گوا کے وزیر سیاحت روہن کھاؤنٹے نے ساحلی ریاست گوا کو بدنام کرنے کا الزام لگایا ، کہا کہ وہ ایسے انفلوئنسرز کی سخت مذمت کرتے ہیں جو جھوٹ کا پرچار کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: January 03, 2025, 8:58 PM IST | Panji
گوا کے وزیر سیاحت روہن کھاؤنٹے نے ساحلی ریاست گوا کو بدنام کرنے کا الزام لگایا ، کہا کہ وہ ایسے انفلوئنسرز کی سخت مذمت کرتے ہیں جو جھوٹ کا پرچار کرتے ہیں۔
گوا کے وزیر سیاحت روہن کھاؤنٹے نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر انفلوئنسرز کو گوا کو ’’بدنام‘‘ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ ان میں سے کچھ کو ساحلی ریاست کی شبیہ کو خراب کرنے کے لئے ادائیگی کی گئی تھی۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، کھاؤنٹے نے کہا کہ، ’’وہ ایسے انفلوئنسرز کی سخت مذمت کرتے ہیں جو جھوٹ کی تشہیر کرتے ہیں تا کہ سیاحوں کی تعداد میں کمی آئے۔ میں اس بات سے بخوبی واقف ہوں کہ یہ حرکت انفلوئنسرز کی طرف سے گوا کو بدنام کرنے کیلئے کی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’جہاں تک اعداد و شمار کا تعلق ہے، ہم نے گزشتہ سال کے مقابلے گھریلو سیاحوں کے اعداد و شمار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ۲۰۲۵ء بھی سیاحت کیلئے اچھا ثابت ہو۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: حکومت لاعلم، ایس ٹی کارپوریشن نے مہنگے داموں بسیں کرایے پرلیں، فرنویس ناراض
کھاؤنٹے کے مطابق، ’’فائیو اور فور اسٹار ہوٹلوں میں رہائش کی شرح ۱۰۰؍ فیصد کے قریب ہے، اور نچلے زمرے کے ہوٹلوں میں، یہ ۶۰؍ سے ۶۵؍ فیصد ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ گوا کی خوبصورتی اور دیگر چیزوں کا موازنہ تھائی لینڈ سے نہیں کیا جا سکتا۔ ہم گوا میں تھائی لینڈ کا تجربہ نہیں کرنا چاہتے۔‘‘ ریاست کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عزم کرتے ہوئے، کھاونٹے نے کہا کہ ’’ہم نے پہلے ہی اپنی پی آر ٹیم کے ساتھ ایک منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، مکمل اعداد و شمار (سیاحوں کی تعداد) آنے کے بعد ہم مجموعی طور پر عمل درآمد کا منصوبہ لائیں گے۔ اور ان لوگوں کو بے نقاب کریں گے جنہوں نے گوا کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اڈانی رشوت معاملہ: امریکی عدالت کا تمام ۳؍ مقدمات کے مشترکہ ٹرائل کا حکم
یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ ٹیکسیوں، ہوٹل کے کرایوں یا کنیکٹیویٹی سے متعلق کچھ مسائل تھے جن کو حل کرنے کیلئے ریاستی حکومت کام کر رہی ہے، وزیر نے کہا کہ ’’نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں ہر سیاحتی مقام کو کچھ چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہم یہاں سیاحوں کی شکایات سننے اور حل کرنے کیلئے موجود ہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی کی طرف سے غلط پیغام نہ جائے۔ معمولی مسائل سے پریشان ہونے کے بجائے اہم مسائل کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کھاونٹے نے مزید کہا کہ کچھ ریستوراں کے مالکان نے انہیں بتایا کہ دوسری ریاستوں کے انفلوئنسرز سوشل میڈیا پر ایک خاص تاثر کو پھیلانے کیلئے ’’’مفت لنچ‘‘ یا ’’مفت قیام‘‘ کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے اپیل کی کہ گوا کے انفلوئنسرز گوا کی حقیقی تصویر پیش کریں۔
واضح رہے کہ نومبر ۲۰۲۴ء میں، گوا کا سیاحتی انفراسٹرکچر ایک وائرل سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد روشنی میں تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ غیر ملکی سیاحوں نے ریاست کو چھوڑ دیا ہے۔ اس پوسٹ کے بعد ردعمل کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔ کئی لوگوں نے گوا کی سیر کے اپنے منفی تجربات شیئر کئے، حتیٰ کہ کئی لوگوں نے گوا کا موازنہ سری لنکا، تھائی لینڈ اور ویتنام جیسے مقامات سے کیا۔ بعد ازاں گوا حکومت نے کسی ہندوستانی ریاست کا سری لنکا جیسے ملک سے موازنہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔