• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مسلمانوں کیخلاف ہجومی تشدد کیلئے راہل گاندھی نے بی جےپی سرکار کو ذمہ دارٹھہرایا

Updated: September 02, 2024, 10:20 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

چرخی دادری میں مسلم نوجوان کے قتل اور کلیان میں بزرگ کے ساتھ مارپیٹ کی تصویر کے ساتھ صدائے احتجاج بلند کی، سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

Rahul Gandhi. Photo: INN
راہل گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

ہریانہ کے چرخی دادری میں ایک مسلم شخص کو بیف کھانے کے شبہ میں  پیٹ پیٹ کر مار دیئے جانے اور مہاراشٹر میں ٹرین میں ایک ۷۲؍سالہ بزرگ کو بیف لے جانے کے شک میں زدو کوب کئے جانے پر اتوار کو لوک سبھا میں  اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ’ایکس پوسٹ‘ کے ذریعہ صدائے احتجاج بلند کی۔ انہوں نے دونوں  واقعات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہےکہ’’ مسلمانوں کے خلاف مسلسل حملے جاری ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ‘‘ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ’’ نفرت کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے اقتدار کی سیڑھی پر چڑھنے والے پورے ملک میں خوف کا راج قائم کر رہے ہیں۔ بھیڑ کی شکل میں چھپے شر پسند قانون کی حکمرانی کو چیلنج کرتے ہوئے کھلے عام تشدد پھیلا رہے ہیں۔ ان شرپسندوں کو بی جے پی حکومت کی جانب سے کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے، اسی لیے ان کے اندر ایسا کرنے کا حوصلہ پیدا ہوا ہے۔ ‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر مسلسل حملے جاری ہیں اور سرکاری مشینری خاموش تماشائی بن کر دیکھ رہی ہے۔ ایسے شرپسند وں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ہندوستان کے فرقہ وارانہ اتحاد اور ہندوستانی عوام کے حقوق پر کوئی بھی حملہ آئین پر حملہ ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:شیواجی کی توہین ناقابل معافی، حکمراں محاذ کیلئے’’ گیٹ آؤٹ‘‘ کا نعرہ

راہل گاندھی نے اعلان کیا کہ ’’ایسے حملے ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ چاہے بی جے پی کتنی ہی کوشش کرے، ہم نفرت کے خلاف ہندوستان کو متحد کرنے کی اس تاریخی جنگ کو ہر قیمت پر جیتیں گے۔ ‘‘اس بیچ چرخی دادری میں ہجومی تشدد کے واقعہ پربی ایس پی سپریمومایاوتی نے حکومت سے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مایاو تی نے ’ایکس‘ پر لکھاکہ ماب لنچنگ کا روگ ختم ہونے کانام نہیں لے رہا ہے، ہریانہ میں ایک شخص کو گوشت کھانے کے شبہ میں  پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا، اس طرح کے واقعات انسانیت کو شرمسار اور قانون کے راج کی پول کھولتے ہیں۔ اس کی جتنی  مذمت کی جائے کم ہے۔ انھوں نے اس معاملہ میں  ملوث افرادکے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:غزہ: سرنگ سے ایک امریکی نژاد سمیت چھ اسرائیلی یرغمالوں کی لاش برآمد

چرخی دادری کیس میں ۸؍ واں ملزم گرفتار، ٹرین  کیس میں  ۳؍ملزم زیر حراست
ہریانہ میں  بیف کھانے کے شبہ میں مغربی بنگال کے مہاجر مزدور صابر ملک کو پیٹ پیٹ کر ماردینے کے معاملے میں پولیس نے اتوار کو ۸؍ ویں ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس کی شناخت موہت کے طورپر کی گئی ہے ۔اس کیس میں گرفتار ہونےوالو ں میں ۲؍ نابالغ  ہیں۔ دوسری طرف مہاراشٹر میں ٹرین میں  ۷۲؍ سالہ مسلم بزرگ کے ساتھ مارپیٹ کے معاملے میں پولیس  نے دھولیہ سے ۳؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔    کلیان  جی آر پی کی کارروائی کی تفصیلی رپورٹ صفحہ ۳؍ پر

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK