سرکاری اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی آبادی، ایک لاکھ ۶۰ ہزار کی کمی کے بعد ۲۱ لاکھ رہ گئی ہے۔
EPAPER
Updated: January 01, 2025, 7:03 PM IST | Inquilab News Network | Gaza
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی آبادی، ایک لاکھ ۶۰ ہزار کی کمی کے بعد ۲۱ لاکھ رہ گئی ہے۔
گزشتہ ۱۴ ماہ سے زائد عرصہ سے غزہ پٹی میں جاری اسرائیل کی نسل کشی پر مبنی جنگ کے نتیجہ میں غزہ کی آبادی میں ۶ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ منگل کو ظاہر کئے گئے سرکاری اعداد و شمار میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے۔ فلسطینی سینٹرل بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی سی بی ایس) کے سربراہ اولیٰ عواد نے کہا کہ علاقہ کی آبادی میں ۲۰۲۳ء کے مقابلے سے ایک لاکھ ۶۰ ہزار کی کمی آئی ہے جس کے بعد غزہ کی آبادی کم ہوکر ۲۱ لاکھ رہ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: بارش سے پناہ گزیں کیمپ کاحال ابتر،ہر طرف پانی
عواد نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں تقریباً ۴۵ ہزار ۵۰۰ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک تقریباً ایک لاکھ دیگر افراد غزہ پٹی سے فرار ہو گئے ہیں۔ عوام نے مزید کہا کہ متاثرین میں ۱۷ ہزار ۵۸۱ بچے اور ۱۲ ہزار ۴۸ خواتین شامل ہیں، جبکہ تقریباً اسرائیل کی وحشیانہ جنی کارروائیوں کے نتیجہ میں ایک لاکھ ۷ ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں اور 1۱ ہزار کے قریب افراد لاپتہ ہیں۔ پی سی بی ایس نے فلسطینی آبادی کا تخمینہ لگ بھگ ایک کروڑ ۵۰ لاکھ یا ۱۵ ملین لگایا ہے۔ فلسطینی سینٹرل بیورو کے مطابق، تقریباً ۵۵ لاکھ افراد غزہ اور مغربی کنارے میں اور ۱۸ لاکھ افراد اسرائیلی علاقوں میں آباد ہیں جبکہ بقیہ فلسطینی دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: ۸؍ سالہ آدم فرح اللہ، ۲۰۲۵ء میں اسرائیلی جارحیت میں ہلاک ہونے والا پہلا بچہ
واضح رہے کہ ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو حماس کے حملے کے بعد غزہ میں اسرائیلی فوج کی جنگی کارروائیوں کا آغاز ہوا تھا جو تاحال جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے باوجود اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی پر مبنی جنگی کارروائیوں سے باز نہیں آرہا ہے۔ اسرائیل، غزہ پٹی میں اپنی جنگ کے لئے عالمی عدالت انصاف میں نسل کشی کے مقدمے کا بھی سامنا کررہا ہے۔ نومبر میں، بین الاقوامی فوجداری عدالت نے غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے تھے۔