پاکستانی حکام کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں سعودی عرب، یو اے ای اور چین سمیت سات ممالک سے ۲۵۸؍پاکستانیوں کوملک بدر کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: January 10, 2025, 8:32 PM IST | Inquilab News Network | Islamabad
پاکستانی حکام کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں سعودی عرب، یو اے ای اور چین سمیت سات ممالک سے ۲۵۸؍پاکستانیوں کوملک بدر کیا گیا ہے۔
پاکستانی حکام نے بتایا کہ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران سعودی عرب، یو اے ای اور چین سمیت سات ممالک سے ۲۵۸؍ پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا ہے۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محکمہ امیگریشن کے ترجمان نے بتایا کہ ان میں سے ۱۴؍کے پاس پاکستانی پاسپورٹ تھے جب کہ ۲۴۴؍کو ہنگامی سفری دستاویزات پرملک بدر کیا گیا۔حکام نے مزید بتایا کہ ملک بدر کئے گئے افراد میں سے ۱۶؍ کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک کی شناخت مشکوک تھی، جب کے باقی کو تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: جنوبی افریقہ : شادیوں کا انتظام کروانے کے بہانےفریب دہی، خاتون گرفتار
حکام کے مطابق سعودی عرب سےملک بدر کیے گئے افراد میں سے ۹؍ پیشہ ور بھکاری تھے۔اس کے علاوہ ان میں سے دو بغیر اجازت حج کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے اور انہیں سزا پوری کرنے کے بعد واپس بھیج دیا گیا۔حکام کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ملک بدر کیے جانے والوں میں سے کئی اسپانسر شپ کے بغیرملازمت کر رہے تھے جبکہ چار کو منشیات کے الزام میں ملک بدرکیا گیا تھا۔چین، قطر، انڈونیشیا، قبرص اور نائیجیریا سے ایک ایک فرد کو ملک بدر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بدری میں نمایاں طور پراضافہ ہو رہا ہے۔گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے کراچی ایئرپورٹ پر مختلف ممالک کا سفر کرنے والے ۳۵؍مسافروں کو بھی اتاردیا کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی پاسپورٹ مزید کمزور ہوگیا، عالمی جدول میں ۸۵؍ ویں نمبر پر
عمرہ کے ویزے پر سعودی عرب جانے والے مسافروں کو ہوٹل کی پیشگی بکنگ اور اخراجات کیلئے ناکافی رقم کی وجہ سے اتاردیا گیا۔ورک ویزا پر سعودی عرب جانے کے خواہشمند مسافروں کو ورک ویزا کی مناسب دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے اتار دیا گیا۔حکام نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کے پاس مکمل دستاویزات، مناسب ویزا، پیشگی بکنگ کیلئے مناسب رقم موجود ہو تاکہ اس قسم کے واقعات سےبچا جا سکے۔