• Sat, 09 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی کی گارنٹی کے مقابلے کیجریوال کا ۱۰؍ گارنٹیوں کا اعلان

Updated: May 13, 2024, 10:03 AM IST | Agency | New Delhi

دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مودی کی گارنٹیاںقابل بھروسہ نہیں جبکہ ہم اپنی گارنٹیاں اور وعدے پورا کرنے والے ہیں، دہلی کی ساتوں سیٹیں جیتنے کا دعویٰ۔

Arvind Kejriwal, Bhagwant Mann and Sandeep Pathak announcing 10 guarantees. Photo: PTI
اروند کیجریوال، بھگونت مان اور سندیپ پاٹھک ۱۰؍ گارنٹیوں کا اعلان کرتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کو مودی کی گارنٹی کے مقابلے میں عام آدمی پارٹی کی ۱۰؍ گارنٹیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا مودی کی گارنٹیاں قابل بھروسہ نہیں ہیں جبکہ ہم اپنی گارنٹیاں اور وعدے پورے کرنے والے ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ  نے ملک کے عوام کیلئے مفت علاج کو یقینی بنانے سمیت ۱۰؍ گارنٹیوں کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر انڈیا اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو وہ ان گارنٹیوں اوروعدوں کو اپنے اتحادیوں سے پورا کرائیں گے۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر کیجریوال نے اتوار کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی گارنٹی پر کوئی بھروسہ نہیں ہے لیکن کیجریوال کی گارنٹی پر سب کو بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہلی اور پنجاب میں لوگوں کو دی گئی گارنٹی پوری کر دی ہے لیکن وزیر اعظم نے ہر سال ۲؍ کروڑ لوگوں کو نوکریاں دینے اور ہر شہری کے کھاتے میں ۱۵؍ لاکھ روپے دینے سمیت کسی بھی گارنٹی کو پورا نہیں کیا۔ 
۲۴؍ گھنٹے بجلی کا بندوبست 
 کیجریوال نے کہا کہ اگر انڈیا الائنس کی حکومت بنتی ہے تو ہم پورے ملک میں ۲۴؍ گھنٹے بجلی کا بندوبست کریں گے۔ ہمارے پاس مانگ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے اور ہم اسے کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں غریبوں کو ۲؍ سو یونٹ مفت بجلی دی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: آج چوتھے مرحلے کی پولنگ، پانچویں مرحلے کیلئے انتخابی مہم میں شدت

سرکاری اسکولوں میں جدید سہولتوں کاو عدہ 
کیجریوال نے کہا کہ اگر کسی ملک میں تعلیم کی کمی ہے تو وہ ملک ترقی نہیں کرے گا۔ اگر انڈیا گروپ کی حکومت بنتی ہے تو ہم ملک کے تمام سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر بنائیں گے اوربچوں کو اچھی تعلیم دیں گے۔ 
ملک بھر میں محلہ کلینک اورسرکاری اسپتالو ں میں بہتر سہولیات
  انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگ صحت مند ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا سب کیلئے اچھے علاج کا بندوبست کیا جائے گا۔ ملک کے تمام لوگوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ پورے ملک میں محلہ کلینک اور اسپتال بنائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو اچھا علاج مل سکے۔ سرکاری اسپتالوں میں پرائیویٹ اسپتالوں کے ہم پلہ سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ 
چین کے قبضےسے زمین واپس لی جائے گی 
  دہلی کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کیا لیکن ہماری حکومت نہیں مانتی۔ اسے لوگوں سے چھپانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ چین کے قبضے سے تمام زمین واپس لائیں گے۔ اس کے لیے سفارت کاری کے ساتھ فوج کو بھی آزادی دی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: نوٹا صرف اس صورت میں مؤثر ہو سکتا ہے جب۵۰؍ فیصد سے زیادہ ووٹر اس کا انتخاب کریں: سابق سی ای سی راوت

اگنی ویر اسکیم ختم کی جائے گی 
  کیجریوال نے کہا کہ اگنی ویر یوجنا بند کر دی جائے گی۔ اب تک جن لوگوں کو اگنی ویر اسکیم کے تحت فوج میں بھرتی کیا گیا ہے انہیں مستقل کیا جائے گا۔ فوج پر جتنا پیسہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے وہ کیا جائے گا۔ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ 
ایم ایس پی کی گارنٹی 
  کیجریوال نے کہا کہ کسانوں کو ان کی فصل کی پوری قیمت دی جائیگی۔ تمام فصلیں ایم ایس پی کے مطابق خریدی جائیں گی۔ 
دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ 
 آپ لیڈر نے کہا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔ یہ یہاں کے باشندوں کا بہت پرانا مطالبہ ہے۔ 
ایک سال میں ۲؍ کروڑ ملازمتوں کا وعدہ
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد بے روزگاری کا مسئلہ حل کیاجائے گا ا ور ایک سال میں دو کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا انتظام کیاجائے گا۔ 
بدعنوانوں کو بچانے کی پالیسی ختم کردی جائیگی 
 کیجریوال نے کہا کہ چوراہے پر بی جے پی کی واشنگ مشین کو توڑا جائے گا اور پورے ملک کو بدعنوانی سے پاک کیا جائے گا۔ ایمانداروں کو جیلوں میں ڈالنے اور بدعنوانوں کو بچانے کا رواج ختم ہو جائے گا۔ 
جی ایس ٹی کو آسان بنانے کا وعدہ 
 دہلی کےو زیر اعلیٰ نے کہا کہ جی ایس ٹی کو آسان بنایا جائے گا تاکہ تاجروں کو اپنا کاروبار صحیح طریقے سے چلانے میں مدد ملے۔ جی ایس ٹی کو پی ایم ایل اے سے باہر کیا جائے گا۔ ہمارا مقصد چین کو تجارت اور صنعت میں پیچھے چھوڑنا ہے۔ 
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کیجریوال کی گارنٹی پر بھروسہ ہے اور انڈیا اتحاد دہلی کی تمام ۷؍ سیٹیں حاصل کرنے والا ہے۔ واضح رہےکہ جیل سے رہا ہونے کے بعد کیجریوال انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے ہیں اور بی جےپی کو نشانے پر رکھے ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK