• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لالو یادو کا الزام، نتیش نے بی جے پی کے سامنے خود سپردگی کردی

Updated: July 25, 2024, 6:08 PM IST | Patna

آر جے ڈی سربراہ نے عام بجٹ کو مایوس کن قرار دیتےہوئے کہا کہ خصوصی پیکیج کے نام پر بہار کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے.

Lalu Prasad Yadav. Photo: INN
لالو پرساد یادو۔ تصویر: آئی این این

راشٹریہ جنتادل کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادو طویل عرصے بعد ایک بار پھر اپنے مخصوص رنگ ڈھنگ میں نظر آئے۔ مرکزی بجٹ کے حوالے سے انہوں نے اپنے حریف اور بہار کے موجودہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کو جم کر نشانہ بنایا۔ لالو یادو نے مرکزی بجٹ۲۰۲۴ء کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی  جے پی نے نتیش کمار کو ایک جھنجھنا تھما دیا ہے۔ بہار کو خصوصی درجہ نہ ملنے پر، انہوں نے کہا کہ ’’ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بی جے پی کے سامنے خود سپردگی کردی  ہے۔‘‘ لالو یادو نے کہا کہ بی جے پی آج جو کچھ کہہ رہی ہے اور کر رہی ہے، وزیراعلیٰنتیش کمار اس کی تعریف کر رہے ہیں۔ ستم ظریفی دیکھئے کہ نتیش کمار نے بہار کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ ہی ترک کردیا ہے۔ لالو نے کہا کہ نتیش اب اپنی ناکامی اور سیاسی موقع پرستی کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں اور ایک چھوٹے سے اقتصادی فنڈ کو خصوصی پیکیج، خصوصی اقتصادی مدد اور خصوصی فنڈ وغیرہ کہہ کر ہتھیار ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔دہلی سے بہار جاتے ہوئےپٹنہ ایئر  پورٹ پروہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: پرتاپ گڑھ: بارش نہ ہونے سے فصلیں سوکھنے کا خدشہ، بعض مقاما ت پر فوارے سے سنچائی

اس سے پہلے آر جے ڈی سپریمو لالو یادو نے بجٹ  کے حوالے سے فیس بک پر ایک پوسٹ کیا تھا۔ اس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’’یہ ایک گھسا پٹا ہٹ ہے یہ بجٹ، جملوں کی رٹ ہے یہ بجٹ ، غریب اور کسان کے سپنے کررہا بنجر ہے یہ بجٹ، عام آدمی کے دل پر خنجر ہے یہ بجٹ۔‘‘ انہوں نے عام بجٹ میں ملنے والے خصوصی پیکیج کو بہار کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ 
بجٹ میں گمراہ کن دعوؤں  کا پردہ فاش کرنے کیلئے آر جے ڈی نے بدھ کو اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا تھا جس میں پارٹی کے ترجمان چترنجن گگن، مرتیونجے تیواری اور آرزو خان نے میڈیا سے خطاب کیاتھا ۔ انہوں نے بتایا تھا کہ  اس بجٹ میں زیادہ تر پرانی اسکیموں کو دوبارہ پیک کرتے ہوئے تقریباً۵۸؍ ہزار کروڑ روپے کا خصوصی پیکیج دکھایا گیا ہے۔ آر جے ڈی ترجمانوں نے بتایا کہ ’’سچائی یہ ہے کہ بہار کے این ڈی اے اراکین کے مقابلے کم اراکین پارلیمان والی تیلگودیشم  پارٹی خصوصی پیکیج کی شکل میں  آندھرا پردیش کیلئے بہا ر سے زیادہ رقم اور کئی نئے منصوبے حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: پونے: موسلادھار بارش سے چار اموات، شہر کیلئے اورینج الرٹ، اسکول بند

انہوں نے بتایا کہ  ’’بھاگل پور میں پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ مودی حکومت کے قیام سے پہلے کیا گیا تھا، جسے مرکزی حکومت نے گزشتہ دس برسوں سے روک رکھا تھا۔ اسی طرح اُس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو کے دور میں۲۰۲۲ء میں ہی پورنیہ ایکسپریس وے کی ڈی پی آر تیار کرنے کیلئے ٹینڈر طلب کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ تیجسوی یادو نے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے  مل کر اگست۲۰۲۳ء میں ہی بکسر، بھاگلپور ایکسپریس وے کو منظور کروالیا تھا۔ گیا انڈسٹریل کوریڈور کی تعمیر مئی۲۰۲۳ء میں ہی شروع ہو چکی ہے اور مہابودھی کوریڈور کا منصوبہ بھی ایک سال پہلے کا ہے۔‘‘ آر جے ڈی نے کہا کہ نتیش کمار نے جس طرح سے بہار کے عوام سے وعدہ خلافی کی ہے، اسے بہار کے عوام معاف نہیں کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK