• Fri, 31 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

حکومت پر دبائو، دھننجے منڈے کے استعفے کا مطالبہ

Updated: January 29, 2025, 5:46 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سماجی کارکن انجلی دمانیا کی اجیت پوار سے ملاقات، منڈے کے خلاف ثبوت پیش کئے ، اجیت پوار نے وہ ثبوت وزیر اعلیٰ کو دکھائے، فرنویس نے جانچ تک رکنے کیلئے کہا

Dhananjay Munde is in trouble because of Valmik Credit and Ajit Pawar is in trouble because of Munde: File photo
والمیک کراڈ کے سبب دھننجے منڈے اور منڈے کے سبب اجیت پوار مشکل میں ہیں: فائل فوٹو

 پیر کی دیر شام سیاسی حلقوں میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب ایک طویل عرصے سے اجیت پوار گروپ کو نشانہ بنانے والی سماجی کارکن انجلی دمانیا اچانک نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کرنے ان کے گھر پہنچیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے والمیک کراڈ اور وزیر خوراک دھننجے منڈے کے خلاف پختہ ثبوت اجیت پوار کے حوالے کئے ہیں اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دھننجے منڈے کو کابینہ سے نکال باہر کریں ۔ اجیت پوار نے اس تعلق سے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے گفتگو کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ 
یاد رہے کہ انجلی دمانیا گزشتہ چند سال سے این سی پی اور اس کے لیڈران پر تنقیدیں کر رہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ این سی پی کا ایک گروپ ٹو ٹ کر بی جے پی سے ہاتھ ملا لے گا جو کہ درست ثابت ہوا۔ اس کے بعد پونے میں ایک نابالغ رئیس زادے کی کار سے ۲؍ نوجوانوں کی ہلاکت کے وقت بھی انہوں نے اجیت پوار پر الزام لگایا تھا۔ حال ہی میں بیڑ ضلع کے مساجوگ گائوں کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کا قتل ہوا تو اس کے خلاف ریاستی سطح پر انجلی دمانیا ہی نے آواز اٹھائی اور اس میں این سی پی لیڈر اور وزیر خوراک دھننجے منڈے کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا۔ وہ اجیت پوار اور ان کی پارٹی کی کٹر مخالف سمجھی جاتی ہیں لہٰذا اس بات پر ہر کوئی حیران رہ گیا کہ انجلی دمانیا اجیت پوار سے ملنے گئی ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد انجلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا’’ میری اجیت پوار سے ۲۵؍ تا ۳۰؍ منٹ گفتگو ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیڑ میں جو واقعہ پیش آیا ہے وہ انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے۔ میں اس واقعے کا کسی بھی طرح سے دفاع نہیں کر سکتا۔ ‘‘ انجلی دمانیا کے مطابق ’’ میں نے اجیت پوار کے سامنے کچھ ثبوت پیش کئے ہیں کہ کیسے دھننجے منڈے، راج شری منڈے ( دھننجے کی اہلیہ) اور والمیک کراڈ کے مشترکہ کاروبار ہیں ۔ کیسے ان کی کمپنیوں سے دھننجے مندے کو منافع میں حصہ ملتا ہے ۔ میں نے یہ سب اجیت پوار کو بتایا ہے۔ ‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: پریاگ راج میں بھگدڑ مچنے کی وجہ سے ۱۵؍ افراد کی موت، دیگر زخمی

انجلی دمانیا کا کہنا ہے کہ ’’ میں نے اجیت پوار کو یہ بھی بتایا کہ دھننجے منڈے کو کیسے مہاجنوں سے بھی منافع حاصل ہوتا ہے۔ بیڑ میں جاری ان کی دہشت سے متعلق تصویریں اور ویڈیو بھی انہیں دکھائے۔ ‘‘ انجلی دمانیا سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا دھننجے منڈے کے استعفے کے تعلق سے بھی کوئی بات ہوئی تو انہوں  نے بتایا کہ ’’ میں نے اجیت پوار سے کہا ہے کہ دھننجے منڈے کا استعفیٰ ہر قیمت پر لیا جانا چاہئے۔ وہ بھی فوری طور پر۔ ‘‘ خاتون سوشل ورکر کے مطابق اجیت پوار نے وہ سارے ثبوت اور کاغذات اپنے پاس رکھ لئے اور یقین دہانی کروائی کہ کل ( منگل کو) وہ وزیر اعلیٰ فرنویس سے دوپہر ۱۲؍ بجے ملاقات کرنے والے ہیں۔ اسی دوران وہ وزیر اعلیٰ کے سامنے یہ سارے ثبوت پیش کریں گے اور یہ گزارش کریں گے کہ اس معاملے میں جو بھی مناسب اقدام ہو وہ کریں۔ البتہ انہوں نے یہ انتباہ بھی دیا کہ اگر منڈے کا استعفیٰ نہیں لیا گیا تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گی۔ 
 ’’استعفے پر میں کچھ نہیںا  کہوں گا‘‘ 
 تو کیا اجیت پوار واقعی دیویندر فرنویس سے گزارش کریں گے کہ وہ دھننجے منڈے سے استعفیٰ لیں ؟ اس تعلق سے میڈیا نے خود دھننجے منڈے سے بھی سوال کیا۔ منترالیہ میں کابینہ میٹنگ کے بعد جب منڈے نے میڈیا سے بات کی تو ان کی توجہ انجلی دمانیا اور اجیت پوار کی ملاقات کی جانب دلائی گئی اور ان کے استعفے کے تعلق سے بھی پوچھا گیا۔ منڈے نے کہا کہ ’’ میں استعفے کے تعلق سے کچھ بھی نہیں کہوں گا۔ انجلی دمانیا نے اجیت پوار سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے اجیت پوار کو کچھ ثبوت بھی دیئے ہیں۔ اجیت پوار، دیویندر فرنویس سے ملاقات بھی کرنے والے ہیں۔ اب اس تعلق سے جو کچھ بھی کہنا ہے وہ اجیت پوار اور دیویندر فرنویس ہی کہیں گے۔ اور میری یہ خواہش ہے کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ اس معاملے میں بیان دیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: بہار کے اسمبلی انتخابات سے قبل کئی اہم لیڈران کانگریس میں شامل

تحقیقات کے مطابق کارروائی ہوگی 
بالآخر فرنویس سے ملاقات کے بعد اجیت پوار نے بھی میڈیا سے بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ انجلی دمانیا نے کل (پیرکو) مجھ سے ملاقات کی تھی اور کچھ کاغذات پیش کئے تھے۔ میں نے وہ کاغذات وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو دکھائے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’’ بیڑ میں ایس آئی ٹی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اگر کوئی مزید ثبوت پیش کرتاہے تو ان ثبوتوں کو بھی تحقیقات میں شامل کرنا چاہئے۔ تحقیقات میں جو کچھ سامنے آئے گا، اس اعتبار سے آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ ‘‘ اجیت پوار کے بیان سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ فی الحال دھننجے منڈے کا استعفیٰ نہیں لیا جائے گا۔ البتہ سماجی اور سیاسی سطح پر استعفے کا دبائو بڑھتا جا رہا ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK