• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

صوفیہ فردوس صرف ایک لیڈر ہی نہیں، کامیاب بزنس وومن بھی ہیں

Updated: June 12, 2024, 11:54 PM IST | Bhubaneswar

ادیشہ کی باراباتی کٹک اسمبلی حلقے سے کامیاب صوفیہ نے ’کالنگا انسٹی ٹیوٹ آف انڈسٹریل ٹیکنالوجی‘ سے سول انجینئرنگ میں ڈگری لینے کے بعد ’آئی آئی ایم‘ بنگلور سے اگزیکٹیو جنرل مینجمنٹ پروگرام بھی کیا ہے اور سیاست میں آنے سے قبل اپنے والد کی کمپنی میںڈائریکٹر تھیں۔

Sofia Firdaus۔ Photo: INN
صوفیہ فردوس. تصویر: آئی این این

اس بار ادیشہ کے اسمبلی انتخابات  کے نتائج میں کافی اُلٹ پھیر دیکھنے کو ملا۔   اس انتخابی نتیجے نے جہاں دہائیوں سے اقتدار پر قابض نوین پٹنائک کو گھر بیٹھنے پر مجبور کیا وہیں پہلی مرتبہ بی جے پی کو اقتدار میں آنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ ان خبروں کے ساتھ ہی ایک اور خبر ادیشہ اسمبلی کے حوالے سے موضوع بحث ہے، وہ صوفیہ فردوس کی نمایاں کامیابی ہے۔  باراباتی کٹک اسمبلی سے کامیاب ہوکر انہوں نے ایک تاریخ مرتب کی ہے۔ وہ ادیشہ اسمبلی کی پہلی مسلم خاتون رکن بن گئی ہیں۔ انہوں نے اپنے قریب ترین حریف  بی جے پی کے لیڈر پی سی مہاپاترا کو  ۸؍ ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ انہیں مجموعی طور پر۵۳؍ ہزار ۳۳۹؍ ووٹ ملے۔ صوفیہ صرف ایک لیڈر ہی نہیں بلکہ ایک کامیاب بزنس ویمن بھی ہیں۔سیاست میں آنے سے قبل وہ اپنے والد کی کمپنی ’میٹرو بلڈرس‘ میں ڈائریکٹر تھیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کے والد بھی ایک کامیاب سیاست داں  اور باراباتی کٹک کے سابق رکن اسمبلی ہیں۔ انتخابات سے قبل ایک معاملے میں انہیں نااہل قرار دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اس مرتبہ کانگریس نے ان کی ہونہار بیٹی کو ٹکٹ دیا اور کامیاب ہوکرصوفیہ نے ثابت کردیا کہ کانگریس کا یہ فیصلہ بالکل درست تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کویت: المنقف کی ایک عمارت میں آتشزدگی، ۴۹؍ جاں بحق، متعدد زخمی

صوفیہ ایک تعلیم یافتہ خاتون ہیں اور سیاست میں آنے سے قبل ہی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرچکی ہیں۔انہوں نے ’کالنگا انسٹی ٹیوٹ آف انڈسٹریل ٹیکنالوجی‘ سے سول انجینئرنگ میں ڈگری لینے کے بعد ’آئی آئی ایم‘ بنگلور سے  اگزیکٹیو جنرل مینجمنٹ  پروگرام بھی کیا ہے۔ عملی زندگی میں آنے کے بعد انہوں نے اپنے کریئر کاآغاز اپنے والد کے کنسٹرکشن کے کاروبار   سے کیا۔   ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ’کنفیڈریشن آف ریئل اسٹیٹ ڈیولپرس اسوسی ایشن آف انڈیا‘ نے ۲۰۲۳ء میں بھونیشور چیپٹر کیلئے انہیں اپنا صدر منتخب کیا ہے۔ وہ اس ادارے کی خواتین شاخ’ایسٹ زون کوآرڈی نیٹر‘ کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس کے  علاوہ خواتین کو بااختیار بنانے والے این جی او’آئی این ڈبلیو ای سی‘ کی صوفیہ تاسیسی رکن  اور ’انڈین گرین بلڈنگ کاؤنسل‘ کی بھونیشور چیپٹر کی مشترکہ صدر ہیں۔ ان کی شادی مشہور تاجرشیخ معراج الحق سے ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل اور حماس نے جنگ کے ابتدائی مراحل میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا: یو این کی رپورٹ

اپنی کامیابی کے بعدصوفیہ فردوس نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے اپنے شہر کٹک کی بیٹی ہونے پر فخر ہے۔ کٹک کے لوگوں نے اپنی بیٹی پر بھروسہ کیا ہے اور مجھےکامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ میں اپنے کٹک کیلئے کام کرنا چاہتی ہوں۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے شہر کیلئے کچھ نیا اور کچھ اچھا کرنے میں بھی کامیابی حاصل کریں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK