• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رائے دہندگان میں بیداری کیلئے الیکشن کمیشن کی خصوصی مہم

Updated: October 06, 2024, 9:45 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ووٹ دینےکی اہمیت اور افادیت بتانے کیساتھ ای وی ایم اوروی وی پیٹ کے ذریعے ووٹنگ کیلئے رہنمائی کی جا رہی ہے۔

Citizens are being given information regarding EVMs and VVpets used in voting
ووٹنگ میں استعمال ہونے والی ای وی ایم اور وی وی پیٹ کے تعلق سے شہریوں کو معلومات دی جا رہی ہے

ریاست میں عنقریب  اسمبلی الیکشن کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے شہرو مضافات کےرائے دہندگان میں  پولنگ کیلئے بیداری مہم شروع کی ہے ۔ اس کے تحت رائے دہندگان کو ووٹنگ کرنے کی اہمیت اور افادیت بتائی جا ر ہی ہے ساتھ ہی ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینوں کے ذریعے ووٹنگ کرنے کیلئے رہنمائی کی جا  رہی ہے ۔ رائے دہندگان کو بتایا جا رہا ہےکہ انہیں ووٹنگ کیسے کرنی ہے اور جس اُمیدوار کے حق میں ووٹ دیا ہے ، اس کی تصدیق کیسے کی جا سکتی ہے۔جن رائے دہندگان کو ڈیمو کے ذریعے ووٹ کرنے کا طریقہ بتا یا جا رہا ہے ، ان کے نام اور موبائل نمبربھی رجسٹرڈ میں درج کئے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: وزیراعلیٰ شندے کا داؤس دورہ: واجبات کی عدم ادائیگی پر سوئس کمپنی کا قانونی نوٹس

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا جلد ہی مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کا شیڈول جاری کرسکتا ہے۔ اس کی وجہ سے ریاستی الیکشن کمیشن جنگی پیمانے پر الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہے جس کے تحت رائے دہندگان میں الیکشن اور ووٹنگ سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے شہر ومضافات میں موبائل وین میں وی وی پیٹ اور  ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کرنے کا ڈیمو پیش کیا جا رہا ہے ۔
 باندرہ ( مشرق ) میں واقع چیتنا کالج کے قریب ایک ٹیمپو میں مذکورہ مشینیں رکھ کر الیکشن کمیشن کا عملہ یہا ں سے گزرنے والے لوگوںکو ووٹنگ کرنے کا طریقہ بتارہاہے۔ یہاں الگ الگ قسم کی ۳؍مشینیں موجود تھیں۔ ڈیمو کے دوران وی وی پیٹ مشین کے مخصوص بٹن کو دباکر ووٹنگ کرنے کی کارروائی کاآغاز ہوتا ہے ۔ بعدازیں ایک مشین پر سبھی اُمیدواروں کے نام اور ان کی پارٹی کا نشان درج ہوتاہے ۔ ووٹر کو جس اُمیدوار کو ووٹ دینا ہے ، اس کےنام اور نشان کے سامنے کا بٹن دبا کر وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکتا ہے ۔ ووٹ کرنے کے بعد ووٹر کو وی وی پیٹ مشین پر نصب اسکرین پر توجہ دینی ہے ۔ جس اُمیدوار کو اس نے ووٹ دیا ہے ،اس کی پارٹی کی نشانی والی ایک پرچی وی وی پیٹ مشین سے جاری کی جائے گی ۔ پرچی دیکھ کرتصدیق کی جاسکے گی کہ جس اُمیدوار کو ووٹ دیا گیا ہے ، اسی کو ووٹ ملا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایگزٹ پول: جموں کشمیرمیں کانگریس، نیشنل کانفرنس اتحاد، ہریانہ میں کانگریس فاتح

مذکورہ مرکز پر موجود عملے نے بتایا کہ ’’ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ رائے دہندگان کو ووٹنگ کرنے کا طریقہ بتانے کے ساتھ انہیں اس کی بھی تربیت دی جاسکے کہ انہیں وی وی پیٹ اور دیگر مشینوں کے ذریعے کس طرح ووٹ دینا ہے ، ساتھ ہی جس اُمیدوار کو ووٹ دیا گیا ہے ، اس کا ووٹ اس کے حق میں گیا یا نہیں، اس کی تصدیق کیسے کی جائے ، یہ بتایا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں یہاں موجود اہلکار نے بتایا کہ ’’ ہم صبح سے یہاں ڈیمو دے رہے ہیں ۔ جولوگ مذکورہ مشینوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے ہیں ، انہیں بھی سمجھایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے رائے دہی کا استعمال کیسے کرسکتے ہیں ۔ جن لوگوں کو ڈیمو کے ذریعے سمجھایا جا رہا ہے ، ان کے نام اور موبائل نمبر ریکارڈ کیلئے رجسٹرڈ میں درج کر رہے ہیں ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK