Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

فلسطینیوں کا ٹرمپ کو کرارا جواب: غزہ کا اے آئی ویڈیو جاری کیا، سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی

Updated: March 01, 2025, 10:08 PM IST | Inquilab News Network | Gaza

فلسطینی نوجوانوں نے ٹرمپ کے ذریعہ شیئر کی گئی متنازع اے آئی ویڈیو کا جواب دیتے ہوئے ایک اے آئی ویڈیو جاری کرکے واضح کیا کہ غزہ ہمیشہ فلسطین کا اٹوٹ حصہ رہے گا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فلسطینی نوجوانوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو انہی کے انداز میں سخت جواب دیتے ہوئے، اے آئی سے تیار کردہ ایک ویڈیو جاری کیا ہے۔ مستقبل کے غزہ کا ویڈیو جاری کرکے فلسطینیوں نے پیغام دیا ہے کہ غزہ کا مستقبل، اس کے عوام کا ہے، اسے فتح کرنے کا خواب دیکھنے والوں کا نہیں۔ فلسطینی نوجوانوں کا جاری کردہ ویڈیو بعنوان "ٹرمپ کیلئے پیغام: غزہ ہمیشہ فلسطینیوں کا رہے گا۔" اے آئی سے تیار کردہ یہ ویڈیو سہت انگلش نامی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا گیا ہے جو غزہ کے متعلق پوسٹس کرنے کیلئے جانا جاتا ہے۔ اس ویڈیو میں غزہ کے تئیں ٹرمپ کے منصوبہ سے مختلف نقظہ نظر پیش کیا گیا ہے۔ 

ویڈیو کے پس منظر میں انگریزی نغمہ لینڈ آف ہوپ (امید کی سرزمین) سنا جاسکتا ہے جو حوصلہ کی علامت ہے۔ ویڈیو میں فلسطینی نوجوانوں کی تصویر کشی کی گئی ہے جو اپنے وطن کی تعمیر نو اور اس پر دوبارہ اپنا قبضہ جتانے کیلئے تیار ہیں۔ ٹرمپ کے ویڈیو کی طرح بدمزاجی اور سامان عیش و عشرت دکھانے کے برعکس، ویڈیو میں غزہ کے کھنڈرات میں مسکراتے بچوں کو دکھایا گیا ہے جو درخت لگا رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں اسکول کی طرف جاتے طلبہ بھی دیکھے جاسکتے ہیں جن کی تعمیر نو ابھی باقی ہے۔ ویڈیو میں بچے غبارے ہوا میں چھوڑتے نظر آتے ہیں جن پر "آئی لو غزہ (میں غزہ سے پیار کرتا ہوں)" لکھا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں "اپنے دلوں اور ہاتھوں سے، ہم اپنی زمین بنائیں گے" کی دھن بار بار دہرائی گئی ہے جو دھن کے پکے فلسطینی نوجوانوں کے دلوں کی غماز ہے۔ یہ مناظر، چند دنوں قبل ٹرمپ کے ذریعہ شیئر کئے گئے ویڈیو سے بالکل مختلف ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ: مساجد کےکھنڈرات کے درمیان فلسطینیوں نے رمضان کی پہلی تراویح ادا کی

سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل

ٹرمپ کے مذموم ویڈیو پر فلسطینیوں کے کرارے جواب کی سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے خوب پذیرائی کی گئی۔ صارفین نے ویڈیو کو "فلسطینی شناخت کا ایک طاقتور دعویٰ" قرار دیا۔ ایک فلسطینی صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کیا: "یہ ہماری سرزمین ہے۔ ہم تعمیر کریں گے۔ ہم اٹھیں گے۔" ایک اور صارف نے پوسٹ کیا، "ٹرمپ کے تصوراتی غزہ میں فلسطینی موجود نہیں ہیں جبکہ فلسطینی اپنے لوگوں کے ساتھ غزہ کی ترقی کا خواب دیکھتے ہیں۔" عبدالوہاب شجاع نامی صارف نے ایکس پر لکھا، "یہ مزاحمت ہے۔ یہ ثابت قدم غزہ ہے۔ یہ انسانیت کا غزہ ہے۔ یہ زندگی سے بھرپور غزہ ہے۔" ڈیوڈ گیٹ مین نیاس نامی صارف نے تبصرہ کیا کہ غزہ کا تازہ ترین ویڈیو بہتر ہے۔ یہ سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت کے جذبات کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ کئی گنا بہتر ہے۔" ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا، "اسرائیل چاہتا ہے کہ غزہ ختم ہو جائے، فلسطینی چاہتے ہیں کہ ان کا وطن ترقی کرے، یہی فرق ہے۔"

یہ بھی پڑھئے: غزہ: رمضان میں جنگ بندی قائم رکھنے کی اپیل

واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے مستقبل کے غزہ کا اے آئی سے تیار کردہ تصوراتی ویڈیو شیئر کیا تھا۔ اس ویڈیو میں ٹرمپ کے مجوزہ "مشرق وسطیٰ کے سیاحتی مقام" میں ایک "ٹرمپ ریزارٹ"، ٹرمپ کا سنہری مجسمہ، نقدی کی بارش میں رقص کرتے امریکی ارب پتی ایلون مسک اور کاک ٹیل کے گھونٹ بھرتے اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کو دکھایا گیا تھا۔ ٹرمپ کے شیئر کردہ اس ویڈیو پر فلسطینیوں سمیت عالمی برادری نے سخت ردِعمل ظاہر کیا تھا اور اس اقدام کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی۔ ناقدین نے اسے "خالص برائی"، "نسلی صفائی کو ریئل اسٹیٹ ڈیل کے نام سے منسوب کرنے والا" بتایا اور اسے "غزہ کے مصائب کا ایک بھیانک مذاق" کہا۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے اسے فلسطینیوں کے خلاف نفسیاتی جنگ کا ایک حصہ قرار دیا۔ کئی افراد نے ویڈیو میں موجود بلند سنہری مجسمہ کو، جسے دجال کی علامت بھی کہا جاتا ہے، بائبل کے نظریہ سے دیکھا۔ عیسائی عقیدہ میں پیشین گوئی کی گئی ہے کہ ایسی ہی شخصیت، مسیحا کی مخالفت کرے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK