• Wed, 13 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہریانہ: بی جے پی کا ٹکٹ نہ ملنے پرساوتری جندال نےبحیثیت آزاد امیدوار پرچہ بھرا

Updated: September 12, 2024, 5:40 PM IST | Chandigarh

ہندوستان کی امیر ترین خاتون ساوتری جندال نے ہریانہ کے ہسارسے بی جے پی کا ٹکٹ نہ ملنے پر باغیانہ تیور دکھاتے ہوئے بحیثیت آزاد امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔انہوں نے اسے عوام کی خواہش کے احترام میں اٹھایا گیا قدم قرار دیا۔ ہسار حلقہ کی ان کے خاندان کے افراد نے دو دہائیوں سے نمائندگی کی ہے۔

Savitri Jindal.Photo: INN
ساوتی جندال۔ تصویر: آئی این این

ہریانہ کے ہسار سے بی جے پی کا ٹکٹ نہ ملنے پر ملک کی سب سے امیر خاتون کا خطاب حاصل کرنے والی ۷۴؍ سالہ ساوتری جندال نے باغیانہ تیور کا اظہار کرتے ہوئے آزاد امیدوار کے طور پرجمعرات کو اپناپرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ ان کے بیٹے نوین جندال کروکشیتر سے بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ہیں۔ حالیہ لوک سبھا انتخاب سے قبل ۲۴؍ مارچ کو انہوں نے کانگریس کو خیر باد کہہ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔اور بی جے پی نے انہیں کروکشیتر سے امیدوار نامزد کیا تھا۔اس کے چند دنوں بعد ساوتری جندال بھی کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو گئیں۔اس وقت انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ وہ ہسار سے اسمبلی انتخاب لڑیں گی۔ جہاں کئی دہائیوں سے ان کا خاندان نمائندگی کرتا رہا ہے۔ ساوتری کے شوہر اوم پرکاش جندال جو جندال گروپ کے بانی ہیں تین بار کانگریس کے ٹکٹ پر انتخاب میں فتح حاصل کی تھی۔اوم پرکاش کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں انتقال کے بعد ساوتری نے سیاست میں قدم رکھا اور کانگریس کی جانب سے تین بار رکن اسمبلی منتخب ہوئیں۔جبکہ ۲۰۱۴ء میں انہیں شکست ہوئی اور ۲۰۱۹ء انتخاب میں انہوں نے حصہ نہیں لیا۔

ئی بھی پڑھئے: ویتنام: طوفان یاگی کے سبب لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب، تقریباً ۲۰۰؍ افراد ہلاک

حالیہ لوک سبھا انتخاب میں انہوں نے اپنے بیٹے نوین جندال کیلئے انتخابی مہم میں حصہ لیا، ان کے مداحوں کو امید تھی کہ انہیں آئندہ اسمبلی انتخاب میں ہسار سے بی جے پی کا امیدوار نامزد کیا جائے گا لیکن پارٹی نے اس علاقے سے دو بار کے رکن اسمبلی کمل گپتا کو ترجیح دی۔ یہی سبب سے کہ ان کے گھر کے باہر ان کے حمایتی جمع ہو گئے اورانہیں اس جنگ میں کودنےپر قائل کیا۔اس کے بعد ساوتری جندال نے بیان دیا کہ ’’ میں گزشتہ ۲۰؍ سالوں سے عوام کی خدمت کر رہی ہوں، مجھے ایک موقع اور ملنا چاہئے کہ میں ادھورے کام مکمل کر سکوں ، یہ میرا آخری انتخاب ہوگا۔عوام کی خواہش کے مطابق میں نے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘  واضح رہے کہ کمل گپتا نے ہی ساوتری جندال کو ۲۰۱۴ء کے انتخاب میں شکست دی تھی، لیکن اس مرتبہ کمل گپتا کو سخت مقابلے کا سامنا ہوگا، کانگریس نے اس حلقے سےنسبتاً ہلکے امیدواررام نواس رارا کو ٹکٹ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں مگر مساوات و انصاف کی بنیاد پر: محمد یونس

ساوتری جندال او پی جندال گروپ کی سربراہ ہیں، فوربس جریدہ نے انہیں ہندوستان کی امیر ترین خاتون قرار دیا ہے۔ان کا کل سرمایہ ۵ء۳۹؍بلین ڈالر ہے۔اس کے علاوہ ہندوستان کے ۲۰۲۴ء کے دس ارب پتیوں کی فہرست میں ساوتری جندال واحد خاتون ہیں۔بلوم برگ کے مطابق ۲۰۲۳ء میں ساوتری نے کئی صنعت کاروں کو پیچھے چھوڑ کر معاشی معارکہ سر کیا۔ان کی پیدائش آسام کے تین سوکھیا میں ہوئی ، ۱۹۷۰ء میں ان کی شادی اوم پرکاش جندال سے ہوئی، ان کی اولادوں میں چار بیٹے اور پانچ بیٹیاں ہیں۔ہریانہ اسمبلی کی ویب سائٹ پر انہوں نے اپنے شوق میں کتابوں کا مطالعہ، اور کھانا پکانے کا ذکر کیا ہےاس کے علاوہ انہوں نے خود کوسبزی بھی خورظاہر کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK