امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حماس کو دھمکی دیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے عہدہ سنبھالنے تک وہ تمام اسرائیلی یر غمالوں کو رہا کردے، بصورت دیگر مشرق وسطیٰ کو جہنم بنا دیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ ٹرمپ نے اسرائیل کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این
نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی گروہ حماس کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے عہدہ سنبھالنے تک یر غمالوں کو رہا نہ کیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ ٹرمپ کی یہ دھمکی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ذریعے یر غمالوں اور قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی کی متعدد کوششوں کو پامال کئے جانے کے بعد آئی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر لکھا کہ ’’۲۰؍ جنوری جس دن میں فخریہ امریکہ کے صدارتی عہدے پر فائز ہوں گا، تب تک یرغمالوں کو رہا نہ کیا گیا تو تمام مشرق وسطیٰ کو جہنم بنا دیا جائےگا۔ جس نے بھی انسانیت کے خلاف مظالم کا ارتکاب کیا ہے، تو اسےامریکی تاریخ کے سخت ترین عتاب کا شکار ہونا پڑے گا۔یر غمالوں کو فوراً رہا کرو۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: رخصت پزیر امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹیکس فراڈ اور اسلحہ کیس میں اپنے بیٹے کی سزا معاف کردی
ٹرمپ نے اسرائیل کو اپنی بھر پور حمایت کا بھی اعلان کیا، لیکن عالمی سطح پر ایک محفوظ معاہدے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔ اسرائیل کا اندازہ ہے کہ فی الحال ۱۰۱؍ اسرائیلی حماس کی قید میں ہیں۔ یہ اعدا و شمار اسرائیل کے ذریعے فلسطین میں کی گئی نسل کشی کے ۱۴؍ ماہ بعد آئے ہیں، جس میں ۴۴؍ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ان میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔اسرائیل میں سرگرم کارکنوں نے نیتن یاہو پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے اور یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے پر رضامند ہو جائیں، لیکن نیتن یاہو نے جان بوجھ کر کسی بھی ممکنہ معاہدے میں رکاوٹ ڈالی ہے۔اکثر اسرائیلی عوام الزام لگاتے ہیں کہ نیتن یا ہو اپنے مفادات کو ملک کے مفادات سے بالاتر رکھتے ہوئے اپنی سیاسی بقا کے لیے جنگ کو طول دینا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں جنگ بندی کے لئے کوششیں تیز
حماس کا کہنا ہے کہ ۳۳؍ اسرائیلی یرغمالی اسرائیل کے ذریعے کئے گئے فضائی حملوں میں مارے گئے ہیں۔گروپ نے خبردار کیا کہ اسرائیلی جارحیت جاری رہنے سے اسرائیلی یرغمالیوں میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔جبکہ اسرائیل نے ۱۰؍ ہزار ۱۰۰؍ فلسطینیوں کو اغوا کیا ہے جو اس کی بد نام زمانہ جیلوں میں اذیت کا شکار ہیں۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور اقتدار میں بھی کئی متنازع فیصلے کئے تھے، جس میں امریکی سفارتخانے کو یروشلم منتقل کرنا،شامل ہے جسے فلسطینی اپنے ملک کے دارالحکومت کے طور پر دیکھتے ہیں۔اور ٹرمپ کے اس اقدام سے ان میں شدید ناراضگی پا ئی جاتی ہے۔