• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

گلوبل انٹرنیٹ آؤٹیج: آئی ٹی نظام ٹھپ پڑجانے سے کروڑوں افراد متاثر

Updated: July 19, 2024, 4:24 PM IST | New Delhi

آج عالمی سطح پر آئی ٹی نظام ٹھپ پڑجانے کی وجہ سے بینک، ایئرپورٹس، ٹی وی چینلز، اسپتال، ٹرینیں اور میڈیا ادارے بری طرح متاثر ہوئے۔ مسافروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پروازیں کئی گھنٹوں کیلئے معطل رہیں۔ مائیکروسافٹ نے کہا کہ اس کے نظام میں تکنیکی خرابی کے سبب یہ مسئلہ پیدا ہوا تھا۔ تاہم، اسے حل کرلیا گیا ہے۔

Passengers can be seen at Goa International Airport. Photo: PTI
گوا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

آج دنیا بھر میں آئی ٹی نظام ٹھپ پڑجانے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر کام کاج متاثر ہوا۔ اس دوران مائیکروسافٹ کا ونڈوز اچانک کریش ہوگیا جس کے سبب ٹی وی چینلز، اسپتال، ایئرپورٹس اور بینک اور میڈیا اداروں میں سب کچھ بند ہوگیا۔ یہ مسئلہ کئی گھنٹے رہا، اس کے بعد کمپنی نے بتایا کہ وہ اپنے مائیکروسافٹ ۳۶۵؍ ایپس میں کوئی تکنیکی مسئلہ ختم کرنے کی کوشش کررہی تھی جس کے سبب پوری دنیا میں ونڈوز کا نظام متاثر ہوا۔

یہ بھی پڑھئے: اتر پردیش بی جے پی میں اختلافات جگ ظاہر، موریہ کی حمایت میں اضافہ

 گلوبل آؤٹیج کے دوران مریض، ڈاکٹر کا اپائنمنٹ نہ لے سکے۔ کئی ممالک میں ریل نظام بند پڑگیا اور مسافروں کو زبردست دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مسئلے سے آسٹریلیا، نیوزی لینڈر، ہندوستان، جاپان اور برطانیہ بڑے پیمانے پر متاثر ہوئے۔ سائبر سیکوریٹی انجینئرز کے مطابق کراؤڈ اسٹرائک ، جو ایک اینٹی وائس سافٹ ویئر ہے اور مائیکروسافٹ سسٹم میں استعمال ہوتا ہے، میں خرابی کی نشاندہی کی تھی جس کی وجہ سے دنیا بھر میں کمپیوٹر کریش ہوئے۔ 

تکنیکی خرابی کے دوران لندن کے وکٹوریہ اسٹیشن پر مسافر دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

کیتھے پیسفک ایئرویز اور ہانگ کانگ ڈزنی لینڈ کا کہنا ہے کہ اس تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ان کا کام کاج بھی متاثر ہوا تھا۔ ہانک کانگ فلیگ شپ ایئرلائن نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ اس کی آن لائن فلائٹ بکنگ سروس فی الحال دستیاب نہیں ہے۔ متعدد ایئر لائن کمپنیوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہانک کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیلف سروس چیک اِن فی الحال دستیاب نہیں ہے۔ ایئرلائنس نے مسافروں کو تسلی دی کہ وہ اس مسئلے کو جلد حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس تکنیکی مسئلے سے دنیا بھر کے کاروبار اور ایئرلائنس متاثر ہوئے تھے۔ ۶؍ ملکی پروازوں کی آن لائن خدمات میں بھی مسائل پائے گئے جن میں انڈیگو، وستارا، ایئرانڈیا، اسپائس جیٹ، ایئرانڈیا ایکسپریس، اکاسا ایئر اور دیگر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: پیرو: ماشکو پیرو قبیلہ کو خطرہ، امیزون کے جنگلات میں دوسری جانب نکلنے کی کوشش

اس درمیان امریکہ کی فلائٹس جیسے فرنٹیر ایئرلائنس، سن کنٹری اور دیگر بھی تکنیکی خرابی کی وجہ سے متاثر ہوئی تھیں۔ دہلی کے اندراگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عالمی آئی ٹی کے مسئلے کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ پر متعدد خدمات عارضی طور پر متاثر ہوئی تھیں۔ ہم اپنے مسافروں کیلئے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے اپنے اسٹیک ہولڈرزکے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ مسافروں سے کہا گیا ہےکہ وہ پروازوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے ایئرلائنس کے ساتھ رابطے میں رہیں۔مسافروں کو ہونے والی اس پریشانی کیلئے ہمیں افسوس ہے۔

بلیو اسکرین آف ڈیتھ

کروڑوں ونڈوز صارفین کو بلیو اسکرین آف ڈیٹھ کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ان کے کمپیوٹر شٹ ڈاؤن اور ری اسٹارٹ ہو رہے تھے۔متعدد معاملات میں کمپیوٹربارہا  ری اسٹارٹ ہو رہے تھے جس کی وجہ سے صارفین نے اپنے غیر محفوظ ڈیٹا کھو دیئے تھے۔
اسکرین پر اس طرح کے پیغامات نظر آرہے تھے’’آپ کے پی سی میں مسئلہ ہے اور اسے ری اسٹارٹ کرنےکی ضرورت ہے۔ ہمیں کچھ تکنیکی خرابیاں موصول ہوئی ہیں اور اس کے بعد یہ آپ کیلئے ری اسٹارٹ ہوگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK