• Sat, 11 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اقوامِ متحدہ، جنسی تشدد کی بلیک لسٹ میں اسرائیل کو شامل کرے: یورومیڈ ہیومن رائٹس مانیٹر

Updated: January 10, 2025, 10:00 PM IST | Inquilab News Network | Geneva

یو ایم ایچ آر ایم نے جنسی تشدد کے خوفناک واقعات کو دستاویزی شکل میں پیش کیا ہے جس میں عصمت دری، جنسی تشدد اور فلسطینی شہریوں کے خلاف وحشیانہ طریقوں کے استعمال کی رپورٹس شامل ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

یورو-میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر (یو ایم ایچ آر ایم) نے اسرائیل کو اقوام متحدہ کی جنسی تشدد کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس بلیک لسٹ میں ان ممالک کو شامل کیا جاتا ہے جن پر تنازعات سے گھرے علاقوں میں جنسی تشدد کرنے کا شبہ ظاہر کیاجاتا ہے۔ حقوق انسانی کیلئے سرگرم تنظیم نے اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینیوں، بشمول قیدیوں اور قیدیوں کے خلاف منظم اور وسیع پیمانے پر جنسی تشدد کی کارروائیوں کے ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر اقوام متحدہ سے یہ مطالبہ کیا ہے۔ 

یو ایم ایچ آر ایم نے اپنے بیان میں ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے عصمت دری اور جنسی تشدد کی دیگر اقسام کے الزامات میں اقوام متحدہ کی تحقیقات کے ساتھ تعاون کرنے سے اسرائیل کے مسلسل انکار کو بھی نمایاں کیا۔ جنیوا میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق، یہ الزامات، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ یو ایم ایچ آر ایم نے جنسی تشدد کے خوفناک واقعات کو دستاویزی شکل میں پیش کیا ہے جس میں عصمت دری، جنسی تشدد اور فلسطینی شہریوں کے خلاف وحشیانہ طریقوں کے استعمال کی رپورٹس شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: نیتن یاہو کے گرفتاری وارنٹ کے احتجاج کے طور پر آئی سی سی کے خلاف بل منظور

تنظیم نے حراست میں لئے گئے فلسطینیوں کے ساتھ تشویشناک واقعات کو بھی شامل کیا ہے جس میں مبینہ طور پر Sde Teiman حراستی مرکز میں فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیلی پولیس کے کتوں کی زیادتیاں بھی شامل ہیں۔ رپورٹس میں ایسے معاملات بھی شامل ہیں جن میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ الیکٹرک ڈنڈے کا استعمال اس کی ایک خوفناک مثال ہے، جس کی وجہ سے مبینہ طور پر ایک فلسطینی قیدی کی موت واقع ہوئی ہے۔ یو ایم ایچ آر ایم کا دعویٰ ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں جنسی تشدد کو دانستہ طور پر ہتھیار بنانے کا انکشاف کرتی ہیں جس کا مقصد فلسطینیوں کے حوصلے پست کرنا ہے۔ 

یو ایم ایچ آر ایم نے اسرائیل کی طرف سے اقوام متحدہ کے تفتیشی اداروں تک رسائی دینے سے انکار پر بھی تنقید کی۔ اسرائیل کے اس موقف کو عالمی اداروں کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تنظیم کے چیئرمین رامی عبدو نے اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ سنگین جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے جنسی تشدد کے الزامات کو پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ تنظیم نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی تحقیقات کی حمایت کرے اور ذمہ دار افراد کے احتساب کو یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھئے: ’گریٹر اسرائیل‘ کے نقشے پرعرب ممالک برہم، کہا: یہ خودمختاری پر صریح حملہ

یو ایم ایچ آر ایم نے اپنے بیان میں فوری اقدامات پر بھی زور دیا اور بین الاقوامی تنظیموں کو اسرائیلی حراستی مراکز کا معائنہ کرنے کیلئے رسائی فراہم کرنے، بے جا طور پر حراست میں لئے گئے افراد کو رہا کرنے اور متاثرین کی قانونی نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے آواز بلند کی۔ تنظیم نے زور دے کر کہا کہ قتل، شدید بدسلوکی اور جنسی تشدد کی کارروائیاں اسرائیل کی ایک منظم مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد فلسطینی آبادی کو تباہ کرنا ہے۔ تنظیم نے دعویٰ کیا کہ ایسی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے تحت نسل کشی کی تعریف کے مطابق ہیں۔ یو ایم ایچ آر ایم نے اپنے بیان کے آخر میں اسرائیل کو اقوام متحدہ کی جنسی تشدد کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی پرزور اپیل کی اور کہا، "عالمی برادری کو ان سنگین جرائم کو روکنے اور متاثرین کے لئے انصاف کو یقینی بنانے کیلئے فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہیے۔" یو ایم ایچ آر ایم نے ان الزامات کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK