• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انتخابی نتائج سے قبل ہی ’انڈیا‘ اتحاد حکومت سازی کیلئے کوشاں

Updated: May 30, 2024, 4:50 PM IST | New Delhi

کنبہ بڑھانے پر زور، یکم جون کو اتحاد کی میٹنگ میں کچھ اہم فیصلوں کی امید، اکھلیش یادو پر ممتا بنرجی اور ’کے سی آر‘ کو ساتھ لانے کی ذمہ داری ملنے کا امکان۔

Akhilesh yadav. Photo: INN
اکھلیش یادو۔ تصویر: آئی این این

لوک سبھا کیلئے ۶؍ مرحلوں کے انتخابات مکمل ہوچکے ہیں جبکہ ساتویں اور آخری مرحلے کیلئے یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ عین اسی دن ملک کا سب سے بڑا اپوزیشن گروپ ’انڈیا‘ اتحاد آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے  نئی دہلی میں ایک خصوصی میٹنگ کرے گا جس میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کو چھوڑ کر اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے تمام اہم لیڈروں کی شرکت متوقع ہے۔ ممتا بنرجی نے مغربی بنگال میں طوفان سے متاثرین کیلئے راحتی کاموں میں خود کو مصروف رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک کے سیاسی ماحول سے پُرجوش ’انڈیا‘ اتحاد اس میٹنگ میں حکومت سازی سے متعلق حکمت عملی طے کرے گا۔ اس کیلئے ’انڈیا‘ کا کنبہ بڑھانے پر بھی زور دیا جائے گا۔ اطلاع کے مطابق اس میٹنگ میں سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کو کچھ اہم ذمہ داریاں دی جاسکتی ہیں، جن میں سب سے اہم مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اور تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) سے رابطہ بڑھانا اور ضرورت پڑنے پر انہیں ’انڈیا‘ اتحاد کے ساتھ رکھنے پر آمادہ کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: جی ایس ٹی کی شرح میں بڑی تبدیلی کے امکانات

’انڈیا‘اتحاد کےلیڈروں کو پورا یقین ہے کہ وہ مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ اس صورت میں انہیں ترنمول کانگریس اور بی آر ایس کی حمایت ملنے کی پوری امید ہے۔اتحاد  میں شامل لیڈروں کا خیال ہے کہ اترپردیش میں بی جے پی کے خلاف ان کے امیدواروں کو توقع سے  کہیں زیادہ حمایت ملی ہے۔ان کا دعویٰ ہے کہ وہ یوپی میں ۳۵؍ سے زیادہ سیٹیں جیت سکتے ہیں۔سیاسی تجزیہ کاروںکا بھی یہی خیال ہے کہ اس مرتبہ ماحول پوری طرح سے اپوزیشن کے حق میں رہا۔ماہرین کے مطابق اس سے قبل   بی جے پی، اپوزیشن لیڈروں کو اپنےموضوعات جیسے ہندو مسلم اور مندر مسجد پربحث کرنے پر مجبور کرتی تھی لیکن اس بار   اپوزیشن نے زعفرانی پارٹی کو اپنے موضوعات  جیسے آئین، ریزرویشن اور بے روزگاری جیسے مسائل پر صفائی دینے پر مجبور کیا ہے۔اسے اپوزیشن اتحاد کی اسٹریٹجک کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رفح حملے کیخلاف میکسیکو سٹی میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہراحتجاج

انتخابی نتائج سے قبل میٹنگ بلانے کی اہم  وجہ یہ ہے کہ  ۲؍ جون کو عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کی ضمانت کی مدت ختم ہورہی ہے ۔ سماجوادی پارٹی کے ذرائع کے مطابق یہ میٹنگ اس کیلئے بہت اہم ہے، اسلئے   اس میں اکھلیش یادو خود شرکت کریں گے۔اکھلیش یادو کے ممتا بنرجی اور کے ’کے سی آر‘ کے ساتھ اچھے تعلقات  سے سبھی واقف ہیں،اسلئے انہیں ساتھ رکھنے کی ذمہ داری  اکھلیشکو دی جاسکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق  اکھلیش آج بھی ممتا اور کے سی آر سے رابطے میں ہیں۔  
خیال رہے کہ ایس پی سربراہ نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کیلئے جہاں اپنا انتخابی رتھ روانہ کیا تھا وہیں ممتا بنرجی کے ’انڈیا‘ اتحاد کا حصہ نہ ہونے کے باوجود سماجوادی پارٹی نے اترپردیش میں اپنے حصے کی ایک سیٹ انہیں دی ہے۔ اس طرح بھدوہی لوک سبھا سیٹ پر ترنمول کانگریس کے امیدوار للی تیش  پتی ترپاٹھی الیکشن لڑرہے ہیں جو کانگریس کے سینئر لیڈر اور اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ آنجہانی کملا پتی ترپاٹھی کے پوتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK