فوڈ دیلوری پلیٹ فارم سویگی اور زومیٹو کے ذریعے تہواروں کا موسم ختم ہونے کے بعد بھی ۱۰؍ روپئے پلیٹ فارم فیس جاری رکھنے کا امکان ہے۔ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن آف انڈیا نے اس کا خیر مقدم کیا ہے ، اس کا خیال ہے کہ اس سے ریسٹورنٹ پر سے کمیشن کا بوجھ کم ہوگا۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 8:00 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
فوڈ دیلوری پلیٹ فارم سویگی اور زومیٹو کے ذریعے تہواروں کا موسم ختم ہونے کے بعد بھی ۱۰؍ روپئے پلیٹ فارم فیس جاری رکھنے کا امکان ہے۔ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن آف انڈیا نے اس کا خیر مقدم کیا ہے ، اس کا خیال ہے کہ اس سے ریسٹورنٹ پر سے کمیشن کا بوجھ کم ہوگا۔
سویگی اور زومیٹو جیسے فوڈ ڈیلوری پلیٹ فارم کے معاملات کے جانکار ذرائع کے مطابق تہواروں کا موسم ختم ہونے کے بعد بھی وہ بڑھی ہوئی پلیٹ فارم فیس ۱۰؍ روپئے کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ فیس ریسٹورنٹ چارچ، ڈیلوری فیس اور جی ایس ٹی کے علاوہ وصول کی جاتی ہے۔پلیٹ فارم نے تہوار وں کے دوران بڑھتی ہوئی مانگ کا حوالہ دیتے ہوئے اکتوبر ۲۰۲۴ءمیں اپنی فیس بڑھا کر ۱۰؍روپے کر دی تھی ۔ اسی کے ساتھ اس پر ۱۸؍ فیصد جی ایس ٹی بھی عائد ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ صارفین فی الحال پلیٹ فارم کے ذریعے دیئے گئے ہر آرڈر پر ۱۱؍ روپے ۸۰؍ پیسے ادا کررہے ہیں۔ یہ دونوں پلیٹ فارم روزانہ تقریباً ڈیڑھ سے دو لاکھ آرڈر فراہم کرتے ہیں۔اس فیس کا اطلاق تمام صارفین پر ہوتا ہے، بشمول پریمیم سبسکرائبر، جو ایک مقررہ آرڈر پر مفت ڈیلوری کی سہولت حاصل کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ای پی ایف او میں مرکزی پنشن ادائیگی کا نظام نافذ، پنشنرس کو فائدہ
اگرچہ پلیٹ فارم فیس براہ راست صارفین برداشت کرتے ہیں،نیشنل ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن آف انڈیااسے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھتی ہے۔جو ممکنہ طور پر ریستورانوں پر کمیشن کے بوجھ کو کم کر سکتی ہے۔پلیٹ فارم فیس، جو کہ ریستوراں کے چارجز، ڈیلیوری فیس اور جی ایس ٹی سے الگ وصول کی جاتی ہیں، ان کے متعارف ہونے کے بعد سے ان میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔سویگی نے اپریل ۲۰۲۳ء میں ۲؍روپے کی معمولی فیس کے ساتھ تصور کا آغاز کیا،جس کےبعد زومیٹو نے اگست ۲۰۲۳ء میں اس کی پیروی کی۔اس کےبعد دونوں پلیٹ فارم نےمتعدد باراس میں اضافہ کیا۔جو بڑھ کر آج ۱۰؍ روپئے ہے۔گزشتہ سال اضافے کے تعلق سے زومیٹو نے وضاحت پیش کی تھی کہ زومیٹو کو چلانے کیلئے اپنے بلوں کی ادائیگی میں یہ فیس مددگار ہوتی ہے۔تہوار کی بھیڑ کے دوران خدمات کو برقرار رکھنے کیلئے اس میں قدرے اضافہ ہوا ہے۔اس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد سویگی نے بھی اس کی پیروی کی۔
ریسٹورانٹ ایسوسی ایشن آف انڈیا کے نائب صدر پرنو ایم رنگٹا کا کہنا ہے کہ’’ کسی ریسٹورنٹ کیلئے سویگی یا زومیٹو کے ذریعے آرڈر حاصل کرنے کی قیمت کل آرڈر کی قیمت کے ۴۰؍ فیصد تک ہوتی ہے۔ اس میں کمیشن، چھوٹ، اور ایپ پرموشن شامل ہیں۔اوراس بوجھ کو کم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ صارف سے فی آرڈر پلیٹ فارم فیس وصول کی جائے۔‘‘ اس بابت سویگی اور زومیٹو کی جانب سے اب تک کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔