ایران میں تین ہندوستانی لاپتہ ہو گئے، جس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان نے ایران سے اس بابت وضاحت طلب کی ہے، جبکہ گمشدہ افراد کے اہل خانہ مسلسل وزارت کے رابطے میں ہیں۔
EPAPER
Updated: February 01, 2025, 6:01 PM IST | New Delhi
ایران میں تین ہندوستانی لاپتہ ہو گئے، جس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان نے ایران سے اس بابت وضاحت طلب کی ہے، جبکہ گمشدہ افراد کے اہل خانہ مسلسل وزارت کے رابطے میں ہیں۔
ایران میں تین ہندوستانیوں کی گمشدگی کے بعد اس معاملے کو ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ایران کے سامنے شدت کے ساتھ اٹھا یا ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے مطابق کچھ دن قبل تین ہندوستانیوں کا ایران کے دارالحکومت تہران میں پہنچنے کے کچھ دنوں بعد ہی ان کے اہل خانہ سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ ان افراد میں سے ایک یوگیش پنچال جو مہاراشٹر کے ناندیڑ کا رہنے والا ہے، جبکہ بقیہ دو محمد صادق، اور سومیت سود ہیں۔انہوں نے علاحدہ سفر کیا تھا۔جس میں پنچال نےدسمبر کے اوائل میں ، جبکہ صادق نے دسمبر کے آخر میں اور سومیت نے جنوری میں سفر کیا تھا۔
پنچال کے اہل خانہ نے اخبار کو بتایا کہ وہ ۵؍دسمبر کو ممبئی سے تہران کیلئے روانہ ہوا تاکہ وہاں خشک میوہ جات اور سیب برآمد کرنے والی ایک فرم شروع کر سکے۔تہران پہنچنے کے بعد تین دنوں تک وہ اپنے خاندان کے رابطے میں رہا، اس کے بعد اس تک رسائی نہ ہو سکی۔اس کی بیوی نے بتایا کہ انہوں نے پنچا ل سے آخری بار ۷؍ دسمبر کو بات کی تھی، وہ کسی بھیڑ بھاڑ والی جگہ پر تھا، اور جلد ہی دوبارہ فون کرنے کو کہا، لیکن اس کا فون نہیں آیا۔انہوں نے کئی بار اس کو فون لگایا لیکن پنچال کا فون بند آرہا تھا، ۱۱؍ دسمبر کو اس کا واپسی کا ٹکٹ تھا، لیکن وہ واپس بھی نہیں آیا۔ یہ اس کا پہلا بیرون ملک دورہ تھا۔
یہ بھی پڑھئے: گجرات فسادات کی متاثرہ ذکیہ جعفری انصاف کیلئے جنگ لڑتے لڑتے انتقال کرگئیں
وزارت خارجہ نے بتایا کہ گمشدہ افراد کے اہل خانہ اس کے رابطے میں ہیں، اور وزارت نے انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم نے ایران کے روبرو اس معاملے کو شدت سے اٹھایا ہے، اور اس معاملے میں ایرانی حکام کی جانب سے مدد کا انتظار کر رہے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے ایرانی حکام سے ہندوستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔