امریکی صدارت کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدواربننے کی راہ مزید ہموار۔
EPAPER
Updated: July 27, 2024, 1:44 PM IST | Agency | Atlanta
امریکی صدارت کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدواربننے کی راہ مزید ہموار۔
امریکہ کے سابق صدر بارک اوبامہ اور اُن کی اہلیہ سابق خاتونِ اول مشیل اوبامہ نے بھی صدارتی نامزدگی کیلئے نائب صدر کملا ہیرس کی حمایت کر دی ہے۔اس کے ساتھ ہی یکم اگست سے شروع ہونےوالے پارٹی کے قومی کنونشن میں اُن کی امیدواری پر مہر لگنا یقینی ہوگیاہے۔ ڈیمو کریٹک حلقوں میں مقبول بارک اوبامہ اوران کی اہلیہ نے حمایت کا اعلان جمعہ کو کملا ہیرس کو ویڈیو کال کرکے کیا۔
یہ بھی پڑھئے: کیمبرج کی آن لائن لغت میں ۳۲۰۰؍ نئے الفاظ کی شمولیت
ڈیمو کریٹک پارٹی کے دونوں لیڈروں کی جانب سے ایسے وقت میں کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہےجب حال ہی میں صدر بائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دست برداری کا اعلان کرتے ہوئے صدارتی نامزدگی کیلئے ان کا نام تجویز کیا ہے۔ یہ پیش رفت ملک کے پہلے سیاہ فام صدر اور پہلی ایشیائی نژاد نائب صدر کے درمیان دوستی اور تاریخی تعلق کو بھی اُجاگر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: خان یونس میں حالات ابتر، جو نکل سکے وہ دردر کی ٹھوکر کھارہے ہیں
ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران سابق صدر نے کملا ہیرس کو بتایا کہ’’میں اور مشیل آپ کی حمایت کرنے میں فخر محسوس کر رہے ہیں اور آپ کو اوول آفس تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔‘‘ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کملا ہیرس ایک پروگرام کے دوران یہ فون کال سن رہی ہیں اور اس دوران سیکریٹ سروس کے اہلکار بھی اُن کے ارد گرد موجود ہیں۔مشیل اوبامہ نے کہا کہ ’’کملا میں آپ سے کہنا چاہتی ہوں کہ مجھے آپ پر فخر ہے۔ یہ ایک تاریخی موقع ہو گا۔‘‘ ہیرس نے اوبامہ اور اُن کی اہلیہ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ۵؍نومبر کو الیکشن سے قبل وہ ان دونوں کے ساتھ آنے کی منتظر رہیں گی۔