جنوبی کوریا کی ہوائی کمپنی جیجو ایئر کے ایک طیارے کے گیئر میں آج بھی ایک مسئلہ ہوا اور پرواز کو اڑان کے چند منٹ بعد ہی واپس ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 7:05 PM IST | Seoul
جنوبی کوریا کی ہوائی کمپنی جیجو ایئر کے ایک طیارے کے گیئر میں آج بھی ایک مسئلہ ہوا اور پرواز کو اڑان کے چند منٹ بعد ہی واپس ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
جنوبی کوریا کے خطرناک طیارہ حادثے کے ایک دن بعد، ایئر لائن نے کہا کہ آج سیول سے جیجو ایئر کی پرواز کو لینڈنگ گیئر کی پریشانی کا سامنا کرنے کے بعد واپس جانے پر مجبور کیا گیا ۔ جیجو کا بوئنگ ۸۰۰۔۷۳۷؍ وہی ماڈل تھا جو اتوار کو تباہ ہو گیا تھا جس کے لینڈنگ گیئر کے بغیر نیچے آنے کے بعد ۱۷۹؍ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ لائن نے کہا کہ جیجو ایئر کی پرواز ۷؍ سی ۱۰۱؍ جو سیول کے جیمپو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جیجو آئی لینڈ کیلئے صبح ۶؍ بجکر ۳۷؍ منٹ بجے روانہ ہوئی، ٹیک آف کے فوراً بعد لینڈنگ گیئر کے مسئلے کا پتہ چلنے کے بعد، صبح ۷؍ بجکر ۲۵؍ منٹ پر جیمپو واپس آگئی۔
یہ بھی پڑھئے: کسانوں کا احتجاج، سڑکیں اور ٹرینیں بلاک، شام ۴؍ بجے تک ’’چکا جام‘‘
جیجو ایئر میں مینجمنٹ سپورٹ آفس کے سربراہ سونگ کیونگ ہون نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ ’’ٹیک آف کے فوراً بعد، طیارے کے مانیٹرنگ سسٹم پر لینڈنگ گیئر کے مسئلے کی نشاندہی کرنے والے سگنل کا پتہ چلا۔ صبح ۶؍ بجکر ۵۷؍ بجے، کپتان نے لینڈنگ کنٹرول سے بات کی، اور اضافی اقدامات کے بعد، لینڈنگ گیئر معمول کے کام پر واپس آگیا۔ تاہم، طیارے کے مکمل معائنہ کیلئے اسے ہوائی اڈے پر واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: عثمان آباد: بی ٹی ایس سے ملنے کا جنون، ۳؍ نابالغ لڑکیوں نے اپنا ہی اغوا کرلیا
جنوبی کوریا نے کہا کہ وہ ملک کے تمام ۱۰۱؍ بوئنگ ۸۰۰۔۷۳۷؍ طیاروں کا خصوصی معائنہ کرے گا، جس میں امریکی تفتیش کار، ممکنہ طور پر طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سمیت، حادثے کی تحقیقات میں شامل ہوں گے۔ جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ میں ایوی ایشن پالیسی بیورو کے سربراہ جو جونگ وان نے کہا کہ ’’ہم طیاروں کا خصوصی معائنہ کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔حکومت لینڈنگ گیئر سے ہونے والے حادثات کے جواب میں سخت ایوی ایشن سیفٹی معائنہ کو نافذ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔‘‘