقبولیت اور قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جنہوں نے کرپٹو اثاثوں کیلئے ایک کمزور ریگولیٹری نظام کا وعدہ کیا تھا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ٹیلیگراف کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ہندوستان کے چھوٹے اور دوسرے تیسرے ٹیئر کے شہروں میں کرپٹو ٹریڈنگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کرپٹو کے نئے شائقین کی وجہ سے بٹ کوائن، ایتھرئم، ڈوج کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیوں کے مجموعی تجارتی حجم میں ہر سہ ماہی دو گنا اضافہ دیکھنے ملا ہے۔ کئی نوجوان ہندوستانی، کرپٹو ٹریڈنگ میں ہاتھ آزما رہے ہیں تاکہ دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اپنی عام آمدنی میں اضافہ کر سکیں۔ عالمی سطح پر نمایاں اقتصادی ترقی کے باوجود، ملک میں ملازمتوں اور تنخواہوں میں ناقابل ذکر اضافہ نے ملک کی نوجوان آبادی کو آمدنی کے نئے ذرائع آزمانے پر مجبور کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کے ترقی یافتہ مستقبل میں`ٹیکسٹائل، ٹورزم اور ٹیکنالوجی بڑا کردار ادا کریں گے: مودی

حکومت کی ایک رپورٹ کے مطابق، ملک کی ۱۴۰ کروڑ کی آبادی میں تقریباً ۲ تہائی افراد ۳۵ سال سے کم عمر ہیں۔ ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق، نوجوان ہندوستانیوں نے پہلے اسٹاک آپشنز میں دلچسپی دکھائی لیکن اب وہ کرپٹو کرنسیوں کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں کیونکہ ہندوستانی قانونی نظام نے اِکویٹی ڈیریویٹیوز کی تجارت کو مشکل بنا دیا ہے۔ نومبر میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی کامیابی کے بعد کرپٹو اثاثوں کی مقبولیت اور قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جنہوں نے کرپٹو اثاثوں کیلئے ایک کمزور ریگولیٹری نظام کا وعدہ کیا تھا۔ نوجوانوں کی دلچسپی کے تناظر میں ملک کے بڑے اور چھوٹے شہریوں میں کرپٹو ٹریڈنگ سکھانے کا وعدہ کرنے والے کلاسیز کھل چکے ہیں۔ 

ایک ہندوستانی کرپٹو ایکسچینج مدریکس Mudrex کے شریک بانی ایڈول پٹیل نے بتایا کہ کرپٹو ٹریڈنگ کے متعلق زمینی سطح پر تجسس بہت زیادہ ہے۔ خاص طور پر ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد اس میں اضافہ ہوا ہے۔ کنسلٹنگ فرم گرانٹ تھورنٹن بھارت کے پارٹنر کش وادھوا کہتے ہیں کہ ہندوستان کی کرپٹو مارکیٹ کی قدر کے ۲۰۳۵ء میں مجموعی طور پر ۱۵ بلین ڈالر سے متجاوز کر جانے کی توقع کی جارہی ہے جو گزشتہ سال ۵ء۲ بلین ڈالر کی مارکیٹ ویلیو کے حساب سے ۵ء۱۸ فیصد کی جامع سالانہ شرح نمو ہے۔ ہندوستان کے سب سے بڑے کرپٹو پلیٹ فارمز میں سے ایک، کوائن سوئچ CoinSwitch کے مطابق، ۲۰۲۴ء میں ہندوستان میں کرپٹو سرگرمی کو آگے بڑھانے والے سرفہرست ۱۰ مراکز میں ۷ نسبتاً چھوٹے شہر جیسے جے پور، لکھنؤ اور پونے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ہر شعبے میں بہترین قیادت کی ضرورت ہے: مودی

کرپٹو کی بڑھتی مقبولیت ہندوستانی حکام کیلئے چیلنج بن سکتی ہے جو بھاری ٹیکس لگا کر کرپٹو کرنسیوں کی تجارت کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ہندوستان میں کرپٹو کرنسیوں کی قانونی نگرانی کسے سونپی گئی ہے۔ ہندوستان کرپٹو ٹریڈنگ میں منافع پر ۳۰ فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے جو عالمی سطح پر سخت ترین ٹیکس میں سے ایک ہے۔ جی۔۲۰ ممالک کے برعکس، ہندوستان نے کرپٹو کرنسی کی تجارت کیلئے نئے اصول متعارف کروائے ہیں اور نہ ہی اسے موجودہ سیکیورٹیز قوانین کے تحت درج کیا ہے۔ کرپٹو ٹریڈنگ پر صریحاً پابندی بھی نہیں ہے، اگرچہ مرکزی بینک آر بی آئی نے اس کے خلاف انتباہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ہندوستان کی مرکزی وزارت خزانہ، آر بی آئی اور مارکیٹ ریگولیٹر سیبی نے تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK