• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

طوفان’’یاگی‘‘ کا قہر، چین کے بعد ہانگ کانگ میں معمولات زندگی متاثر، پروازیں معطل

Updated: September 06, 2024, 4:59 PM IST

چین کے جنوبی علاقے طاقتور سمندری طوفان ’سپر ٹائفون یاگی‘ کی زد میں آنے سے اسکول دوسرے روز بھی بند رہے جبکہ تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ طوفان کا اثر ہانگ کانگ کے جنوب میں بھی دیکھا گیا جس کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر رہی۔ ہانگ کانگ میں جمعے کو اسٹاک مارکیٹ، بینک سروسز اور اسکولوں بند رہے۔

Winds are blowing at a speed of 230 kmph in Hong Kong. Photo: INN.
ہانگ کانگ میں ۲۳۰؍ کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

چین کے جنوبی علاقے طاقتور سمندری طوفان ’سپر ٹائفون یاگی‘ کی زد میں آنے سے اسکول دوسرے روز بھی بند رہے جبکہ تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سپر ٹائفون یاگی کو دنیا کا دوسرا طاقتور طوفان قرار دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل رواں سال جولائی میں پانچویں درجے کے سب سے طاقتور طوفان بیرل نے امریکہ کے ساحلی علاقوں سمیت کریبین کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔ جنوبی چین میں تیز ہواؤں اور شدید بارش کے باعث ٹرانسپورٹ کے ذرائع بند رکھے گئے جبکہ ہانگ کانگ کو چین کے علاقے مکاؤ اور گوانڈونگ سے جوڑنے والا طویل پل بھی آمد و رفت کیلئے بند ہے۔ 
سمندری طوفان یاگی کی لپیٹ میں آنے والے علاقوں میں ہوائیں ۲۴۵؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کے حساب سے چل رہی ہیں۔ ویتنام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں کے چار ایئرپورٹس سنیچر کو بھی بند رہیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کینیا: بورڈنگ اسکول میں آتشزدگی ، ۱۷؍ طلبہ ہلاک، ۱۳؍ شدید زخمی

ہانگ کانگ کا کہنا ہے کہ طوفان یاگی کے دوسری سمت میں بڑھنے سے ہواؤں کے زور میں کمی کا امکان ہے جس کے بعد کاروبار دوبارہ سے کھلنا شروع ہو جائیں گے، تاہم، بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا لہٰذا شہریوں کو گھروں کے اندر ہی رہنےکی ہدایت دی گئی ہے۔ چینی حکومت نے گوانڈونگ اور ہینان میں طوفان اور سیلاب کی صورت میں مدد کیلئے ٹاسک فورس بھجوا دی ہے۔ ہینان میں اس قدر طاقتور طوفان کا آنا غیرمعمولی ہے جہاں ماضی میں کمزور نوعیت کے ٹائفون آتے رہے ہیں۔ ۱۹۹۴ء سے۲۰۰۳ء کے درمیان ہینان میں ۱۰۶؍ ٹائفون آ چکے ہیں لیکن ان میں سے صرف۹؍ کو سپر ٹائفون کا درجہ دیا گیا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث سمندروں کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ٹائفون کی شدت بھی پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے جنوب مغربی جاپان میں آنے والا ٹائفون شانشان کئی دہائیوں میں آنے والا شدید ترین طوفان تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: مغربی کنارہ میں اسرائیلی حملوں میں۶؍فلسطینی شہید، ۵؍زخمی

طوفان یاگی کا ہانگ کانگ میں اثر
طوفان کا اثر ہانگ کانگ کے جنوب میں بھی دیکھا گیا جس کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر رہی۔ ہانگ کانگ میں جمعے کو اسٹاک مارکیٹ، بینک سروسز اور اسکولوں بند رہے۔ شہر میں ۲۳۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے ۲۵۰؍سے زیادہ لوگ عارضی سرکاری پناہ گاہوں میں رکنے پر مجبور ہوئے اور طوفان کے سبب شہر میں ۱۰۰؍ سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ جمعہ کی صبح موسم بتدریج پرسکون ہونے سے پہلے رات بھر تیز بارش اور تیز ہواؤں نے دار الحکومت میں درجنوں درخت گرنے کے واقعات سامنے آئے۔ سرکاری چائنہ ڈیلی نے کہا کہ بدھ کی شام سے ہی صوبے کے کچھ حصوں میں کلاسز، کام، نقل و حمل اور کاروبار معطل کر دیئے گئے تھے۔ کچھ سیاحتی مقامات کو بند کر دیا گیا تھا اور ہائیکو شہر میں اس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں جمعہ کو معطل کر دی گئی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK