امریکی ڈیجیٹل ریمٹنس پلیٹ فارم ریمٹلی کے ذریعے تیار کردہ اس انڈیکس نے ۸۲؍ ممالک کا جائزہ لیا ہے، جس میں۲۴؍ اہم پیمانوں پر غور کیا گیا ہے جو مہاجرین کی زندگی کو متاثر کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: March 16, 2025, 8:33 PM IST | Washington
امریکی ڈیجیٹل ریمٹنس پلیٹ فارم ریمٹلی کے ذریعے تیار کردہ اس انڈیکس نے ۸۲؍ ممالک کا جائزہ لیا ہے، جس میں۲۴؍ اہم پیمانوں پر غور کیا گیا ہے جو مہاجرین کی زندگی کو متاثر کرتے ہیں۔
ایسے عالمی تناظر میں جہاں بین الاقوامی نقل مکانی زندگیوں اور معاشروں کو تشکیل دے رہی ہے، ریمٹلی کا تازہ ترین۲۰۲۵ء امیگریشن انڈیکس مہاجرین کیلئے سب سے پرکشش مقامات کے بارے میں اہم رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، آئس لینڈ بہتر معیار زندگی، تحفظ، اور بہتر کیریئر کے مواقع کی تلاش میں رہنے والوں کیلئے سب سے ترجیحی ملک بن کر سامنے آیا ہے۔ ریمٹلی نے جن معیارات کو بطور پیمانہ بنا کر یہ فہرست تیار کی ، ان عوامل میں صحت کی دیکھ بھال، روزگار کے مواقع، رہنے کی لاگت، رابطہ، عوامی نقل و حمل، تحفظ، خوشی، بینکنگ تک رسائی،اور مہاجر برادریوں کی مضبوطی شامل ہیں۔ ہر ملک کو۱۰۰؍ میں سےنمبرات دئے گئے۔
یہ بھی پڑھئے: رائٹرز کے صحافی نے بیرون ملک ہندوستانی شہریت منسوخ کرنے پر مقدمہ دائر کر دیا
۵۸؍ اعشاریہ ۴؍ کے اسکور کے ساتھ، آئس لینڈ نے فہرست میں پہلامقام حاصل کیا۔ اپنے دلکش مناظر اور اعلیٰ خوشی کے انڈیکس کے علاوہ، آئس لینڈ نے تحفظ، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، بینکنگ تک رسائی، اور ماحولیاتی پائیداری جیسے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ موسمیاتی کارروائی کیلئے ملک کی وابستگی اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع ,جیوتھرمل اور ہائیڈرو پاور, کا استعمال بھی اس کی اعلیٰ درجہ بندی میں معاون ثابت ہوا، جو ماحول دوست مہاجرین کیلئے اسے ایک پرکشش انتخاب بناتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ’’آئس لینڈ میں اس کے دلکش فطری حسن کے علاوہ بہت کچھ پیش کرنے کو موجود ہے۔ یہ عالمی سطح پر کم از کم اجرت کی شرح اور سالانہ تنخواہوں کے لحاظ سے سرفہرست ممالک میں شامل ہے، جو اسے نقل مکانی کیلئے ایک مثالی مقام بناتا ہے۔‘‘
سوئٹزرلینڈ اور لکسمبرگ بالترتیب۵۵؍ اعشاریہ ۸؍ اور۵۵؍ اعشاریہ ۷؍ کے اسکور کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ ٹاپ۱۰؍ میں شامل دیگر ممالک میں ناروے ۵۳؍ اعشاریہ۷؍ متحدہ عرب امارات ۵۲؍ اعشاریہ ۵؍آئرلینڈ ۵۲؍ اعشاریہ ۴؍ امریکہ ۵۲؍ اعشاریہ ۲؍ ڈنمارک ۵۲؍ نیدرلینڈز ۵۲؍اور آسٹریلیا ۵۱؍ اعشاریہ ۷؍شامل ہیں۔ برطانیہ ۴۶؍ اعشاریہ ۵؍کے اسکور کے ساتھ۱۹؍ویں مقام پررہا۔
یہ بھی پڑھئے: شمالی مقدونیہ کے نائٹ کلب میں خوفناک آتشزدگی، ۵۱؍ افراد ہلاک،۱۰۰؍ سے زائد زخمی
یہ رپورٹ موجودہ عالمی تناظر میں خاص اہمیت رکھتی ہے، جہاں کئی ممالک امیگریشن پالیسیوں کو سخت کر رہے ہیں۔ یہ ان افراد کیلئےڈیٹا پر مبنی جائزہ فراہم کرتی ہے جو بہتر مواقع اور زندگی کی تلاش میں بیرون ملک منتقل ہونے کا ارادہ کررہے ہیں۔ جنوبی ایشیائی ممالک میں، ہندوستان ۳۰؍ اعشاریہ ۵؍ کے اسکور کے ساتھ ۷۵؍ ویں نمبر پر رہا۔ چین ۴۱؍ویں ۳۶؍ اعشاریہ ۱؍ ، بنگلہ دیش ۶۸؍ویں ۳۱؍ اعشاریہ ۵؍، اور پاکستان ۷۲؍ویں ۳۰؍ اعشاریہ ۹؍نمبر پر رہا۔
بین الاقوامی نقل مکانی اس وقت عالمی آبادی کا تقریباً ۳؍ اعشاریہ ۶؍ فیصد یا ۲۸۱؍ملین افراد پر مشتمل ہے۔ ایسے میں، ریمٹلی کا امیگریشن انڈیکس دنیا بھر میں نقل نکانی کے خواہش مند افراد کیلئےبروقت اور اہم رہنمائی فراہم کرتا ہے۔