• Thu, 31 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسمبلی انتخابات کیلئےہر یانہ کانگریس کی سرگرمیاں تیز

Updated: August 27, 2024, 1:18 PM IST | Agency | Panipat

پانی پت میں کانگریس کی ’ہریانہ مانگے حساب یاترا، دپیندر ہڈا کاعوام سے خطاب۔

Key Congress leader Dipendra Hooda addressing the `Haryana Mange Hasab Yatra` in Samalkha Assembly Constituency. Photo: INN
سمالکھا اسمبلی حلقے میں ’ہریانہ مانگے حسا ب ‘یاترا سے کانگریس کے اہم لیڈر دپیندر ہڈا خطاب کرتےہوئے۔ تصویر : آئی این این

پیر کو پانی پت کے سمالکھا اسمبلی حلقے میں ’ہریانہ مانگے حساب یاترا‘ نکالی گئی جس میں روہتک سے کانگریس پارٹی کے ایم پی دپیندر ہڈا اور سیکڑوں کارکن جمع ہوئے۔ سمالکھا کے ایم ایل اے دھرم سنگھ چھوکر نے بھی اس’ یاترا‘ میں شرکت کی۔ 
’یاترا‘ کے دوران اپنی تقریر میں دپیندر ہڈا نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اپنے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ اور کابینہ میں تبدیلی کی ہے اور اب ہار کےخوف سے الیکشن کی تاریخ بدلنا چاہتی ہے۔ اس سے واضح ہے کہ بی جے پی کو اپنی ہار دکھائی دےرہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ٹیلی گرام کے سی ای او کی گرفتاری کسی سیاسی رنجش کا نتیجہ نہیں: ایمانوئل میکرون

انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے لوگ چھٹیوں میں سب سے زیادہ ووٹ ڈالتے ہیں۔ زیادہ تر پولنگ چھٹیوں میں ہوتی ہے۔ اس دوران ایم پی دپیندر ہڈا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بی جے پی انتخابات سے خوفزدہ ہے۔ اسے اپنی شکست کا اندازہ ہے جس کی وجہ سے وہ پریشان ہے۔ دراصل ہر طبقہ اور عوام بی جے پی سے پریشان ہیں۔ ہریانہ میں حکومت سازی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کانگریس جیتنے والے اور مضبوط امیدوار کو ٹکٹ دے گی اور کانگریس توقع سے زیادہ سیٹیں جیت کر حکومت بنائے گی۔ ان کے مطابق اب تک تقریباً۴؍ ہزار افراد نے ٹکٹوں کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ جلد ہی ٹکٹ کا اعلان کیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:بنگلہ دیش : طلبہ اور انصار(پیراملٹری) کے اراکین میں جھڑپ، متعدد زخمی

بی جے پی کے دورمیں تعلیمی نظام کی خراب صورتحال پر تنقید
کانگریس نے ہر یانہ بی جے پی کے دوراقتدار میں تعلیمی نظام کی خراب صورتحال پر شدید تنقید کی۔ پیر کو سوہنا تواڈو اسمبلی حلقہ میں  خطاب کرتے ہوئے کانگریس یوتھ کے ریاستی سیکریٹری کلدیپ گرجر نے کہا کہ بی جے پی کے دور میں اسکولوں میں طلبہ کیلئےکتابیں دستیاب نہیں ہیں۔ طلبہ بنیادی سہولیات کیلئے ترس رہے ہیں۔ سرکاری اسکولوں کی حالت ابتر ہے۔ ترقی کے نام پر بی جے پی نے صرف نجکاری کو فروغ دیا ہے۔ تعلیمی سال ختم ہونے سے چند دن پہلے ہی کتابیں سرکاری اسکولوں میں پہنچ پاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے جھوٹے وعدے کرکے عوام کو گمراہ کیا ہے لیکن اب بی جے پی بے نقاب ہوچکی ہے۔ 
 کلدیپ گرجر نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا ہے۔ آنے والا وقت کانگریس کا ہے۔ اس الیکشن میں عوام بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرکے اقتدار کانگریس کو سونپ دیں گے۔ کانگریس کے اقتدار میں آتے ہی تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ جب طلبہ کو اسکولوں میں بہتر تعلیم ملے گی تب ہی ایک تعلیم یافتہ معاشرہ تشکیل پائے گا۔ بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار میں آتے ہی پہلے مرحلے سے اسکولوں کی حالت کو بہتر بنا یا جائے گا۔ جدید ذرائع سے طلبہ کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کیلئے کام کیا جائے گا۔ کلدیپ گر جر نے زور دے کر کہا کہ سماج کو بدلنے کیلئے بہتر تعلیم ضروری ہے۔ اب تک بی جے پی حکومت نے بہتر تعلیم فراہم کرنے کے نام پر طلبہ کی زندگیوں سے کھیلا ہے۔ اب اقتدار کی تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔ کلدیپ گرجر نے کہا کہ آج عوام بھی نوجوان اور تعلیم یافتہ امیدوار چاہتے ہیں۔ 

 اسکریننگ کمیٹی کے کام کا آغاز 
ہریانہ اسمبلی انتخابات سے متعلق کانگریس امیدواروں کے انتخاب کیلئے اسکریننگ کمیٹی کا کام پیر سے شروع ہو گیا ۔کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری اور ہریانہ انچارج دیپک بابریا نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند لیڈروں سے کہا  کہ وہ منگل کی شام تک اپنی بوتھ کمیٹی کی فہرستیں اسمبلی کنوینر اور ضلع کنوینر کے پاس جمع کرائیں، کیونکہ اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواروں کے انتخاب کا عمل جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK