نو ادر لینڈ کے شریک ہدایت کار باسل ادرا نے اتوار کی شام آسکرز کی ریڈ کارپٹ پر قدم رکھا تو وہ فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کیلئےفلسطینی برانڈ کے جوتے پہنے ہوئے تھے۔
EPAPER
Updated: March 07, 2025, 1:39 PM IST | Gaza
نو ادر لینڈ کے شریک ہدایت کار باسل ادرا نے اتوار کی شام آسکرز کی ریڈ کارپٹ پر قدم رکھا تو وہ فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کیلئےفلسطینی برانڈ کے جوتے پہنے ہوئے تھے۔
بہترین دستاویزی فلم کا آسکر جیتنے والی فلم نو ادر لینڈ کے شریک ہدایت کار باسل ادرا اپنے ساتھیوں ہمدان بلال، ریچل زور اور یوول ابراہم کے ساتھ پہنچے، جن میں سے کئی نے فلسطینی اسکارف اور کفیہ گلے میں پہن رکھے تھے۔ تاہم، ادرا نے اپنے جوتوں کے ذریعےفلسطین کی حمایت کا اظہار کیا۔ان کے سفیدجوتے ریزولیوٹ آر جی ایل کے ہیں، جو ایک ٹرینر اسٹارٹ اپ ہے جس کی انہوں نے بنیاد رکھی ہے اور جو فلسطینی جنوبی ہبرون کی خواتین کی ویونگ کوآپریٹو کے ساتھ کام کرتا ہے، جسے ان کی والدہ کفاح ادرا چلاتی ہیں۔
ہرجوتے پرروایتی فلسطینی تطریز کی کڑھائی کی پٹیاں ہیں، جو سفید پس منظر پر ٹیراکوٹا اور آسمانی نیلے رنگ کے ہیں۔ ہاتھ سے بنے ہوئے کراس سلائی کے یہ ٹکڑے پھر آئی اسٹے پر سیے گئے ہیں – وہ مضبوط حصے جو جوتے کے فیتے رکھنے والے سوراخوں کے ارد گرد اور ایڑی پرہوتے ہیں۔ یہ جوتے سفید، آسمانی نیلے اور ٹیراکوٹا رنگوں میں دستیاب ہیں۔ادرا نے انسٹاگرام پر لکھا، ’’یہ برانڈ میرے اپنوں کی وراثت اور روایت کی نمائندگی کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے جوتوں کے برانڈ کی کِک اسٹارٹر صفحہ کا لنک بھی شیئر کیا، جو اس کے سوشل میڈیا صفحے کے مطابق ری سائیکل مواد سے بنے ہیں اور ہاتھ سے تیار کیے گئے ہیں۔
ادرا نے۲۰۲۴ء میں جوزف لیون کے ساتھ مل کر ریزولیوٹ آر جی ایل کی بنیاد رکھی، جس میں تطریز کی کڑھائی والے کپڑوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ دونوں اب اکیڈمی ایوارڈز کا استعمال کرتے ہوئے عالمی سامعین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی امید میں جوتوں کوباقاعدہ طور پر لانچ کر رہے ہیں،ان جوتوں کوکافی پذیرائی مل رہی ہے، جیسے موسیقار پیٹر گیبریل نے انہیں پہنے ہوئے اپنی تصویر پوسٹ کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نیویارک: برنارڈ کالج میں فلسطین حامی مظاہرین طلبہ پر کریک ڈاؤن، حراست میں لیا گیا
واضح رہے کہ فلسطینی خواتین کی ویونگ کو آپریٹیو ۲۰۰۵ء میں قائم کی گئی تھی تاکہ اسرائیلی جارحیت کے سبب اپنے زیتون کے باغات اور مویشی کھو دینے والی خواتین کو مدد فراہم کر سکے۔ساتھ ہی یہ روایتی سلائی اور کڑھائی کی مہارتوں کو زندہ رکھنے میں مدد کرتا ہے ۔اب، جب کہ ریزولیوٹ آر جی ایل کا آغاز آسکرز جیسی عالمی تقریب کے بعد ہوا ہے، یہ اسے فنڈز حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہےتاکہ جوتوں کی تیاری بڑے پیمانے پر کی جا سکے۔ یہ نہ صرف فلسطین کے حامیوں کو ان کی مدد کا ایک موقع فراہم کرتا ہے بلکہ ان کے قدموں کو ایک نئی سمت بھی عطا کرےگا۔