Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

رمضان کے ۲۱؍ دنوں میں مسجد حرم اور نبویؐ میں ۱۷؍ ملین سے زائد افطار باکس تقسیم

Updated: March 26, 2025, 5:10 PM IST | Riyadh

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے ابتدائی ۲۱؍ دنوں میں ۱۷؍ ملین افطار کے باکس تقسیم جبکہ ایک کروڑ ۱۷؍ لاکھ ۹۰؍ہزار کھجور کے ڈبے تقسیم کئے گئے ہیں۔

17 million Iftar boxes have been distributed in the first 21 days of Ramadan. Photo: X
رمضان کے ابتدائی ۲۱؍ دنوں میں افطار کے ۱۷؍ ملین باکس تقسیم کئے گئے ہیں۔تصویر: ایکس

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل اتھاریٹی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے رمضان المبارک کے ابتدائی ۲۱؍ دنوں کے دوران مسجد حرم اور مسجد نبوی میں ۱۷؍ ملین سے زائد افطار کے باکس تقسیم کئے ہیں۔ مزید برآں اتھاریٹی نے ایک کروڑ ۷۱؍ لاکھ ۹۰؍ ہزارکے کھجور کے ڈبےاور زم زم کی بوتلیں بھی تقسیم کی ہیں۔ اتھاریٹی کے مطابق اسی دوران ۲۷؍ ہزار ۱۰۵؍ کیوبک میٹر زم زم کا پانی استعمال کیا گیا ہے جو ۱۵؍ کروڑ۶؍ لاکھ ۱۴؍ ہزار کپ اور ۷؍ لاکھ ۲۱؍ ہزار۷۷۴؍ زم زم کی بوتلوں کے برابر ہے۔ اتھاریٹی نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ دن بھر مسجد حرم اور مسجد نبوی میں صاف صفائی کا خیال رکھیں جہاں اسی دوران ۴؍ ہزار ۴۲۹؍ ٹن فضلہ ہٹایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’مسلم نوجوانوں کیخلاف یک طرفہ کارروائی کی جارہی ہے‘‘

مسلمانوں کی بڑی تعداد مکہ کا رخ کررہی ہے
ماہ رمضان کے آخری ۱۰؍ دنوں کی برکتوں سے فیضیاب ہونے کیلئے دنیا بھر سے زائرین کی بڑی تعداد مکہ مکرمہ کا رُخ کررہی ہے۔ سعودی حکام کے مطابق رمضان المبارک کے ۲۲؍ ویں دن اور ۲۳؍ ویں شب کو مسجد حرام میں ۳۰؍ لاکھ سے زائد زائرین جمع ہوئے۔ حج اور عمرہ کے وزیر توفیق الربیعہ نے انکشاف کیا کہ ۲۲؍ ویں دن تقریباً ۵؍ لاکھ ۹۲؍ ہزار ۱۰۰؍ مصلیان نے نمازِ فجر ادا کی، اس کے بعد ظہر کیلئے ۵؍ لاکھ ۱۸؍ ہزار، عصر کیلئے ۵؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۷۰۰، مغرب کیلئے ۷؍ لاکھ ۱۰؍ ہزار ۵۰۰؍ اور عشاء اور تراویح کیلئے ۷؍ لاکھ ۳۲؍ ہزار ۷۰۰؍ مصلیان حاضر ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی کی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ کروڑ کا بجٹ پیش

روزانہ ۳۰۰ ؍ٹن زم زم کا پانی فراہم  کیا جاتا ہے
مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریزیڈنسی حجاج اور زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے، تاکہ وہ اپنی عبادات کو آسانی اور سکون کے ساتھ انجام دے سکیں۔ ان خدمات میں زم زم کا پانی فراہم کرنا بھی شامل ہے، جو روزانہ مکہ سے مدینہ پمپ کیا جاتا ہے، تاکہ مسجد نبوی کے زائرین دن بھر اس مبارک پانی سے مستفید ہو سکیں۔ سقیہ محکمہ کے ذریعے رمضان کے مہینے میں روزانہ مسجد نبوی میں۳۰۰؍ ٹن زم زم کا پانی فراہم کیا جاتا ہے، جو۱۸۰۰۰؍ کنٹینرمیں تقسیم کیا جاتا ہے اور مسجد نبوی، اس کی چھت اور اس کے صحنوں میں رکھا جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK