• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سابق پولیس کمشنر پرم بیرسنگھ پر ہفتہ وصولی کا الزام, تاجر بیان سے مکرگیا

Updated: October 06, 2024, 9:50 AM IST | Mumbai

ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرکے ایم وی اے حکومت کے دور میں ڈی جی پی رہے سنجے پانڈے پر دھمکی کا الزام۔

Param Bir Singh. Photo: INN
پرم بیر سنگھ۔ تصویر: آئی این این

 اسمبلی انتخابات قریب آنے کے ساتھ ہی سیاسی اہمیت کے حامل کیسوں میں ہلچل ہونے لگی ہے۔ ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ پر ہفتہ وصولی کا الزام عائد کرنے والے تاجر نے بامبے ہائی کورٹ میں ایک عرضداشت داخل کرکے مطالبہ کیا ہے کہ انہوں نے جو ’ایف آئی آر‘ درج کروائی تھی وہ خارج کردی جائے کیونکہ وہ شکایت انہوں نے  مہاراشٹر کے سابق ڈی جی پی سنجے پانڈے کے دبائو میں آکر درج کروائی تھی جو اب کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: وزیراعلیٰ شندے کا داؤس دورہ: واجبات کی عدم ادائیگی پر سوئس کمپنی کا قانونی نوٹس

شکایت کنندہ کیتن تنّا نے اپنی عرضداشت میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی کی بڑی غلطی کو سدھارنا چاہتے ہیں اس لئے ایف آئی آر ختم کروانے کی عرضی داخل کی ہے۔  اپنی پٹیشن میں انہوں نے مہاراشٹر کے اُس وقت کے ’ڈی جی پی‘ (ڈائریکٹر جنرل آف پولیس) سنجے پانڈے پر دبائو ڈال کر جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ’مہاوکاس اگھاڑی‘ (ایم وی اے) حکومت کو بھی اس معاملے میں ملوث بتانے کی کوشش کی ہے۔  کیتن کا الزام ہے کہ سنجے پانڈے نے انہیں ایم وی اے کے دور اقتدار میں اُس وقت کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے بنگلے کے با ہر بُلا کر ان سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران سنجے پانڈے نے انہیں پرم بیر سنگھ کے خلاف کیس درج کروانے کو کہا تھا اور ان کی بات نہ ماننے کی صورت میں جھوٹے کیسوں میں پھنسانے کی دھمکیاں دی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: رائے دہندگان میں بیداری کیلئے الیکشن کمیشن کی خصوصی مہم

عرضی گزار کا کہنا ہے کہ وہ اس جھوٹی شکایت کو ختم کرواکر اپنی غلطی کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں۔ یہ پٹیشن اس ہفتے کی ابتداء میں داخل کی گئی ہے اور اس پر ۸؍ اکتوبر کو سماعت کاامکان ہے۔  اس عرضداشت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جب پرم بیر سنگھ کے ایم وی اے حکومت کے ساتھ تعلقات خراب ہوگئے تھے تب ان کے خلاف سازش رچی جارہی تھی۔
 پٹیشن کے مطابق عرضی گزار کو اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ اپنے آپ کو بچانے کیلئے کسی دوسرے کو جھوٹے الزام میں پھنسانا بے کار ہے اور سچ کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔
 یاد رہے کہ کیتن تنا نے جولائی ۲۰۲۱ء میں پرم بیر سنگھ کے خلاف ضلع تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ اپنی شکایت میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ جب پرم بیر سنگھ تھانے کے پولیس کمشنر تھے تب ۲۰۱۸ء سے ۲۰۱۹ء کے درمیان انہوں نے شکایت کنندہ کو ’اینٹی ایکسٹارشن سیل‘ کے دفتر پر بلا کر جھوٹے سنگین مجرمانہ کیسوں میں پھنسانے کی دھمکیاں دے کر ان سے ۱ء۲۵؍ کروڑ روپے وصول کئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK