• Mon, 24 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برڈ فلو کا خدشہ ، لاتور کے بعد رائےگڑھ میں علامتیں

Updated: January 22, 2025, 3:55 PM IST | Inquilab News Network | Raigad

اُرن کے چرنیر گائوں کی مرغیوں میں برڈ فلو کی تصدیق ، ایک ہزار مرغیوں کو ٹھکانے لگایا گیا، لاتور میں پہلے ہی کوئوں کی موت کے بعدکچھ علاقوں کو ’الرٹ ژون‘ قرار دیا گیا ہے

Currently, bird flu has been confirmed in 2 districts of the state. File photo
فی الحال ریاست کے ۲؍ اضلاع میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے۔ فائل فوٹو

ریاست میں برڈ فلو کا خطرہ پھر سر اٹھانے لگا ہے۔ گزشتہ دنوں خبر آئی تھی کہ مراٹھواڑہ کے لاتور ضلع میں ۵۰؍ کوئوں کی موت ہوگئی۔ جانچ کرنے پر معلوم ہوا کہ انہیں برڈ فلو ہوا تھا۔ اب اسی طرح کی علامتیں کوکن کے ضلع رائے گڑھ میں بھی ملی ہیں جس کی وجہ سے یہاں ایک ہزار مرغیوں کو ٹھکانے لگایا گیا ہے۔ جبکہ انتظامیہ نے عوام کو الرٹ کر دیا ہے۔ 
اطلاع کے مطابق رائے گڑھ ضلع کے اُرن تعلقے میں واقع چرنیر گائوں میں کچھ دیسی ( گھروں میں پالی جانے والی) مرغیوں میں برڈ فلو کی علامتیں پائی گئی ہیں۔ دراصل جب چرنیر گائوں کی کچھ مرغیوں میں یہ مرض پایا گیا تو اس کی اطلاع ضلع انتظامیہ کو دی گئی۔ ضلع انتظامیہ نے ان مرغیوں کے نمونے جانچ کیلئے بھوپال کی لیب میں بھیجے جہاں مویشیوں کے امراض کی جانچ ہوتی ہے۔ بھوپال کی لیباریٹری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان مرغیوں کو برڈ فلو ہوا ہے۔ اس رپورٹ کے ملتے ہی رائے گڑھ ضلع انتظامیہ مستعد ہو گیا۔ اس نے چرنیر گائوں کے اطراف میں ایک کلو میٹر تک کو ممنوعہ علاقہ قرار دیا ہے۔ اس علاقے میں آئندہ ۹؍ فروری تک چکن کی دکانیں بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نیز مقامی باشندوں کو محتاط رہنےکی ہدایت دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے چرنیر گائوں اور اطراف کے علاقوں سے احتیاطاً ایک ہزار مرغیوں اور ان کے انڈوں کو ٹھکانے لگایا ہے۔ چرنیر گائوں میں مہندر موکل نامی شخص کا ایک پولٹری فارم ہے یہاں ۳۰۵؍ مرغیوں کو ذبح کر دیا گیا۔ انتظامیہ نےہدایت دی گئی ہے کہ اگر کسی جگہ مرغیوں یا دیگر پرندوں میں کوئی مشتبہ علامت پائی گئی تو اس کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ تک پہنچائی جائے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سیف علی خان اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے، اسی فلیٹ میں گئے جہاں حملہ ہوا تھا

لاتور میں بھی تصدیق ہو چکی ہے
اس سے قبل مراٹھواڑہ کے ضلع لاتور میں واقع اُدگیر شہر میں برڈ فلو کی تصدیق ہو چکی ہے۔ یہاں جگہ جگہ مرے ہوئے کوے ملے تھے جس کی اطلاع انتظامیہ کو دی گئی تھی۔ انتظامیہ نے جانچ کی تو شہر میں تقریباً ۵۰؍ کوے مرے ہوئے ملے جن کے نمونے بھوپال کی لیب بھیجے گئے۔ وہاں سے رپورٹ آئی کہ ان میں برڈ فلو کی علامتیں موجود ہیں۔ یاد رہے کہ مردہ کوئوں کے تعلق سے اطلاع ۱۳؍ جنوری سے آنی شروع ہوئی تھی جس کے بعد انتظامیہ نے لیب میں نمونے بھیجے۔ ۱۹؍ جنوری کو رپورٹ سامنے آئی کہ ان مردہ کوئوں میں برڈ فلو کی علامتیں موجود ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اُدگیر شہر کے مہاتما گاندھی گارڈن، ہتاتمااسمارک، نگر پریشد لائبریری اور پانی کی ٹنکی، ان علاقوں میں مردہ کوے پائے گئے تھے۔ لہٰذا ان علاقوں کے اطراف میں ۱۰؍ کلو میٹر تک کےمقامات کو الرٹ ژون‘ قرار دیا گیا ہے۔ جن علاقوں میں مرے ہوئے کوئے پائے گئے تھے وہاں دیگر پرندوں کو لانے لے جانے کی ممانعت کر دی گئی ہے۔ باہر سے آنے والی گاڑیوں کو بھی ان علاقوں میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے۔ الرٹ ژون یعنی یہاں سے ۱۰؍ کلو میٹر تک کے علاقوں میں موجود مرغیوں ، یا ان کی نسل کے دیگر پرندوں کی جانچ کا حکم جاری گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: شملہ کے بلڈ بینکوں میں خون کی قلت، عوام سے بلڈ ڈونیشن کی اپیل

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ البتہ خود محتاط رہیں۔ اگر الرٹ ژون کے علاوہ کسی علاقے میں پرندوں میں کوئی مشتبہ علامت پائی جاتی ہے تو ضلع انتظامیہ کو اس کی اطلاع دیں۔ فی الحال مراٹھواڑہ اور کوکن کے ان ۲؍ اضلاع کے علاوہ کسی اور جگہ سے اس طرح کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ یاد رہے برڈ فلو ایچ ۵؍ این ون نامی بیماری ہے جس کی وجہ سے پرندوں میں بخار پیدا ہوتا ہے جو ان کی موت کا سبب بنتا ہے۔ اس کے جراثیم انسانوں میں بھی پھیلتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK