Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ٹرمپ کی سپریم کورٹ سے اپیل:ججوں کو صدارتی احکامات کو نہ روکنے کی ہدایت دی جائے،"ملک کو بچاؤ" کا نعرہ

Updated: March 21, 2025, 9:55 PM IST | Inquilab News Network | Washington

امریکہ بھر میں وفاقی عدالتیں ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات کو چیلنج کرنے والے ۱۰۰ سے زائد مقدمات کی سماعت کر رہی ہیں اور اب تک، ٹرمپ کے متعدد اقدامات کو روکنے یا معطل کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔

US President Donald Trump. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی سپریم کورٹ پر زور دیا کہ وہ ملک بھر میں ان کی انتظامیہ کے اقدامات کو روکنے کیلئے وفاقی ججوں کی جانب سے جاری کردہ حکم امتناعی جاری کرنے کی اہلیت کو محدود کرے۔ ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جلی حرفوں میں لکھا، "ملک بھر میں جاری کئے گئے حکم امتناعی ابھی روکیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔" انہوں نے مزید کہا، "اگر جسٹس رابرٹس اور امریکہ کی سپریم کورٹ نے اس زہریلی اور بے مثال صورتحال کو فوری طور پر درست نہیں کیا تو ہمارا ملک بہت سنگین مصیبت میں پھنس جائے گا!"

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: عدلیہ، ٹرمپ کے اختیارات کو "کمزور" کررہی ہے: وائٹ ہاؤس؛ مسک نے اسے "عدالتی بغاوت" قرار دیا

ٹرمپ کی یہ درخواست اس وقت سامنے آئی ہے جب ان کی انتظامیہ اور عدلیہ کے درمیان تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صدر اور ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ جج سیاسی تعصب کی بنیاد پر صدارتی اختیارات کو کمزور کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ وفاقی جج ووٹ حاصل کئے بغیر صدارتی اختیارات سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جج فائدے چاہتے ہیں لیکن خطرات نہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "ایک بار پھر، ایک صدر کو قاتلوں، منشیات کے مالکوں، عصمت دری کرنے والوں اور اس قسم کے دوسرے مجرمین کو ان کے وطن واپس بھیجنے جیسے معاملات کے متعلق تیز اور فیصلہ کن کارروائی کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے تاکہ ہمارے ملک کو محفوظ بنایا جاسکے۔"

ایک اور پوسٹ میں، ٹرمپ نے وفاقی جج جیمز بواسبرگ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ صدارتی طاقت کو ہتھیانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا، "وہ ایک مقامی، نامعلوم جج، ایک گرینڈ اسٹینڈر ہے، وہ شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ کسی اور طریقہ سے نہیں ہوسکتا کیونکہ ان کے `احکامات` بہت مضحکہ خیز ہیں۔ امریکہ کو بچاؤ!"

یہ بھی پڑھئے: امریکی جج نے محمود خلیل کے قانونی چیلنج کو مسترد کرنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی تجویز مسترد کر دی

واضح رہے کہ امریکہ بھر میں وفاقی عدالتیں ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات کو چیلنج کرنے والے ۱۰۰ سے زائد مقدمات کی سماعت کر رہی ہیں۔ اب تک، ٹرمپ کے پیدائشی حق شہریت کو محدود کرنے، وفاقی فنڈز کو منجمد کرنے اور عہدیداروں کو ہٹانے کی کوشش سمیت متعدد اقدامات کو روکنے یا معطل کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK