• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو پی: محکمہ تعلیم نے ویر عبد الحمید اسکول کو پی ایم مودی سے منسوب کردیا، فیصلہ پر شدید تنقید

Updated: February 19, 2025, 12:11 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow

غازی پور کے بی ایس اے ہیمنت راؤ نے یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور شہیدوں کی میراث کے احترام کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اتر پردیش کے غازی پور میں محکمہ تعلیم نے ۱۹۶۵ء کی ہند پاک جنگ کے ہیرو ویر عبدالحمید کے اعزاز میں ان سے منسوب اسکول کا نام بدل کر "پی ایم شری کمپوزٹ ودیالیہ دھاموپور" رکھ دیا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد انتظامیہ کو شہید کے اہل خانہ اور سیاسی لیڈران کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جنہوں نے اس اقدام کو ملک کیلئے ویر عبد الحمید کی قربانی کی توہین قرار دیا ہے۔ 

ویر عبدالحمید کے پوتے جمیل عالم نے اسکول کے نام کی تبدیلی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کیلئے ان کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ان کے دادا کے نام پر اسکول کا نام رکھا گیا تھا۔ عالم نے اس اقدام کو حکام کی "من مانی اور توہین آمیز" قرار دیا۔ عالم نے بیسک ایجوکیشن آفیسر (بی ایس اے) کے پاس ایک سرکاری شکایت درج کرائی اور اسکول کا اصل نام بحال کرنے کیلئے فوری کارروائی پر زور دیا۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے مبینہ طور پر واضح کیا کہ ویر عبدالحمید کا نام اسکول کے دستاویزات میں سرکاری طور پر درج نہیں تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: مودی کے دورہ ٔ امریکہ کے باوجود ٹرمپ نے ہندوستانی تارکین وطن کو زنجیروں میں جکڑ کر ہی روانہ کیا

شکایت کے جواب میں غازی پور کے بی ایس اے ہیمنت راؤ نے اس مسئلہ کو تسلیم کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور شہیدوں کی میراث کے احترام کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر طریقہ کار میں کسی کوتاہی کا پتہ چلا تو وہ مناسب کارروائی کریں گے۔ 

اسکول کا نام تبدیل کرنے پر اپوزیشن لیڈروں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکمران بی جے پی، جان بوجھ کر مسلم آزادی پسندوں اور جنگ کے ہیروز کے تعاون کو مٹا رہی ہے۔ کانگریس لیڈر چندر شیکھر آزاد راون نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نام تبدیل کرنے کو "قابل مذمت" اور "عظیم جنگجو کی یادگار کی توہین" قرار دیا۔ آزاد راون نے اسکول کے اصل نام کی بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ محکمہ نے اس اقدام کے ذریعے شہیدوں کیلئے قوم کے احترام پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اپوزیشن نے بھگدڑ کو اجتماعی قتل سے تعبیر کیا، ریلوے وزیر کے فوری استعفیٰ کی مانگ

کانگریس ایم پی عمران پرتاپ گڑھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس اقدام کی مذمت کی اور ویر عبدالحمید کے اعزاز میں اسکول کا نام بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ادارے کو ہیرو کی یادگار کے طور پر محفوظ رکھے۔ اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے رائے نے حکومت پر قومی ہیروز کی قربانیوں کا مذاق اڑانے کا الزام لگاتے ہوئے اسے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک مخصوص سیاسی ایجنڈے کے مطابق تاریخی ریکارڈ پر نظر ثانی کے وسیع پیمانے پر خدشات کو جنم دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK