• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ: گوتم اڈانی پر ۲۵۰؍ ملین ڈالر کےفراڈ اور رشوت کے معاملے میں فرد جرم عائد

Updated: November 21, 2024, 2:24 PM IST | New York

امریکی پراسیکیوٹرز نے گوتم اڈانی، ساگر اڈانی اور دیگر پر ہندوستانی حکام کو رشوت دینے، مالی بدعنوانی اور امریکی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان تمام پر الزام ہے کہ ہندوستانی حکومت سے شمسی توانائی کے ٹھیکے حاصل کرنے کیلئے۲۵۰؍ملین ڈالر (تقریباً دو ہزار کروڑ روپے) رشوت دی۔

Gautam Adani. Photo: INN.
گوتم اڈانی۔ تصویر: آئی این این۔

گوتم اڈانی، ان کے بھتیجے ساگر اڈانی اور دیگر پر امریکی پراسیکیوٹرز نے ہندوستانی سرکاری اہلکاروں کو رشوت دینے اور سرمایہ کاروں کو گمراہ کرنے کے الزامات عائد کئے ہیں۔ امریکی شہر بروکلین، نیویارک میں درج مقدمے میں اڈانی اور ان کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ہندوستانی حکومت سے شمسی توانائی کے ٹھیکے حاصل کرنے کیلئے دو سو پچاس ملین ڈالر (تقریباً دو ہزار کروڑ روپے) رشوت دی۔اڈانی گروپ پر پہلے بھی امریکی شارٹ سیلر ہنڈن برگ ریسرچ کی جانب سے ٹیکس چوری کرنے کا الزام لگایا گیا تھا، جس کی کمپنی نے تردید کی ہے۔امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق اڈانی گروپ نے ۳؍ بلین ڈالر کے قرضے اور بانڈز حاصل کرنے کیلئے اپنی بدعنوانی کو چھپایا۔ کیس کی تفصیلات میں کہا گیا کہ ملزمان نے امریکی سرمایہ کاروں کو جھوٹے دعوؤں کے ذریعے راغب کیا اور رشوت کی ادائیگی کو پوشیدہ رکھا۔ نیویارک کے بروکلین میں پراسیکیوٹرز نے بدھ کو الزام عائد کیا کہ اڈانی اور دیگر ملزمان نے امریکی سرمایہ کاروں سے فنڈز اکٹھا کرنے کے منصوبے کے بارے میں جھوٹ بولا۔ پانچ نکاتی فرد جرم میں ساگر آر اڈانی، وینیت ایس جین اور دیگر افراد، جو امریکہ، سنگاپور اور ہندوستان میں مقیم ہیں، ایک آسٹریلوی شہری اور آندھرا پردیش کے ایک سرکاری اہلکار، جن کی عدالتی دستاویزات میں ’فارن آفیشل ون ‘ کے طور پر شناخت کی گئی ہے، پر امریکی وفاقی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سوڈان: ہیضہ کی وباء میں اضافہ، ۳۲۸؍ نئے معاملات، ایک ہزار سے زائد اموات

ایسٹ ڈسٹرکٹ آف نیویارک کے امریکی اٹارنی بریون پیس نے بیان میں کہا، ’’ملزمان نے ہندوستانی سرکاری حکام کو رشوت دینے کیلئے ایک پیچیدہ منصوبہ تیار کیا تاکہ اربوں ڈالر کے معاہدے حاصل کئےجا سکیں۔‘‘ بلومبرگ کے مطابق، امریکی حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے تھے کہ آیا اڈانی گروپ نے رشوت دی اور کمپنی کے ارب پتی بانی کے طرزِ عمل میں بھی بدعنوانی شامل تھی۔ ملزمان نے انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے الیکٹرانک شواہد مٹا دیئے اور جسٹس ڈپارٹمنٹ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) اور ایف بی آئی کے نمائندوں سے جھوٹ بولا۔ بدھ کو  ایس ای سی نے ایک علیحدہ دیوانی مقدمہ بھی دائر کیا۔پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ اڈانی خاندان اور اڈانی گرین انرجی کے سابق سی ای او وینیت جین نے قرضوں اور بانڈز کی شکل میں۳؍ بلین ڈالر سے زیادہ رقم اکٹھا کی جبکہ اپنی بدعنوانی کو قرض دہندگان اور سرمایہ کاروں سے چھپایا۔فرد جرم کے مطابق، کچھ سازشی افراد نے نجی طور پر گوتم اڈانی کیلئے ’نومرو اونو‘ اور ’بِگ مین‘ جیسے کوڈ نام استعمال کئے، جبکہ ساگر اڈانی مبینہ طور پر اپنے موبائل فون کے ذریعے رشوت سے متعلق تفصیلات کا پتہ لگاتے رہے۔

یہ بھی پڑھئے: پاکستانی عوام نے دہشت گردی سے بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے: میتھیوملر

کیس اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ اور ایک دوسری کمپنی کے درمیان۱۲؍ گیگا واٹ شمسی توانائی ہندوستانی حکومت کو فروخت کرنے کے معاہدے کے گرد گھومتا ہے۔ امریکی فرد جرم کے مطابق، انہوں نے وال اسٹریٹ کے سرمایہ کاروں کو کئی ارب ڈالر کے اس منصوبے میں شامل کرنے کیلئے جھوٹے ریکارڈز بنائے، جبکہ  ہندوستان میں حکومتی عہدیداروں کو۲۶؍ کروڑ۵۰؍لاکھ ڈالر کی رشوت دی یا دینے کا منصوبہ بنایا۔اسی دوران، ایک دیگر دیوانی کارروائی میں امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے اڈانی اور دو دیگر ملزمان پر امریکی سیکیورٹیز قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔ ریگولیٹر مالی جرمانے اور دیگر پابندیوں کا مطالبہ کر رہا ہے۔ ایس ای سی کے انفورسمنٹ ڈویژن کے قائم مقام ڈائریکٹر سنجے وادھوا نے اے پی کو بتایا کہ گوتم اور ساگر اڈانی پر الزام ہے کہ انہوں نے سرمایہ کاروں کو یہ یقین دلا کر اپنی کمپنی کے بانڈ خریدنے پر آمادہ کیا کہ نہ صرف اڈانی گرین کے پاس ایک مضبوط اینٹی برائبری کمپلائنس پروگرام موجود تھا بلکہ کمپنی کی اعلیٰ انتظامیہ نے کبھی رشوت دینے کا وعدہ نہیں کیا اور نہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK