• Tue, 11 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میوزک کمپوزر پریتم چکرورتی کے ۴۰؍ لاکھ روپے لوٹ لئے گئے

Updated: February 09, 2025, 2:03 PM IST | Mumabi

قومی اعزاز یافتہ میوزک کمپوزر پریتم چکرورتی کے ۴۰؍ لاکھ روپے نقد رقم لوٹ لی گئی ہے۔ یہ پیسے ان کے ملازم آشیش سیال نے لوٹے ہیں۔ پولیس نے ۵؍ فروری ۲۰۲۵ءکو آشیش سیال کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کے سیکشن ۳۰۶؍ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔

Pritam Chakraborty. Photo: INN
پریتم چکرورتی۔ تصویر: آئی این این

قومی اعزاز یافتہ میوزک کمپوزر پریتم چکرورتی ،جنہیں مشہور فلموں جیسے ’’دھوم ۲‘‘، ’’جب وی میٹ‘‘، ’’یہ جوانی ہے دیوانی‘‘، ’’باڈی گارڈ‘‘،’’لائف ان میٹرو‘‘، ’’دنگل‘‘ وغیرہ کیلئے اپنے مشہور نغموں کیلئے جانا جاتا ہے، کی ۴۰؍ لاکھ روپے کی نقدرقم لوٹ لی گئی۔ پولیس نے اس کیس میں ایف آئی آر درج کی ہے اور جس شخص نے پیسے لوٹے ہیںاس کے خلاف لُک  آوٹ نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا سب سے طاقتور،۱۹۳؍ ممالک کا ویزا فری

پریتم چکرورتی کے پیسے کس طرح چوری ہوئے؟
فری پریس جرنل کی رپورٹ کے مطابق ’’یہ حادثہ گورے گاؤں کے مغرب میں پریتم کے اسٹوڈیو میں ۴؍فروری کو پیش آیا تھا۔ آفس کے ایک لڑکے آشیش سیال نے ایک بیگ چوری کیا جس میں میوزک کمپوزر پریتم کو پروڈیوسرمدھو منٹینا نے کسی کام کیلئے ۴۰؍لاکھ روپے نقد رقم بھیجی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیال نے چکرورتی کے منیجر ونیت چیڈا کی طرف سے دراز میں رکھا بیگ سابق رہائش گاہ پر پہنچانے کے بہانے لے لیا تھا۔جب ونیت چیڈا کو اس کے بارےمیں علم ہوا تو انہوں نے رات بھر انتظار کیا کہ سیال بیگ لوٹا دے گا کیونکہ اس نے ان کے ساتھ ۷؍ سال تک کام کیا تھا۔جب سیال واپس نہ آیا تو میوزک کمپوزر نے پولیس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ملاڈ پولیس نے ۵؍ فروری ۲۰۲۵ء کو بھارتیہ نیائے سنہتا کے سیکشن ۳۰۶؍ کے تحت سیال کے خلاف کیس درج کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل پر جان بوجھ کر غزہ میں امداد پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام

پریتم چکرورتی بہترین میوزک ڈائریکٹر کااعزاز حاصل کرچکے ہیں
۲۰۲۴ء میں ’’برہماستراپارٹ ون: شیوا‘‘ میں بیسٹ میوزک ڈائریکشن کیلئے پریتم چکرورتی کو نیشنل فلم ایوارڈ تفویض کیا جاچکا ہے۔وگیان بھون، نئی دہلی میں نیشنل فلم ایوارڈز کی ۷۰؍ ویں تقریب میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں انہیں یہ اعزاز تفویض کیا گیا تھا۔ اعزاز حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ ’’میں بہت پرجوش ہوں۔ مجھے خوشی ہورہی ہے کہ میں نیشنل ایوارڈز کیلئے یہاں موجودہوں۔ جب ہمیں کسی سے محبت ملتی ہے تو بہت خوشی ہوتی ہے۔ ہمارے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ لوگ ہمارے کام کو پسند کرتے ہیں۔‘‘یاد رہے کہ’’برہماسترا: پارٹ ون: شیوا‘‘ میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، امیتابھ بچن، مونیت رائے اور دیگر نے اہم کردار ادا کئے ہیں۔ پریتم سلمان خان کی فلم ’’سکندر‘‘ میں میوزک ڈائریکٹر کے طور پرکام کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK