• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گنیش چترتھی: ممبئی پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی

Updated: September 16, 2024, 9:03 PM IST | Mumbai

پولیس نے گنیش چترتھی کےآخری دن وسرجن کی تقریب کے پیش نظر رہنما خطوط جاری کئے ہیں جن کے مطابق شہر میں متعدد سڑکیں ٹریفک کے نقل و حمل کیلئے بند رہیں گی۔ ممبئی پولیس نے بھیڑ بھاڑ سے بچنے کیلئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کیلئے نجی گاڑیاں استعمال کرنے کے بجائے عوامی ذرائع نقل و حمل کا استعمال کریں۔

Mumbai Police has appealed to the citizens to follow the traffic advisory. Photo: INN
ممبئی پولیس نے شہریوں سے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی پولیس نے گنپتی وسرجن کے دن ٹریفک نظام کیلئے رہنما خطوط جاری کئے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل کریں۔ ممبئی کا کوسٹل روڈ شمالی اور جنوبی ممبئی کے درمیان نقل و حمل کیلئے ۱۸؍ ستمبر تک ۲۴؍ گھنٹے جاری رہے گا۔ ایف پی جے کی رپورٹ کے مطابق حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھیڑ بھاڑ سے بچنے کیلئے سفر کیلئے لوکل ٹرینوں اور بی ای ایس ٹی(بیسٹ) کی بسوںکو ترجیح دیں۔ پولیس کے مطابق وسرجن کی وجہ سے ٹریفک کے نظام میں خلل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

ریلوے اووربریج (آراو بی ایس) کیلئے نیا معیار لاگو
پولیس نے ریلوے اووربریج (آر او بی ایس) کیلئے نیا معیار لاگو کیا ہے۔ ایک وقت میں ہر بریج سے صرف ۱۰۰؍ لوگوں کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی ۔ تحفظ کیلئے آر او بی ایس پر لاؤڈ اسپیکر، رقص اور دیگر تقریبات کے انعقاد رپر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔شمال اور جنوب کے درمیان سفر کیلئے کوسٹل روڈ سفر کا بہترین ذریعہ ہوگا۔
 ایسٹرن فری وے، جنکشن روڈاور پرنسس اسٹیٹ پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔تاہم، منگل کو وسرجن کی تقریب کیلئے پولیس نےنجی گاڑیوںکے استعمال سےگریز اور اس کے بجائے سرکاری ذرائع نقل و حمل استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یمن اور لبنان سے اسرائیل پرزبرد ست میزائل حملے

جنوبی ممبئی میں متعدد سڑکیں ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند رہیں گی
جنوبی ممبئی (ایس او بی او)، میں متعدد علاقے گاڑیوں کی نقل و حمل کیلئے بند رہیں گے جن میں نتھ لال پاریکھ مارگ ، کیپٹن پرکاش پیٹھ مارگ اور قلابہ میں سالگاؤںکر مارگ شامل ہیں۔چھترپتی شیواجی مہاراج کے باہر مہاپالیکا مارگ ، اور کلبادیوی میں متعدد سڑکوں جیسے جے ایس ایس روڈ، وٹھل بھائی پٹیل روڈ اور سردار ولبھ بھائی پٹیل روڈپر پابندی عائد کی گئی ہے۔

وسرجن کی سرگرمیون کے سبب متعدد علاقوں میں بھیڑ بھاڑ کے امکانات
وسرجن کی سرگرمیوں کے سبب جن علاقوں میں زیادہ بھیڑ بھاڑ کے امکانات ہیں، ان میں گرگاؤں چوپاٹی کی جانب جانے والے راستے شامل ہیں، جن میں گرگاؤں، ٹھاکر دوار، وی پی روڈ، جے ایس ایس روڈ اور راجا رام مہون رائے روڈ ، کلبادیوی شامل ہیں۔
 دیگر بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں کف پریڈ، قلابہ میں بدھوار پارک، سی ایس ایم ٹی کے قریب میٹرو جنکشن اور بھنڈی بازار، پائیدھونی اور ڈی بی مارگ شامل ہیں۔ناگپاڑہ میں آگری پاڑہ، ناگپاڑہ جنکشن، سات رستہ جنکشن اور ممبئی سینٹرل جنکشن پرٹریفک کے نظام میں خلل پیدا ہونے اور بھیڑ بھاڑ کے امکانات ہیں۔ کار سواروں اور بائیک سواروں کو ڈاکٹر بی اے روڈ، لال باغ فلائیور، سر جے جے فلائیور اور کوسٹل روڈ کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تکنیکی دشواریوں کے سبب انڈیگو کی ممبئی- دوحہ پرواز ساڑھے ۱۷؍ گھنٹے متاثر

مضافات میں ٹریفک پر پابندیاں
دادر میں ہندماتا جنکشن، بھارت ماتا جنکشن، پریل ٹی ٹی جنکشن اور رنجیت بدھاکر چوک میں زیادہ ٹریفک ہونے کے امکانات ہیں۔ ورلی میں بھی متعدد سڑکیں بند کی گئی ہیں جن میںڈاکٹر اینی بسنت روڈ ،ورلی ناکا اور این ایم جوشی مارگ شامل ہیں۔دادر کا سواتنتر ویر ساورکر مارگ شیواجی پارک چوپاٹی کی طرف جانے والے جلوسوں کی وجہ سے سدھی ونائک مندر کے آس پاس بند رہے گا۔
کاندیولی میں دامو اننا دتے مارگ پر دہانوکر واڑی وسرجن پول میں متعدد سرگرمیوں کی وجہ سے ٹریفک پرپابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ بوریولی میں ایل ٹی روڈ پر ڈان باسکو جنکشن کے قریب، بوریولی جیٹی روڈ تک ٹریفک کیلئے سڑکیں بند ہوں گی۔

ریلوے اووربریج پر پابندیاں
ممبئی ٹریفک پولیس نے ۱۳؍ ریلوے اوور بریج(آر او بی ایس) کیلئے بھی رہنما خطوط جاری کئے ہیں جن میں گھاٹکوپر ، کری روڈ، بائیکلہ، مرین لائنس اوردادرتلک آر او بی میں ایک وقت میں صرف ۱۰۰؍ لوگوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔ تحفظاتی مقاصد کیلئے ان بریج پر لاؤڈ اسپیکر اور رقص وغیرہ پر پابندی عائدکی گئی ہے۔پولیس نے موٹر سواروں ، کارسواروں اور دیگر مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے رہنما خطوط پر عمل کریں اور وسرجن کے دن سفر کیلئے نجی گاڑیوںکے استعمال کے بجائے سرکاری ذرائع نقل و حمل کا استعمال کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK