ایکس پر شیئر کیا جا رہا مخطوطہ، وون براؤن کے `دی مارس پروجیکٹ` سے تعلق رکھتا ہے۔ اس میں مریخ کے حکومتی نظام پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: January 27, 2025, 5:03 PM IST | Inquilab News Network | Washington
ایکس پر شیئر کیا جا رہا مخطوطہ، وون براؤن کے `دی مارس پروجیکٹ` سے تعلق رکھتا ہے۔ اس میں مریخ کے حکومتی نظام پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے چیئرمین اور مریخ پر انسانوں کی آبادی بسانے کا خواب دیکھنے والے ایلون مسک ایک دفعہ پھر سرخیوں میں آگئے ہیں۔ ایکس پر مشہور راکٹ سائنسدان وینہر وون براؤن کا ۱۹۵۳ء کا ایک مخطوطہ شیئر کیا جارہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مریخ کے لیڈر کو `ایلون` کہا جائے گا۔ اس پوسٹ کو ٹیسلا سی ای او ایلون مسک نے بھی دیکھا اور اسے ری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، "یہ حقیقی کیسے ہو سکتا ہے؟"
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ایلون مسک نئے تنازع کا شکار، نازی سلامی کا اشارہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنے
ایکس پر شیئر کیا جا رہا مخطوطہ، وون براؤن کے `دی مارس پروجیکٹ` سے تعلق رکھتا ہے۔ اس میں مریخ کے حکومتی نظام پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ مریخی حکومت کی سربراہی `ایلون` نامی ایک فرد ہوتا ہے، جسے پانچ سال کی مدت کیلئے منتخب کیا جاتا ہے۔ وہ کابینہ کی نگرانی اور دو پارلیمانی ایوانوں کے ساتھ کام کرتا ہے۔ مخطوطہ کے سامنے آنے اور اس عجیب و غریب اتفاق کے بعد انٹرنیٹ صارفین قیاس آرائیوں میں مصروف ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، "شاید مسک ٹائم ٹریولر ہیں۔" دوسرے صارف نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ مخطوطہ نقلی ہوسکتا ہے۔
مسک نے خود اس مخطوطہ پر تفصیلی خیالات پیش نہیں کئے لیکن ان کا مختصر تبصرہ صارفین کو مختلف سازشی نظریات اور کہانیاں گھڑنے کیلئے تحریک دینے میں کامیاب رہا۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ مسک، وون براؤن کے وژن کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ کئی صارفین، مسک کے نام کے گہرے معانی کی نشاندہی کرتے ہوئے لسانیات اور ادب کے میدان سے حوالے دینے لگے۔ ایک صارف نے نوٹ کیا، "عبرانی میں ایلون کا مطلب `بلوط کا درخت` ہے، جو طاقت اور لمبی عمر کی علامت ہے۔ سیلٹک افسانوں میں، مریخ پر بلوط کا راج ہے!"
وینہر وون براؤن کون تھا؟
ورنر وون براؤن (۱۹۷۷-۱۹۱۲) ایک جرمن-امریکی ایرو اسپیس انجینئر تھا جس نے دوسری جنگ عظیم کے دوران وی-۲ راکٹ تیار کرنے اور بعد ازیں امریکی خلائی پروگرام میں تعاون کے ذریعہ شہرت حاصل کی۔ جنگ عظیم دوم کے بعد اسے آپریشن پیپر کلپ کے ذریعے امریکہ لایا گیا، جہاں اس نے ناسا کے سیٹرن پنجم Saturn V راکٹ کو تیار کرنے میں مدد کی، جس سے چاند پر لینڈنگ ممکن ہوئی۔ اپنے متنازع نازی ماضی کے باوجود، وون براؤن کو جدید راکٹری اور خلائی تحقیق کا علمبردار سمجھا جاتا ہے۔ "مریخ پروجیکٹ" میں براؤن کا تعاون، آج بھی خلائی سائنس کیلئے مشعل راہ ثابت ہو رہا ہے۔