• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی جے پی کو شکست کا خوف تھا،اسلئے ملکی پور کا ضمنی الیکشن ٹال دیا ہے

Updated: October 17, 2024, 9:48 PM IST | Lucknow

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا دعویٰ، انہوں نے کہا کہ زعفرانی پارٹی نے اندرونی سروے کرایا تھا جس میں ملکی پور سے اس کیلئے اچھی خبر نہیں تھی، اسلئےوہاں پر الیکشن ملتوی کردیا گیا.

Samajwadi MP Awadhesh Prasad. Photo: INN
سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمان اودھیش پرساد۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے ۲؍ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ساتھ ہی ۱۳؍ ریاستوں میں خالی ہونے والی اسمبلی کی ۴۸؍ اور لوک سبھا کی ۲؍ سیٹوں کیلئے انتخابات کی تاریخوں کااعلان کیا، لیکن حیرت انگیز طورپر اس میں فیض آباد (ایودھیا) لوک سبھا حلقے میں آنے والی ملکی پور اسمبلی کا نام شامل نہیں تھا۔  یہ وہی سیٹ ہے جہاں سے ۲۰۲۲ء میں سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اودھیش پرساد نے کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد میں جب وہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تو اسمبلی کی یہ سیٹ خالی ہوگئی۔ لوک سبھا الیکشن میں اودھیش پرساد کی کامیابی  کی وجہ سے بی جے پی خود کو شرمندہ محسوس کررہی ہے۔ سماجوادی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کو دوبارہ اس طرح کی شرمندگی سے بچانے کیلئے ہی ملکی پور کا الیکشن ٹال دیا گیا ہے۔

ممبئی: فرینکفرٹ سے ممبئی جانے والے وستارا کے طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی نے  اپنے طور پر ایک اندرونی سروے کروایا تھا، جس میں وہ ملکی پور میں بری طرح سے ہار رہی تھی، اس لئے وہاں کا الیکشن ملتوی کردیا گیا۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ لڑائی میں اُترنے سے پہلے ہی ہار گئے، وہ اپنی ساکھ بچانے کیلئے اب عدالت کے چکر لگا رہے ہیں۔   اکھلیش یادو نے کہا کہ  اندرونی سروے کی بنیاد پر بی جے پی نےپہلے  ملکی پور میں تعینات پسماندہ اور دلت طبقے کے تمام بی ایل اوز کو ہٹایا اور اس کے بعد ایک اور اندرونی سروے کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ نے خود انتظامیہ کے لوگوں کو بلایا، ان سے معلومات حاصل کی، انٹیلی جنس رپورٹ لی اور اس کے بعد بھی جب انہیں پتہ چلا کہ اتنا سارا کھیل کھیلنے کے باوجود وہ الیکشن ہار رہے ہیں، تو انہوں نے الیکشن ہی ملتوی کر دیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: عدالت نےمعزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جار ی کیا

سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ اگر یہ لوگ دو دن کے اندر عدالت سے عرضی واپس نہیں لے پاتے ہیں تو دیگرضمنی انتخابات کے ساتھ، ملکی پور میں الیکشن نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ اپیل کرتے ہیں کہ عدالت دو دن میں ان کی عرضی کو واپس لے تاکہ وہاں انتخابی عمل کا راستہ ہموار ہوسکے۔
  خیال رہے کہ اس سیٹ پرسماجوادی پارٹی نے اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ یہ بھی جاننا دلچسپ ہوگا کہ انہیں امیدوار بناتے ہی ان کے خلاف حملہ کرنے اور تاوان مانگنے کا ایک معاملہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی نے وہاں سے فی الحال کوئی امیدوار طے نہیں کیا ہے لیکن ملکی پور کے انچارج کی ذمہ داری خود وزیراعلیٰ یوگی نے لی ہے۔ اس طرح یہ نہ صرف ایک سیٹ کا مسئلہ ہے بلکہ ریاست میں وزیراعلیٰ کی ساکھ کا مسئلہ بھی ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK