Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مدھیہ پردیش: مسلمان کسان کی ایمانداری سے ہندو تاجر حیران بھی اور ممنون بھی

Updated: March 09, 2025, 4:02 PM IST | Bhopal

مدھیہ پردیش کے راجگڑھ کے ایک مسلمان کسان نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایمانداری کی ایک قابل تقلید مثال پیش کی ہے۔ کوٹری کالا گاؤں کے نصراللہ خان کے بیٹے لیاقت نے اپنی گندم کی فصل کیلئے وصول ہونے والے ۲۵۸۵۰؍ اضافی روپے واپس کر دیے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مدھیہ پردیش کے راجگڑھ کے ایک مسلمان کسان نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایمانداری کی ایک قابل تقلید مثال پیش کی ہے۔ کوٹری کالا گاؤں کے نصراللہ خان کے بیٹے لیاقت نے اپنی گندم کی فصل کیلئے وصول ہونے والے ۲۵۸۵۰؍ اضافی روپے واپس کر دیے۔ لیاقت نے ۲۴؍ کوئنٹل۶۰؍ کلو گندم کرشی اپج منڈی، کوراوار میں فروخت کی تھی، جہاں ان کی فصل شری دیو ٹریڈرز کے تاجر ریکیش مہیشوری نے خریدی تھی۔ آن لائن خریداری کے ذریعے یہ لین دین ہوا، اور لیاقت کو ان کی فصل وزن کرنے کے بعد ادائیگی کر دی گئی۔ تاہم،گھر آکر انہیں احساس ہوا کہ انہیں اصل رقم سے زیادہ وصول ہوئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دہلی عدالت نے ۲۰۲۰ء کی نفرت انگیز تقریر کیس میں کپل مشرا کی درخواست مسترد کی

لیاقت نے بتایا، کہ ’’گھر واپس آنے کے بعد جب میں نے نماز پڑھی تو مجھے غلطی کا احساس ہوا۔‘‘انہیں۱۰؍ کوئنٹل سے زیادہ گندم کی اضافی ادائیگی کی گئی تھی، جو اصل فروخت سے کہیں زیادہ تھی۔ اس نے لیاقت کو پریشان کر دیا،اور وہ رات بھر سو نہ سکے۔ خاص طور پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں زیادہ رقم وصول ہونے کا خیال انہیں بے چین کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ رمضان ہمیں ایمانداری اور دیانتداری سے زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے۔ مجھے یہ غلطی درست کرنی تھی۔‘‘
اگلی صبح لیاقت نے اضافی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ براہ راست ریکیش مہیشوری کی دکان پر گئے اور صورتحال کی وضاحت کی۔ ابتدا میں مہیشوری کو زیادہ ادائیگی کا علم نہیں تھا، لیکن کسان کی بات سن کر وہ ایمانداری سے متاثر ہوئے۔ لیاقت نے غلطی سے ملنے والے۲۵۸۵۰؍ اضافی روپے واپس کر دیے۔ ان کی اس ایمانداری سے مہیشوری حیران رہ گئے۔ پہلے تو انہیں یقین ہی نہیں آیا کہ اتنی بڑی رقم کوئی واپس بھی کر سکتا ہے۔لیکن اپنی غلطی احساس ہونے کے بعد لیاقت کی ایمانداری سے وہ کافی متاثر ہوئے۔اور اس ایمانداری کو سراہتے ہوئے انہوں نے لیاقت کو ایک چھوٹا سا تحفہ بھی پیش کیا۔

یہ بھی پڑھئے: گجرات میں چلتی ٹرین میں راجستھان کے عالم دین کیساتھ مار پیٹ

مہیشوری نے مزید کہا،کہ ’’ ان کی ایمانداری نے نہ صرف مجھے متاثر کیا ہے، بلکہ مجھے رمضان کے اصل اقدار — دیانتداری، انصاف اور بے غرضی کی یاد دلائی ہے۔لیاقت کے اس عمل نے مقامی افراد میں خوب پذیرائی حاصل کی۔خاص طور پر ایسے وقت میں جب دیانتداری اور ایمانداری جیسے الفاظ کتابوں اور کہانیوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔لیاقت نے عاجزی سے کہا،کہ ’’میں خود کو خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں کہ میں صحیح کام کرنے میں کامیاب ہوا۔ رمضان صرف روزے رکھنے کے بارے میں نہیں ہے، یہ روح کو پاکیزہ کرنے اور ایمانداری کے ساتھ زندگی گزارنے کی تعلیم دیتاہے۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK