فسادات زدہ سمبھل میں خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اذان کے احترام میں امبیڈکر جینتی جلوس روک دیا گیا،مسلمانوں نے بھی پھولوں کی بارش کر کے اس عمل کا جواب دیا، خراج عقیدت کی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خوب تعریفیں حاصل کی۔
EPAPER
Updated: April 16, 2025, 8:40 PM IST | Lukhnow
فسادات زدہ سمبھل میں خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اذان کے احترام میں امبیڈکر جینتی جلوس روک دیا گیا،مسلمانوں نے بھی پھولوں کی بارش کر کے اس عمل کا جواب دیا، خراج عقیدت کی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خوب تعریفیں حاصل کی۔
جب ملک کے کئی حصوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی چھائی ہوئی ہے، اتر پردیش کے مغربی علاقے سمبھل، جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے اور جہاں حال ہی میں تشدد کی لہر دیکھی گئی تھی، سے اتحاد اور احترام کایک قابل ذکر واقعہ سامنے آیا ہے۔ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی سالگرہ کے موقع پر سدار کوتوالی علاقے میں ایک پرجوش جلوس نکالا گیا، جو اذان کے دوران احتراماً رک گیا۔ امبیڈکر جینتی کمیٹی کے اس اقدام، جس میں تیز آواز والے ڈی جے اور بینڈز بند کرنا بھی شامل تھا، نے وسیع پیمانے پر تعریف حاصل کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اردو ہندوستان میں پیدا ہوئی، اسے کسی مذہب سے جوڑا نہیں جا سکتا: سپریم کورٹ
یہ اس وقت ہوا جب جلوس کوٹپوروی محلے میں داخل ہوا، جو اپنی بڑی مسلم آبادی کیلئے جانا جاتا ہے۔ اذان سنتے ہی منتظمین نے رضاکارانہ طور پر جلوس روک دیا۔ اس فیصلے کا نہ صرف احترام کیا گیا بلکہ مقامی مسلمانوں نے اس کا خیرمقدم کیا، جنہوں نے بعد میں خیر سگالی کے اظہار کے طور پر گزرتے ہوئے جلوس پر پھولوں کی بارش کی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ لمحہ گزشتہ نومبر میں فرقہ وارانہ تشدد سے پیدا ہونے والے ماحول سے بالکل مختلف تھا۔ کوٹپوروی کے رہائشی محمد کلیم نے صحافیوں کو بتایا، "جب جلوس اذان کیلئے رکا، تو یہ ہمارے دلوں کو چھو گیا۔ اذان ختم ہونے کے بعد، ہم نے اس احترام کا جواب دینا چاہا اس لیے ہم نے ان پر محبت کی ایک چھوٹی سی علامت کے طور پر پھولوں کی بارش کر دی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’بلڈوزر کی سیاسی ذہنیت قانون سازی میں بھی داخل ہو چکی ہے جو انتشار کا سبب بنے گی ‘‘
کلیریئن انڈیا سے بات کرتے ہوئے، امبیڈکر جینتی جلوس کمیٹی کے رکن راجیش گوتم نے کہا، ’’ہم باباصاحب کے مساوات اور بھائی چارے کے خواب پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ چھوٹا سا عمل ہمارے آئین اور ہماری مشترکہ انسانیت کو خراج تحسین پیش کرنے کا ہمارا طریقہ تھا۔‘‘فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا یہ عمل اس وقت سامنے آیا ہے جب بی جے پی، آر ایس ایس، اور اے بی وی پی جیسی ہندوتوا نظریات سے وابستہ گروہوں پر مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف نفرت پھیلانے کا الزام لگایا جاتا ہے۔ ہندوستان کے کئی حصوں میں، امبیڈکر جینتی کے جشن کو اکثر مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خاص طور پر ذات پات کے تعصب رکھنے والے عناصر کی طرف سے، جو امبیڈکر کے سماجی انصاف کے ورثے سے خوفزدہ ہیں۔ مشاہدین کا کہنا ہے کہ سمبھل کا یہ واقعہ ایک ضروری یاد دہانی ہے کہ مذہبی اور ذات پات کی ہم آہنگی نہ صرف ممکن ہے بلکہ مقامی برادریوں میں پروان چڑھ رہی ہےچاہے کچھ دائیں بازو کے گروہوں کی طرف سے تقسیم کرنے والے بیانیہ کو ہوا کیوں نہ دی جائے۔