معتکفین کے یکسوئی کیساتھ عبادت کیلئے مساجد میںخصوصی انتظامات۔ دعوتِ اسلامی کی جانب سے۳؍ مقامات پرایک ماہ کا اعتکاف۔
EPAPER
Updated: March 22, 2025, 9:41 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
معتکفین کے یکسوئی کیساتھ عبادت کیلئے مساجد میںخصوصی انتظامات۔ دعوتِ اسلامی کی جانب سے۳؍ مقامات پرایک ماہ کا اعتکاف۔
رمضان المبارک کے اخیر عشرے کی اہم عبادت اعتکاف کرنے والوں میں بڑی تعداد میں نوجوان بھی شامل ہیں۔شہر ومضافات کی مساجد میںمعتکفین کے یکسوئی کے ساتھ عبادت کے لئےبہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسی کیساتھ معتکفین کے نام پتے اوران کے آدھار کارڈ وغیرہ کے زیراکس کے ساتھ اہل خانہ کے نمبرات بھی درج کئے گئے ہیں تاکہ کسی ایمرجنسی کے وقت رابطہ قائم کیا جاسکے۔ تمام مساجد میں گنجائش کے اعتبار معتکفین کو اجازت دی گئی ہے اور مسجد کا ایک حصہ یا بالائی منزل ان کیلئے مختص کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نتیش کمار پر قومی ترانے کی بے حرمتی کا الزام، وزیراعلیٰ کی ذہنی کیفیت پر بھی سوال
انتظامات ٹرسٹیان کی زبانی
جامع مسجد ،مینارہ مسجد،زکریا مسجد، حمیدیہ مسجد، کرافورڈ مارکیٹ مسافر خانہ مسجد، بنگالی پورہ مسجد، سنّی بڑی مسجد مدن پورہ ، اہل حدیث مسجد مومن پورہ بائیکلہ، چشتی ہندوستانی مسجد بائیکلہ، سات راستہ مسجد، ریس کورس مسجد، منگلی کندور ی مسجد، مہند ی مسجد بلاسس روڈ، مسجد عمر فاروق مدن پورہ، رحمانی مسجد مدن پورہ اور جونی مسجد مدن پورہ یہ شہر کی وہ مساجد ہیںجہاں بڑی تعداد میں معتکفین ہوتے ہیں اور ان کیلئے معقول انتظام کیا جاتا ہے۔ اسی طرح مضافات کی تمام مساجد میں بھی حسبِ گنجائش معتکفین ہوتے ہیں اور ان کی سہولت کودیکھتے ہوئے نظم کیا گیا ہے۔
سنّی بڑی مسجد مدن پورہ انتظامیہ کمیٹی کےجنرل سکریٹری رئیس انصاری نےنمائندۂ انقلاب کے استفسار پربتایا کہ’’ تقریباً ۴۰؍ معتکفین ہیں اور پہلی منزل پرنظم کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی جانب سے ان کے لئے سحری اور افطاری کا بھی نظم کیا گیا ہے جبکہ ان کے گھر سے بھی افطار وسحری کانظم کیا جاتا ہے۔ اسی طرح وقفے وقفے سے معتکفین سے ملاقات کرکے یہ معلوم کیاجاتا ہے کہ سہولت کے لئے انہیں مزید کوئی چیزدرکار ہو تو بتائیں تاکہ یکسوئی کےساتھ وہ عبادت میںمصروف رہ سکیں۔‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایاکہ’’ معتکفین کے نام پتے اور گھروالوں کے نمبرات درج کئے گئے ہیں تاکہ ضرورت کے وقت ان سے رابطہ قائم کیا جاسکے۔‘‘
اہل حدیث جامع مسجد (مومن پورہ) کے امام مولانا محمد اسلم صیاد کے مطابق ’’معتکفین کی بڑی تعدادہوتی ہے اوران کے لئے مسجد کے ایک حصے میں اس طرح سےنظم کیاجاتا ہے کہ عبادت اور آرام میںخلل واقع نہ ہو اورنہ ہی دیگر مصلیان کے لئے مسئلہ ہو۔ اس کے ساتھ ہی ان کی دیگرضروریات کا بھی خیال رکھا جاتا ہے ۔اس دفعہ معتکفین میںکئی نوجوان بھی شامل ہیں۔‘‘
عرب مسجد میںکئی معتکفین ۲۵؍سال سے اعتکاف کرنے والوں میں شامل ہیں
عرب مسجد کے ٹرسٹی محمد رفیق انصاری نےبتایاکہ ’’ عرب مسجد میںتقریباً ۷۰؍ معتکفین نے اپنے ناموں کا اندرا ج کرایا ہے۔ ان کے لئے مسجد کی پہلی منزل پرنظم کیا گیا ہے ۔ معتکفین میںنوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ عرب مسجد میںسحری اورافطار کا ٹرسٹ کی جانب سے نظم نہیںکیا گیا ہے بلکہ معتکفین ازخود کرتے ہیںاور بیشتر مسجد کےقریب رہنے والے ہیں۔‘‘ انہوں نے ایک اہم بات یہ بتائی کہ’’ ۱۵؍ ۲۰؍ ایسے معتکفین ہیں جو تقریباً ۲۵؍برس سے عرب مسجد میں پابندی سے اعتکاف کررہے ہیں۔ ‘‘
دعوتِ اسلامی کی جانب سے ایک ماہ کا اعتکاف
دعوتِ اسلامی کی جانب سے ناریل واڑی قبرستان مسجد، ساکی ناکہ میںفیضان ِ جمال مصطفےٰ مسجد اور میراروڈ لودھا روڈ پر واقع محمدی مسجد میں ایک ماہ کے اعتکاف کا نظم کیا گیا ہے۔ ان تینوں مساجد میں مجموعی طور پر ۱۰۵؍ معتکفین ہیں۔ دعوتِ اسلا می کے مبلغ جنید برکاتی نے انقلاب کوبتایاکہ’’ اس کے ساتھ ہی کئی علاقے کی مساجد میں۱۰؍ روزہ اعتکاف کیا جارہا ہے۔ ایک ماہ کے اعتکاف کا مقصد خاص طور پر نوجوانوں کودینی معلومات فراہم کرنے کیساتھ ان کی عملی مشق ہوتی ہے۔اس پورے مہینے میں نظام الاوقات کے تعین کے ساتھ ۲۴؍گھنٹے گزارنے کی ترتیب بنائی گئی ہے تاکہ ایک بھی لمحہ ضائع نہ ہو۔‘‘