Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہارورڈ یونیورسٹی پر۹؍ ارب ڈالر کے وفاقی فنڈ منسوخ ہونے کا خطرہ

Updated: April 02, 2025, 1:26 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یہودی مخالف رویوں کا جائزہ لینے کا اعلان کردیا، جس کے سبب ہارورڈ یونیورسٹی پر۹؍ ارب ڈالر کے وفاقی فنڈ ضائع ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب کولمبیا یونیورسٹی نے ٹرمپ کے دباؤ میں آ کر فلسطین حامی مظاہرے کو کچلنے کیلئے اپنی پالیسیوں میں تبدیلیوں کا اعلان کیا۔

Harvard University - Photo: INN
ہارورڈ یونیورسٹی ۔ تصویر: آئی این این

امریکی حکومت نے کالج کیمپس میں یہودی مخالف رویوں کے خلاف کارروائی کے طور پر ہارورڈ یونیورسٹی کے وفاقی معاہدوں اور امداد کا جائزہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔تعلیم، صحت و انسانی خدمات اور جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن کے محکموں نے پیرکو ایک تحریری بیان میں کہا کہ ہارورڈ، اس کے ملحق اداروں اور وفاقی حکومت کے درمیان۲۵۵؍ اعشاریہ ۶؍ ملین ڈالر کے معاہدوں کے ساتھ ۸؍ اعشاریہ ۷؍ ارب ڈالر کی کثیرسالہ امداد کا جائزہ لیاجارہا ہے۔ تعلیم کی سیکرٹری لنڈا میک مہون نے ایک بیان میں کہاکہ ’’ہارورڈ کا کیمپس میں طلباء کو یہودی مخالف امتیاز سے بچانے میں ناکام ہونا, جبکہ آزادانہ تحقیق کے بجائے تقسیم کرنے والی نظریات کو فروغ دینے کے عمل نے اس کی ساکھ کو سنگین خطرے میں ڈال دیا ہے۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی معیارات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو معاہدوں کی منسوخی سمیت انتظامی کارروائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکیوں کی اکثریت، ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں سے خوش نہیں ہے: سروے میں انکشاف

ایچ ایچ ایس کے ایکٹنگ جنرل کونسل شان کیوینی نے ایک بیان میں کہاکہ ’’ٹاسک فورس یہودی مخالف رویوں کو جڑ سے ختم کرنے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ان کے اصل مقصد پر مرکوز کرنے کی کوششوں کو جاری رکھے گی۔‘‘ ٹاسک فورس کے رکن جوش گروین بام نے کہاکہ ’’اس انتظامیہ نے ثابت کیا ہے کہ اگر ادارے یہودی مخالف رویوں کو پنپنے دیں گے تو ہم جوابدہی کیلئے فوری کارروائی کریں گے۔ اگر ہارورڈ ایسا نہیں کرتا تو ہم کارروائی کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اٹلی کا آبادیاتی بحران مزید سنگین ہوگیاہے، قابو پانے میں حکومتیں ناکام: تازہ اعداد و شمار میں انکشاف

واضح رہے کہ ٹرمپ نے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ان یونیورسٹیوں کو نشانہ بنایا ہے جہاں  فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے، جس میں اسرائیل کے محصور غزہ میں قتل عام کی مذمت کی گئی تھی۔ ہارورڈ نے گزشتہ ہفتے فلسطین حامی آوازوں سے خود کو دور کرنے کی کوشش میں مڈل ایسٹرن اسٹڈیز سینٹر کے فیکلٹی لیڈروں کو برطرف کردیا۔ دریں اثناء یونیورسٹیوں کے علاوہ، ٹرمپ انتظامیہ فلسطین حامی طلباء کو بھی نشانہ بنا رہی ہے جو اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی جنگ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ان میں فلسطینی کارکن محمود خلیل، جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے ہندوستانی محقق بدر خان سوری ، کولمبیا یونیورسٹی کی فلسطین حامی طالبہ یونسیو چنگ،قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ  ٹفٹس یونیورسٹی کی پی ایچ ڈی کی طالبہ رمیزہ اوزترک کو اسرائیل پرتنقید کی وجہ سے دن دہاڑے امریکی حکام نے اغوا کر لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK