اسرائیلی یرغمالوں نے رہائی کے بعد حماس کےالقسام بریگیڈز کےحسن سلوک کی تعریف کی اور اسرائیلی حکومت پر شدید تنقید کی۔
EPAPER
Updated: February 09, 2025, 10:20 AM IST | Gaza
اسرائیلی یرغمالوں نے رہائی کے بعد حماس کےالقسام بریگیڈز کےحسن سلوک کی تعریف کی اور اسرائیلی حکومت پر شدید تنقید کی۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے پانچویں مرحلے میں حماس نے۳؍ اسرائیلی یرغمالوں کو رہا کردیا ہے۔عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے رہا کئے گئے۳؍ اسرائیلی یرغمالوں میں اوہد بن امی، ایلی شارابی اور لیوی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حماس نے ان ۳؍اسرائیلی مغویوں کو۱۸۳؍ فلسطینی قیدیوں کے بدلے رہا کیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے۱۸؍ ایسے قیدیوں کو رہا کیا ہے جو عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے جبکہ۵۴؍ قیدیوں کو طویل مدتی سزائیں دی گئی تھیں۔ علاوہ ازیں۱۱۱؍ قیدیوں کو غزہ پٹی سے۷؍ اکتوبر کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔ حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت اب تک۲۱؍ اسرائیلی یرغمالوں کو رہا کیا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہم اپنے ساحلی ہوٹل اور خطہ خود تعمیر کرلیں گے: غزہ کے باشندوں کا ٹرمپ کو پیغام
رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان۱۵؍ ماہ کی طویل جنگ کے بعد ۶؍ ہفتوں پر مشتمل غزہ جنگ بندی معاہدہ ہوا جس میں اسرائیلی افواج کا غزہ سے انخلاء، بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ میں واپسی نیز اسرائیلی یرغمالوں اور فلسطینیوں قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے۔ اسرائیلی یرغمالوں نے اپنی رہائی کے بعد حماس کےالقسام بریگیڈز کےحسن سلوک کی تعریف کی اور اسرائیلی حکومت پر شدید تنقید کی۔ ایک یرغمال نے کہا ،’’ میں القسام بریگیڈز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں ایک سال اور ۴؍ ماہ تک تحفظ فراہم کیا، کھانے پینے کا مکمل خیال رکھا اور ہماری زندگی کا احترام کیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: دہلی پر بھی بی جے پی قابض ،’آپ‘ کی شرمناک شکست
رہائی پانےوالےدوسرے یر غمال نے حکومت اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ،’’ اگر واقعی تمام یرغمالوں کی واپسی چاہتے ہو تو صرف ایک راستہ ہےکہ تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کرو۔ جنگ بندی کے معاہدے کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کو مکمل کرو ۔‘‘
اسی دوران رہا ئی پانے والے تیسرے اسرائیلی یر غمال نے اپنی حکومت پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ،’’ہماری حکومت ناکام ہو چکی ہے، میں مذاکرات کے حق میں ہوں، فوجی دباؤ کے نہیں ۔‘‘سنیچر کو رہائی پانے والے تینوں یرغمالوں نے جنگ کے فوری خاتمے اور معاہدے کے تمام مراحل کی تکمیل پر زور دیا۔