• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مکمل گانا تیار کرنے والا پہلا اے آئی ٹول ۲۰۲۵ء میں پیش کیا جائے گا

Updated: December 04, 2024, 10:42 PM IST | New Delhi

اس اے آئی ماڈل کو۳۰؍ لاکھ گانوں، لوپس، نمونوں اور آوازوں پر تربیت دی جائے گی۔ یہ فی الحال ترقی کے مراحل میں ہے اور اسے ۲۰۲۵ء کی دوسری ششماہی میں پیش کیا جائے گا۔میوزیکل اےآئی کے انٹرپرائز کلائنٹس کو اس نئے اے آئی ٹول تک خصوصی رسائی فراہم کی جائےگی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہندوستانی اسٹارٹ اپ بیٹ اوون ڈاٹ اے آئی(Beatoven.ai ) اور  میوزیکل اے آئی نےمکمل گانا تیارکرنے والا ایک نیا اے آئی ٹول تیار کرنے کیلئے معاہدہ کیاہے ۔ کمپنیوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ، اپنی نوعیت کا پہلا اے آئی ٹول ہوگا جومکمل طور پر قانونی اور لائسنس یافتہ ہوگا۔ ۳؍ دسمبر بروز منگل کو دونوں اسٹارٹ اپ گروپس نے مشترکہ طور پر اعلان کیا کہ نیا ٹول، موسیقی تیار کرنے کیلئےاے آئی کا استعمال کرے گا اوراس بات کو یقینی بنائے گا کہ تیارکردہ موسیقی  مکمل طور پر لائسنس یافتہ ہوں اور حقداروں کو معاوضہ دیا جائے۔ اے آئی ماڈل پر مبنی یہ ٹول، بیٹ اوون ڈاٹ اے آئی کے ذریعہ تیارکیاجائے گا لیکن اسے  میوزیکل اے آئی کے موجودہ حقوق ہولڈرز کے کیٹلاگ پر تربیت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: اجمیر درگاہ میں مندرکا شوشہ، برادران وطن کی مذہبی شخصیات بھی حیران

 
اے آئی اسٹارٹ اپ نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ میوزیکل اےآئی ٹیکنالوجی کے ذریعےتیار کردہ گانوں کے استعمال کی بنیاد پر، حقوق کے حاملین کو ماڈل کی آمدنی کا ایک مناسب حصہ دیا جائے گا کیونکہ ان کے ڈیٹا پر ماڈلز کو تربیت دی جاتی ہیں۔ میوزیکل اے آئی ، جو ایک اے آئی ٹریننگ لائسنس مینجمنٹ پلیٹ فارم ہے، حقداروں کو ادائیگی کرنے کیلئے بھی ذمہ دار ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، اس اے آئی ماڈل کو۳۰؍ لاکھ  گانوں، لوپس، نمونوں اور آوازوں پر تربیت دی جائے گی۔ یہ فی الحال ترقی کے مراحل میں ہے اور اسے ۲۰۲۵ء کی دوسری ششماہی میں پیشکیا جائے گا۔میوزیکل اےآئی کے انٹرپرائز کلائنٹس کو اس نئے اے آئی ٹول تک خصوصی رسائی فراہم کی جائےگی۔ میوزیکل اے آئی کے سی ای او شان پاور نے کہا کہ ہم،اس منفرد اور اپنی نوعیت کی پہلی سروس کے ساتھ ثابت کریں گے کہ چیزوں کو صحیح اور اچھے طریقے سے کرنے کیلئے کوئی بہانہ کام نہیں آتا۔ بیٹ اوون ڈاٹ اے آئی کے سی ای او منصور رحمت خان نے کہا کہ یہ شراکت داری آگے بڑھنے کا راستہ طے کرے گی اور  اے آئی پر مبنی کاروباری ماڈلز بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میوزیکل اے آئی کے ساتھ ہم ان کی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک پائیدار ریونیوشیئرنگ ماڈل بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: مہاپری نروان دن: مہاراشٹر حکومت نے۶؍ دسمبر کو ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا

واضح رہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیارکردہ موسیقی، ٹیک کمپنیوں اور انٹلیکچوئل پراپرٹی (IP) ہولڈرز کے درمیان جنگ کی وجہ بن گئی ہے ۔ موسیقاروںاور ریکارڈ لیبلز نے ٹیک کمپنیوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کاپی رائٹ گانوں کو ختم کرنے کے مقصد کے تحت اپنے اے آئی ماڈلز کو تربیت دے رہے ہیں۔ سالِ رواں کے اوائلمیں، سونی، یونیورسل میوزک، اٹلانٹک ریکارڈز، وارنر بروس، کیپیٹل ریکارڈز، اور چند دیگر  بڑے ریکارڈ لیبلزنے  اے آئی اسٹارٹ اپس سنو اینڈاُڈیو Suno and Udioکے خلاف مقدمہ دائرکیا تھا۔ قانونی چارہ جوئی میں الزام لگایا گیا کہ دونوں کمپنیوں نے ناقابل تصور پیمانےپر کاپی رائٹ حقوق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ریکارڈ لیبلز نے ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار ڈالر (تقریباً ایک کروڑ ۲۵؍ لاکھ روپے )فی میوزک ٹریک کا معاوضہ طلب کیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK