• Sun, 17 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کولڈ پلے کنسرٹ: احمد آباد شو کے ٹکٹ منٹوں میں فروخت، بلیک میں دام ۶؍ گنا زیادہ

Updated: November 16, 2024, 9:58 PM IST | New Delhi

برطانوی بینڈ کولڈ پلے کے احمد آباد شو کے ٹکٹ بک مائی شو پر آن لائن جاری ہونے کے چند منٹوںکے اند ر ہی فروخت ہو گئے، جس کے بعد شائقین میں مایوسی پھیل گئی، جبکہ کچھ ہی منٹوں میں دیگر پلیٹ فارم پربلیک میں ٹکٹ دستیاب تھے جن کی قیمت ۲۵؍ ہزار سے ۲؍ لاکھ روپئے تک ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

برطانوی بینڈ کولڈ پلے جنوری ۲۰۲۵ءمیں پہلی بار ہندوستان میں پرفارم کرنےکیلئے تیار ہے۔ شائقین کی زبردست مانگ کو پورا کرنے کیلئے، بینڈ نے حال ہی میں ۲۵؍جنوری ۲۰۲۵ءکو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک اضافی کنسرٹ کا اعلان کیا، جس کے ٹکٹ سنیچرکی دوپہر کو براہ راست نشر کیے گئے۔ جس کے بعد شائقین نے آن لائن لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی شکایت کی، لیکن اتنی لمبی قطار کے باوجود انہیں صرف مایوسی ہاتھ لگی، کیونکہ ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے۔واضح رہے کہ فروخت کیلئےجیسے ہی ٹکٹیں آن لائن پلیٹ فارم پر لائیو ہوئیں بک مائی شو پر قطاریں لاکھوں میں پہنچ گئیں۔

یہ بھی پڑھئے: اترپردیش: جھانسی کے میڈیکل کالج کے نوزائیدہ بچوں کے یونٹ میں آتشزدگی۱۰؍ ہلاک، ۱۶؍ زخمی

کئی شائقین نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ٹکٹ حاصل کرنے کی تیسری کوشش میں بھی ناکامی پراپنی مایوسی کا اظہار کیا۔ایک مداح جس کا آن لائن قطار میں ساڑھے تین لاکھواں نمبر تھا،جس کا اس نے اسکرین شاٹ ساجھا کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ’’ بک مائی شو مجھے اپنا جی مین رینک بار بار دیکھنے کیلئے کیوں مجبور کر رہا ہے۔‘‘ایک اور پرستار، شیلیش کمار نے ٹکٹ بک کرنے کی کوشش کرنے کا اپنا تجربہ شیئر کیا۔ اس نے کہا کہ وہ تین ڈیوائسز استعمال کر رہا ہے، ایک لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور ڈیسک ٹاپ۔ اس نے ٹکٹیں حاصل کرنے کے زیادہ امکانات کی امید میں کئی ٹیب کھولے۔ تاہم، وہ اب بھی ورچوئل قطار میں ۶۴؍ ہزار ۵؍ سوصارفین کے پیچھے تھا۔
درحقیقت، ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہونے کے چند منٹوں کے اندر،ہی وائے گو گو جیسے پلیٹ فارم پر ٹکٹیں دوبارہ فروخت کیلئے پیش ہو گئیں، جن کے دام اصل قیمت سے پانچ سے چھ گنا زیادہ ہیں۔ایپ پر ساؤتھ پریمیم سیکشن کیلئے ایک ٹکٹ کی قیمت ۲؍لاکھ روپے ہے۔ یہاں تک کہ سب سے سستا ٹکٹ ۲۵؍ ہزارروپے سے شروع ہورہا ہے۔ جبکہ۲۵؍ جنوری کے کنسرٹ کے تقریباً ۲۰۰؍ ٹکٹ اب بھی وائےگوگو پر دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی: مشہور ’سرائے کالے خاں چوک‘ کا نام بھی تبدیل کردیا گیا

واضح رہے کہ کولڈ پلے کے ممبئی میں ہونے والےتین کنسرٹ کیلئےآن لائن ٹکٹوں کی فروخت گزشتہ مہینےشروع ہوئی تھی، لیکن بے شمار شائقین ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے، جبکہ بک مائی شو پر آن لائن قطار ۸؍ لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔ساتھ ہی ٹکٹوں کی کالابازاری کے تنازع کے بعد چوتھے کنسرٹ کا اعلان کیا گیا تھا۔ٹکٹوں کے تنازع کے سلسلے میں بک مائی شو نے بھی وضاحت کی ہے۔جب مہاراشٹر پولیس کے سائبر ونگ نے بک مائی شو سے ٹکٹوں کی کالابازری پر روک لگانے کیلئے اقدام کرنے کہا تو اس کے جواب میں بک مائی شو نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہم نے ٹکٹوں کی کالا بازاری کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے، اور تمام مطلوبہ معلومات متعلقہ سرکاری شعبے کو فراہم کی ہیں، ہم ٹکٹوں کی کالا بازاری اور ان تمام سرگرمیوں کے خلاف مستعدی سے لڑ رہے ہیں، جو ہندوستانی قانون کے خلاف ہیں، اور جو قابل سزا ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK