• Mon, 21 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: بی جے پی نے۶۶؍ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی

Updated: October 20, 2024, 4:37 PM IST | Ranchi

جھارکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کیلئے بی جے پی نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں ۶۶؍ امیدواروں کے نام شامل ہیں جن میں ۱۱؍ خواتین کے نام ہیں۔ چمپئی سورین کو بھی ٹکٹ ملا۔

Former Jharkhand Chief Minister Champai Soren during an event in Ranchi. Photo: PTI.
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی چمپئی سورین رانچی میں ایک تقریب کے دوران۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

جھارکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کیلئے بی جے پی نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں ۶۶؍ امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ اس فہرست میں ۱۱؍ خواتین امیدواروں کے نام بھی شامل ہیں جو اسمبلی انتخاب میں اپنی قسمت آزمائیں گی۔ بی جے پی نے حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا الیکشن میں شکست کھانے والے ۴؍ امیدواروں کو بھی اسمبلی الیکشن میں ٹکٹ دیا ہے۔ یہ چاروں امیدوار سیتا سورین، سمیر اراؤں، سدرشن بھگت اور گیتا کوڑا ہیں۔ سیتا سورین کو جامتاڑا (جنرل سیٹ) سے، سمیر اراؤں کو بشن پور سے، سدرشن بھگت کو گُملا سے اور گیتا کوڑا کو جگن ناتھ کورٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اتراکھنڈ کے چمولی سے مسلمانوں کو نکل جانے کا الٹی میٹم

امیدواروں کی اس فہرست میں جن بڑے لیڈران کے نام شامل ہیں، ان میں جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے چمپئی سورین بھی ہیں۔ انہیں سرائے کیلا سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ چمپئی کے بیٹے بابو لال سورین کو بھی ٹکٹ ملا ہے، وہ گھاٹ شیلا سے امیدوار ہوں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ ارجن منڈا کی اہلیہ میرا منڈا کو پوٹکا اسمبلی سیٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلٰٗی رگھوور داس کی بہو پورنیما داس ساہو کو جمشید پور مشرق سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اے بی وی پی کے سابق قومی صدر اور جھار کھنڈ بی جے پی کے سابق صدر دنیش آنند گوسوامی بھی انتخابی میدان میں نظر آئیں گے۔ انہیں بہرا گوڑا اسمبلی سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق آئی پی ایس ارونا اراؤں کو سیسئی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اب ایک ساتھ ۳۰؍ فلائٹس کو بم سے اُڑادینے کی دھمکیاں، کئی کی ایمر جنسی لینڈنگ

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے جمعہ کو اپنی حلیف سیاسی جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے کا اعلان کیا تھا۔ اس فارمولے کے مطابق جھارکھنڈ میں بی جے پی۶۸؍، آل جھار کھنڈ اسٹوڈنٹس یونین (اے جے ایس یو)۱۰؍، جنتا دل یونائٹیڈ۲؍ اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)ایک سیٹ پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ بی جے پی کی جانب سے امیدواروں کی جاری کردہ فہرست سے ایک بات واضح ہو رہی ہے کہ بی جے پی نے پھر سے پرانے اراکین اسمبلی پر ہی بھروسہ ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی کچھ نئے چہروں کو بھی قسمت آزمانے کا موقع ملا ہے۔ ان میں جھار کھنڈ مکتی مورچہ کو چھوڑ کر آئے سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین، ان کے بیٹے بابو لال سورین، سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی اور سابق مرکزی وزیر ارجن منڈا کی اہلیہ میرا منڈا وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ واضح ہو کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ دنوں مہاراشٹر کے ساتھ جھارکھنڈ میں بھی اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے جھار کھنڈ کی۸۱؍ اسمبلی سیٹوں پر دو مرحلوں میں انتخاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ کیلئے۱۳؍ اور دوسرے مرحلہ کیلئے۲۰؍ نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی۲۳؍ نومبر کو ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK