Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ:انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے پر ٹرمپ ہارورڈ پر برہم، اسے "یہود دشمن"،"لبرل گندگی" قراردیا

Updated: April 25, 2025, 10:02 PM IST | Inquilab News Network | Washington

ہارورڈ نے گزشتہ دنوں صدر اور انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس کے بعد ٹرمپ کافی برہم ہیں۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں یونیورسٹی کو "جمہوریت کیلئے خطرہ" قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہارورڈ میں دنیا بھر سے ایسے طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے جو ہمارے ملک کو تہس نہس کرنا چاہتے ہیں۔

US President Donald Trump. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

امریکی انتظامیہ کی جانب سے فلسطین حامی طلبہ پر شکنجہ کسنے و دیگر شرائط منظور کرنے کیلئے دباؤ بنائے جانے اور ۲ ارب ڈالر سے زائد کی وفاقی امداد منسوخ کئے جانے کے بعد ملک کی معروف یونیورسٹی ہارورڈ نے گزشتہ دنوں صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا جس کی وجہ سے ٹرمپ کافی برہم ہیں۔ انہوں نے ایک حالیہ بیان میں ہارورڈ کو "جمہوریت کیلئے خطرہ" قرار دیتے ہوئے یونیورسٹی پر شدید تنقید کی۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم"ٹروتھ سوشل" پر پوسٹ کیا، "دیگر اداروں کی طرح ہارورڈ ایک یہود دشمن اور انتہائی بائیں بازو کا ادارہ ہے جہاں دنیا بھر سے ایسے طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے جو ہمارے ملک کو تہس نہس کرنا چاہتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا، "یونیورسٹی ایک لبرل گندگی ہے جو ایک مخصوص گروہ سے تعلق رکھنے والے پاگل لوگوں کو کلاس روم میں داخل ہونے اور نکلنے کی اجازت دیتی ہے تاکہ وہ جعلی غصہ اور نفرت پھیلائیں۔ یہ واقعی خوفناک ہے!"

ٹرمپ نے کہا، "اب جب سے ہمارے مقدمات شروع ہوئے وہ اس طرح برتاؤ کر رہے ہیں جیسے وہ سب "امریکن ایپل پائی" (امریکی اقدار کے نمائندے) ہیں۔ ہارورڈ جمہوریت کیلئے خطرہ ہے، جس کا وکیل، جو میری نمائندگی کرتا ہے، کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہئے یا اسے برطرف کر دینا جائے۔ ویسے بھی وہ زیادہ اچھا نہیں ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ میری بہت بڑی اور خوبصورت کمپنی، جو اب میرے بیٹوں کے ہاتھ میں ہے، اسے جلد از جلد نکال دے گی!" دوسری طرف، ہارورڈ کے صدر ایلن گاربر نے بدھ کو یونیورسٹی کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ اپنے حقوق پر "کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔" 

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف ٹیرف پر ۱۲؍ ریاستوں نے مقدمہ دائر کر دیا

ہارورڈ نجی ملکیت کے حصص فروخت کرے گا

بلومبرگ نیوز نے جمعرات کو بتایا کہ مالیاتی غیر یقینی صورتحال اور ٹرمپ کی وفاقی فنڈنگ منسوخ کرنے کی دھمکیوں کے درمیان ہارورڈ یونیورسٹی کا وقف تقریباً ایک ارب ڈالر کے نجی حصص فنڈ فروخت کرنے کیلئے مذاکرات کررہا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہارورڈ منیجمنٹ کمپنی، جو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے سب سے بڑے وقف کی نگرانی کرتی ہے، اس اثاثہ کو نجی فرم لیکسنگٹن پارٹنرز کو فروخت کرنے کیلئے جیفریز فنانشل گروپ سے مشورہ لے رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس معاہدے کی شرائط حتمی نہیں ہیں اور ان میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ہارورڈ کے وقف کی مالیت ۵۳ ارب ڈالر ہے جو کسی بھی امریکی یونیورسٹی میں سب سے بڑا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو وائس آف امریکہ کی بحالی کا حکم دے دیا

ٹرمپ انتظامیہ کے دباؤ کا شکار بننے والی ییل یونیورسٹی نے بھی منگل کو بتایا کہ وہ بھی نجی حصص فنڈ کی فروخت پر غور کر رہی ہے اور سرمایہ کاری بینکنگ فرم ایورکور سے مشورہ کر رہی ہے۔ اس سے قبل، پرنسٹن یونیورسٹی نے اپریل کے شروع میں کہا تھا کہ وہ تقریباً ۳۲۰ ملین ڈالر کے قابلِ ٹیکس بانڈز فروخت کرنے پر غور کر رہی ہے جب وفاقی حکومت نے پرنسٹن کے کئی درجن تحقیقی گرانٹس منجمد کر دیئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK