Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ ہتھیاروں کی برآمد کے قواعد میں نرمی کرکےجنگ کو ہوا دے رہا ہے:شمالی کوریا

Updated: April 21, 2025, 3:16 PM IST | Pyongyang

شمالی کوریا نے اتوار کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کی جس کے تحت انہوں نے ہتھیاروں کی برآمدات سے متعلق ملکی ضوابط میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ شمالی کوریا کے مطابق امریکہ جان بوجھ کر عالمی تنازعات کو اپنے مالی اور جغرافیائی سیاسی مفادات کیلئے ہوا دے رہا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

شمالی کوریا نے اتوار کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کی جس کے تحت انہوں نے ہتھیاروں کی برآمدات سے متعلق ملکی ضوابط میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ پیانگ یانگ نے الزام عائد کیا کہ واشنگٹن جان بوجھ کر عالمی تنازعات کو اپنے مالی اور جغرافیائی سیاسی مفادات کیلئے ہوا دے رہا ہے۔ ریاستی خبر رساں ایجنسی کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (KCNA) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ کے ۹ ا؍پریل کو جاری کردہ ایگزیکٹیو آرڈر, جس کے تحت امریکی فوجی ساز و سامان کی برآمد پر پابندیوں کا جائزہ لیا جانا ہے، کا مقصد امریکہ کیلئے غیر ملکی منڈیوں میں ہتھیار بیچنے کا عمل مزید آسان بنانا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: نیتن یاہونے حماس کی جنگ بندی شرائط مستردکردیں

بیان میں کہا گیا کہ ’’امریکہ کیلئے ہتھیاروں کی فروخت محض مالی فائدے کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ جارحانہ خارجہ پالیسی اور بالا دستی کے عزائم کو پورا کرنے کا ایک کلیدی ذریعہ ہے۔ کے سی این اے نے اس اقدام کو یوکرین اور غزہ میں جاری جنگوں سے جوڑتے ہوئے الزام لگایا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں کو فوجی سازوسامان فراہم کر کے ان تنازعات کو سفارت کاری کے نام پر طول دے رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیاکہ ’’امریکہ کا ہتھیاروں کی برآمد کے قوانین میں نرمی کا فیصلہ دراصل جنگوں کو وسعت دینے کا اقدام ہے۔ گزشتہ برسوں میں امریکہ کی ہتھیاروں کی برآمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جن میں سے کئی ہتھیار مبینہ طور پر یورپ اور مشرق وسطیٰ کے عسکریت پسندوں کے ہاتھوں میں جا پہنچے ہیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے اپنے شہریوں کیلئے بنگلہ دیش کا سفری انتباہ جاری کیا

کے سی این اےنے مزید الزام لگایا کہ واشنگٹن امن اور مکالمے کو فروغ دینے کے بہانے جنگوں کو ہوا دے رہا ہے اور انہیں طول دے رہا ہے اور دعویٰ کیا کہ امریکی ہتھیار اکثر ایسے پراکسی گروپوں کے ہاتھ لگتے ہیں جو تنازعات میں ملوث ہوتے ہیں۔ شمالی کوریا کی حکومت نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اس امریکی اقدام کے ردعمل میں کیا کارروائی کرے گی، تاہم، اس نے امریکی فیصلے کو ’’خطرناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ کی پالیسیوں پر مسلسل نظر رکھے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK