فوربس کی ارب پتیوں کی ریئل ٹائم فہرست کے مطابق ایلون مسک اس وقت کرۂ ارض پر واحد ایسے شخص بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت ۳۰۰؍ بلین ڈالر سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ٹرمپ کی جیت کے بعد ٹیسلا کے شیئر کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا۔
EPAPER
Updated: November 09, 2024, 10:04 PM IST | Washington
فوربس کی ارب پتیوں کی ریئل ٹائم فہرست کے مطابق ایلون مسک اس وقت کرۂ ارض پر واحد ایسے شخص بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت ۳۰۰؍ بلین ڈالر سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ٹرمپ کی جیت کے بعد ٹیسلا کے شیئر کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا۔
امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے شیئرز کی قیمتوں میں گزشتہ پانچ دنوں میں ۳۰؍ فیصد کا اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کی مجموعی دولت ۳۰۰؍ بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ واضح رہے کہ مسک نے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی حمایت کی تھی۔ فوربس کی ارب پتیوں کی ریئل ٹائم فہرست کے مطابق ۳۰۴؍ بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ مسک اس وقت کرۂ ارض پر واحد ایسے شخص بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت ۳۰۰؍ بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔ جمعہ کو ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں ۱۹ء۸؍ فیصد کا اضافہ ہوا اور ۲۲ء۳۲۱؍ بلین ڈالر کی مالیت تک پہنچ گئے۔ اس کے بعد ایلون مسک کی دولت جمعہ کو صرف ایک دن میں ۴ء۱۷؍ فیصد اضافہ کے ساتھ ۳۰۴؍ بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ یاد رہے کہ امریکی انتخابی نتائج سے پہلے ان کی دولت تقریباً ۲۵۰؍ بلین ڈالر تھی۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کی منیجرسوزی وائلزکو چیف آف اسٹاف مقرر کیا
گزشتہ پانچ دنوں میں، ٹیسلا کے اسٹاکس کی قیمتوں تقریباً ۳۰؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کی تاریخی کامیابی کے بعد حصص کی قیمتوں میں یہ اضافہ ہوا۔ ایلون مسک نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کی بھرپور حمایت کی تھی اور ان کی ریلیوں میں شرکت بھی کی جبکہ ٹرمپ نے بھی کھل کر مسک کی حمایت کی۔ نتیجتاً ٹرمپ کی جیت نے مسک کی دولت میں زبردست اضافہ کیا ہے۔ ایلون مسک کے بعد اوریکل کے لیری ایلیسن ۷ء۲۳۰؍ بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ زمین پر دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔ جیف بیزوس ۵ء۲۲۴؍ بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، مارک زکربرگ ۸ء۲۰۳؍ بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ چوتھے اور برنارڈ آرنالٹ اینڈ فیملی ۵ء۱۶۵؍ بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سابق طلبہ نےعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تعلق سے سپریم کورٹ کے فیصلے کاخیرمقدم کیا
ڈونالڈ ٹرمپ، جو امریکہ کے ۴۷؍ ویں صدر بن چکے ہیں، کو اپنی انتخابی مہم کے دوران دنیا کے سر فہرست ارب پتیوں کی حمایت حاصل تھی، جن میں ایلون مسک، جیف بیزوس، لیری ایلیسن، مارک زکربرگ اور لیری پیج شامل ہیں۔ جمعہ کو مبینہ طور پر امریکی نومنتخب صدر ڈوانلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان ہونے والی کال میں شمولیت کا اشارہ دوسری ٹرمپ انتظامیہ میں ٹیسلا کے سی ای او کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ واضح رہے کہ ایلون مسک کی دولت کا ایک اہم حصہ عالمی سطح پر برقی گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی ٹیسلا سے حاصل ہوتا ہے، جس کا مستقبل وفاقی پالیسیوں پر منحصر رہے گا۔ حال ہی میں مسک نے کہا کہ اگر انہیں ٹرمپ انتظامیہ میں کسی عہدے پر مقرر کیا گیا تو وہ خود مختار گاڑیوں کے لئے وفاقی ریگولیٹری فریم ورک کی وکالت کریں گے، جو ٹیسلا کی طویل مدتی حکمت عملی کا ایک اہم جزو ہے۔