• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’مہیرشاہ نے ڈرائیونگ سیٹ پر ہونے کا اعتراف کیا‘‘

Updated: July 11, 2024, 9:20 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

پولیس کا دعویٰ، ورلی ہٹ اینڈرن کیس کے ملزم اوراس کے ڈرائیور کو آمنے سامنے بٹھا کر کئی گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی۔ مہیرشاہ ۱۶؍ جولائی تک پولیس تحویل میں۔

Accused Mehershah (in niqab) is being taken to the Kosiwadi court. Photo: Syed Sameer Abdi
ملزم مہیرشاہ (نقاب میں)کوسیوڑی کورٹ لے جایا جارہا ہے۔ تصویر: سیّد سمیرعابدی

ورلی ہٹ اینڈ رن کیس کے ملزم مہیرشاہ (۲۴)کو منگل کو ویرار سے گرفتار کرنے اور دیر رات تک پوچھ تاچھ کرنے کے بعد پولیس نے اسے سیوڑی کورٹ میں پیش کیا  جہاں اسے ۱۶؍ جولائی تک  پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پوچھ تاچھ کے دوران ملزم مہیر شاہ نے اس بات کااعتراف کیا ہے کہ وہ بی ایم ڈبلیو کار کی سیٹ پر موجود تھا۔
بدھ کو ملزم مہیرشاہ کو پولیس نے سیوڑی کورٹ  کے جج ایس پی بھوسلے کے روبرو پیش کیا۔ وکیل استغاثہ بھارتی بھوسلے نےکہا کہ ’’ملزم مہیر نے نہ صرف انتہائی بے رحمی  اور سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاویری کو اپنی کار سے کچل ڈالا بلکہ جائے حادثہ سے فرار ہوگیا اور ثبوتوں کو مٹانے کی کوشش بھی کی۔ یہی نہیں اس نے گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی غائب کردی ہے جسے تلاش کرنا باقی ہے۔‘‘ پولیس نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ ملزم سے نہ صرف مٹائے گئے ثبوتوں سے متعلق پوچھ تاچھ کرنی ہے اورثبوت اکٹھے کرنے ہیں بلکہ اس پورے واقعہ  سے متعلق پوچھ تاچھ کرنی ہے اس لئے ملزم کو زیادہ سے زیادہ دنوں کیلئے پولیس تحویل میں دیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: لندن کا بکنگھم پیلس عوامی سیر کیلئے کل (۱۱؍ جولائی) سے کھول دیا جائے گا

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے ضبط شدہ فون سے جوتفصیلات حاصل ہوئی ہیں ،اس کی بنیاد پر یہ معلوم کرنا ہے کہ فرار ہونے کے دوران وہ کن کن لوگوں کے رابطے میں تھااور کن لوگوں نے اسے فرارہونے میں مدد دی تھی۔ اس پر وکیل دفاع سدیش پاسبولا نے عدالت کو مہیر کا موبائل فون ضبط کرنے اور دونوں (مہیر شاہ اور ڈرائیور راج رشی بداوت )کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ تاچھ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ اب  پولیس تحویل کی ضرورت نہیں ہے  ۔ اس جوازکو کورٹ نے خارج کرتے ہوئے ملزم مہیرشاہ کو ۱۶؍ جولائی تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم سنایا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان: یوکرین معاملے پر روس کے ساتھ اختلاف غیرحقیقی

دریں اثناء ورلی کے سینئر پولیس انسپکٹررویندر کاٹکر نےدعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ ’’منگل اور بدھ کی شب ملزم مہیر شاہ سے کئی گھنٹے تک  پوچھ تاچھ کی گئی جس کے دوران  اس نے نہ صرف ڈرائیونگ سیٹ پر موجود ہونے بلکہ اپنی کار سے کاویری ناکوا کو ڈیڑھ سومیٹرتک گھسیٹ کر لے جانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’پولیس کو گمراہ کرنے اور گرفتاری سے بچنے کیلئے مہیر نے اپنی ڈاڑھی بھی منڈوا دی تھی ۔اس نے ڈرکر فرار ہونے کا جواز بھی پیش کیا ہے۔‘‘  انہوں نے مزید بتایا کہ ’’مہیر اپنے دوستو ں کے ساتھ جوہو میں شراب پینے اور بوریولی میں اپنے گھر لوٹنے کے بعد جب دوبارہ اپنے ڈرائیور کے ساتھ لانگ ڈرائیو پر نکلا تھا تو پہلے ڈرائیور ہی کار چلا رہا تھا لیکن حاجی علی علاقے میں پہنچ کر اس نے ڈرائیور کوبازو والی سیٹ پر بٹھادیا اور خود سی لنک کی طرف لاپروائی سے کار چلاتے ہوئے ورلی کے اینی بیسنٹ روڈ پر اسکوٹرکو ٹکرماردی جس کی وجہ سےاس پر سوارکاویری ناکوا کی موت ہوگئی اور اس کا شوہر زخمی ہوگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK