Updated: April 10, 2025, 9:08 PM IST
| Washington
اوپن اے آئی نے جوابی مقدمہ دائر کرتے ہوئے ایلون مسک پر الزام لگایا ہے کہ وہ `کمپنی کو نقصان پہنچانے کی نیت سے حرکت کر رہے ہیں۔سماجی پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اوپن اے آئی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بادشاہ `ذاتی فائدے کیلئے اے آئی کی معروف ایجادات پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
ایلون مسک (بائیں) سیم آلٹ مین (دائیں)۔ تصویر: آئی این این
اوپن اے آئی اور ایلون مسک کے درمیان قانونی کشمکش کے تازہ ترین واقع میں، اوپن اے آئی نے مسک کے خلاف جوابی مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں ان کی جانب سے ہراساں کرنے کی روش کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اوپن اے آئی نے ایکس پر لکھاکہ ’’ایلون کی ہمار ے خلاف مسلسل کارروائیاں اوپن اے آئی کو نقصان پہنچانے اور اے آئی کی معروف ایجادات پر اپنے ذاتی فائدے کیلئےقبضہ کرنے کی نیت سے ہیں۔ آج ہم نے انہیں روکنے کیلئے جوابی مقدمہ دائر کیا ہے۔‘‘جوابی مقدمے میں، اوپن اے آئی نے وفاقی جج سے درخواست کی ہے کہ وہ مسک کو اس ٹیکنالوجی کمپنی کے مستقبل کے ڈھانچے کے حوالے سے کسی بھی `غیر قانونی اور ناانصافی پر مبنی کارروائی کرنے سے روکیں اور انہیں ان کے کیے گئے نقصان کا ذمہ دار ٹھہرائیں۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ’’ا وپن اے آئی مضبوط ہے... لیکن مسک کی کارروائیوں نے اسے نقصان پہنچایا ہے۔ اگر ان کی مہم جاری رہی تو، اوپن اے آئی کے مشن کی خدمت کرنے، اس مشن کو آگے بڑھانےکیلئےضروری تعلقات، اور عوامی مفاد کو مزید نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔‘‘ اس کے علاوہ مقدمے میں مسک پر اے آئی کو نقصان پہنچانے کیلئے ہر ممکن ہتھکنڈا استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ کے سبب اسرائیل کے ہزاروں ٹیک ملازمین نے ملک چھوڑ دیا
دونوں فریقین کے درمیان جیوری ٹرائل۲۰۲۶ء کے موسم بہار میں شروع ہونے والا ہے۔ اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے۲۰۱۵؍ میں ارب پتی ایلون مسک کے ساتھ مل کر اوپن اے آئی کی بنیاد رکھی تھی۔ تاہم، کمپنی کے ٹیکنالوجی کے بادشاہ بننے سے پہلے، مسک نے تنظیم چھوڑ دی۔ مسک، جنہوں نے۲۰۲۳ء میں اپنی اے آئی فرم اے آئی ایکس بنائی، نے حال ہی میں اپنی سابقہ کمپنی کو منافع بخش ماڈل میں منتقل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھئے: ۱۶؍ سال سے کم عمر صارفین فیس بک، انسٹاگرام لائیو فیچر استعمال نہیں کرسکیں گے
واضح رہے کہ۲۰۲۴ء میں، مسک نے اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا، جس میں الزام لگایا گیا کہ اوپن اے آئی نے اپنے مشن سے انحراف کیا ہے — ، اے آئی کی تیاری انسانیت کی بھلائی کیلئے تھی نہ کہ منافع کیلئے۔تاہم، آلٹ مین اور ان کی فرم نے الزامات سے انکار کیا ہے۔ جواب میں، آلٹ مین نے مسک پر الزام لگایا کہ وہ مد مقابل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔