مہاراشٹر حکومت نے ایک ہدایت جاری کرتے ہوئے ریاست بھر میں سرکاری، نیم سرکاری اور مقامی خود مختار اداروں میں تمام سرکاری مواصلات کیلئےمراٹھی کو لازمی زبان قرار دیا ہے۔
EPAPER
Updated: February 04, 2025, 7:47 PM IST | Mumbai
مہاراشٹر حکومت نے ایک ہدایت جاری کرتے ہوئے ریاست بھر میں سرکاری، نیم سرکاری اور مقامی خود مختار اداروں میں تمام سرکاری مواصلات کیلئےمراٹھی کو لازمی زبان قرار دیا ہے۔
مہاراشٹر حکومت نے ایک ہدایت جاری کرتے ہوئے ریاست بھر میں سرکاری، نیم سرکاری اور مقامی خود مختار اداروں میں تمام سرکاری مواصلات کیلئےمراٹھی کو لازمی زبان قرار دیا ہے۔ریاستی محکمہ منصوبہ بندی کے ذریعہ ۳؍فروری کو جاری کردہ حکمنامے میں انتباہ دیا گیا ہے کہ تعمیل کرنے میں ناکام رہنے والے اہلکاروں کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس حکم نامے کے تحت تمام سرکاری دفاترمیں خط و کتابت، تجاویز، احکامات اور پیغامات سمیت اندرونی اور بیرونی رابطےکیلئے مراٹھی کا استعمال لازمی ہوگا۔ دفتری سطح پر ویب سائٹس، پیشکش، اور دستاویزات بھی مراٹھی میں ہونا لازمی ہوگا۔ مزید یہ کہ ملاقاتیوں سے بات کرتے وقت بھی افسران کو مراٹھی زبان کا استعمال کرنا ہوگا، سوائے غیر مراٹھی اورغیر ملکیوں کے ساتھ۔۔
یہ بھی پڑھئے: ’’بے روزگاری کا مسئلہ نہ یوپی اے حل کرسکا نہ این ڈی اے‘‘
اس ہدایت کا دائرہ تحریری مواصلات تک ہے، جس میں سہ لسانی پالیسی کے مطابق، مہاراشٹر کے اندر سرکاری اور مرکزی حکومت کے دفاتر میں نام بورڈ، درخواست فارم، اور نوٹس کو مراٹھی میں ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دفاتر کو بھی مراٹھی کو سرکاری زبان کے طور پر تقویت دینے والے بورڈز آویزاں کرنا ہوگا۔ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں، کارپوریشن اور بورڈ کو اپنے مراٹھی ناموں کو انگریزی ترجمے کے بغیر استعمال کرنا ہوگا۔ نئے کاروباروں کو اپنے نام مراٹھی میں درج کرنالازمی ہوگا اور دو لسانی ناموں والے ادارے اب صرف اپنی مراٹھی زبان میں ہی کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی: وزیراعلیٰ آتشی پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ درج
مراٹھی اخبارات میں شائع ہونے والے تمام سرکاری اشتہارات، ٹینڈر اور نوٹس مراٹھی میں ہونے چاہئیں۔اسی کے ساتھ پالیسی کے موثر نفاذ کو یقینی بنانےکیلئے بجٹ مختص کیا جائے گا۔ مزید برآں، سرکاری دفاتر میں کمپیوٹر کی پیڈ اور پرنٹرمیں رومن حروف تہجی کے ساتھ مراٹھی دیوناگری رسم الخط بھی شامل ہوناضروری قرار پا یا ہے۔ واضح رہے کہ یہ اقدام مراٹھی زبان کی پالیسی کا حصہ ہے جسے ۲۰۲۴ءمیں مہاراشٹر کی کابینہ نے منظور کیا تھا، جس کا مقصد انتظامیہ، تعلیم، میڈیا، قانون اور صنعت میں مراٹھی کی موجودگی کو مزید بڑھانا ہے۔حکومت کا منصوبہ آئندہ ۲۵؍ سالوں میں مراٹھی کو عوامی معاملات، علم اور روزگار میں ایک غالب زبان کے طور قائم کرنا ہے۔